• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

'انگلینڈ سے سیریز میں سرفراز، اظہر اور اسد کا کردار اہم ہو گا'

شائع May 22, 2018
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعرات سے لارڈز میں کھیلا جائے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعرات سے لارڈز میں کھیلا جائے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: قومی ٹیم کے سابق عظیم بلے باز یونس خان نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اظہرعلی، سرفراز احمد اور اسد شفیق کا کردار اہم ہو گا اور پاکستان کے لیے انگلینڈ کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں ہرانا آسان نہیں ہو گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعرات سے لارڈز میں کھیلا جائے گا اور قومی ٹیم کے سابق یونس خان نے سیریز میں قومی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید ظاہر کی ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران یونس خان نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم اپنی سرزمین پر ہمیشہ خطرناک حریف ثابت ہوئی ہے اور گرین شرٹس کے لیے اسے ٹیسٹ سیریز میں ہرانا آسان نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سیریز میں فتح کے لیے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ دار احسن طریقے سے نبھانا ہو گی اور قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے بازوں اظہر علی اور اسد شفیق کے ساتھ ساتھ کپتان سرفراز احمد کا کردار بھی اہم ہو گا۔

پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ سنچریوں اور زیادہ رنز کا اعزاز رکھنے والے یونس نے کہا کہ سرفراز احمد بہترین قائد ہیں اور مشکل وقت میں دباؤ کو جھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ کپتان کے ساتھ ساتھ اظہرعلی اور اسدشفیق کا سیریز میں کردار اہم ہو گا۔

قومی ٹیم کی بیٹنگ کے حوالے سے سابق کپتان نے کہا کہ میرے خیال میں اظہرعلی اچھی فارم میں ہیں جبکہ اسد کو بھی چاہیے کہ وہ بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش کریں۔

تجربہ کار بلے باز نے نوجوان بابر اعظم کو مستقبل کا اسٹار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بابر بھی ابھرتے ہوئے اسٹار ہیں اور وہ ناصرف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی عمدہ پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ بابر اعظم کو دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب کرنے پر سلیکشن کمیٹی کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا کیونکہ اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں وہ کچھ قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے لیکن آئرلینڈ کے خلاف میچ میں انہوں نے دوسری اننگز میں مشکل وقت میں 59رنز کی اننگز کھیل کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔

یونس نے بھی بابر اعظم کو ٹیسٹ کرکٹ کے لیے موزوں قرار دیتے ہوئے کہا کہا مجھے پوری امید ہے کہ وہ انگلینڈ کی کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔

سابق کپتان نے دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگوں کو ٹیم کی کارکردگی پر تشویش ہے لیکن میرے خیال میں ہماری ٹیم سیریز کے لیے پوری طرح سے تیار ہے، اس لیے مجھے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024