• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ملالہ ڈے پر ‘گل مکئی‘ کی جھلک

شائع July 12, 2018
فلم میں بھارتی چائلڈ اسٹار ریم سمیر شیخ نے ملالہ کا کردار ادا کیا ہے—فوٹو: اسکو نیوز
فلم میں بھارتی چائلڈ اسٹار ریم سمیر شیخ نے ملالہ کا کردار ادا کیا ہے—فوٹو: اسکو نیوز

دنیا کی کم ترین نوبل انعام یافتہ اور دنیا بھر کی لڑکیوں کی تعلیم کے لیے سرگرم کارکن ملالہ یوسف زئی ہر سال 12 جولائی کو اپنا جنم دن مناتی ہے۔

آج ان کے 21 ویں جنم دن اور اقوام متحدہ کی جانب سے 2013 میں ان کے پیدائش کے دن پر منائے جانے والے عالمی دن ‘ملالہ ڈے’ پر ان کی زندگی پر بننے والی بولی وڈ فلم کا پہلا ٹیزر ٹریلر جاری کردیا گیا۔

ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ‘گل مکئی’ کے جاری کیے گئے ڈیڑھ منٹ دورانیے کے ٹیزر ٹریلر میں ان کی ابتدائی زندگی کے دنوں اور افغانستان و پاکستان کے قبائلی علاقہ جات میں طالبان کی جنگ کو دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر کے آغاز میں ہی بولی وڈ اداکار کبیر بیدی کی پس پردہ آواز سنائی دیتی ہے، جو اسلام میں جہاد اور پھر پاکستان اور افغانستان میں طالبان کی جانب سے کیے گئے حملوں اور جنگ کی بات کرتے سنائی دیتے ہیں۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کبیر بیدی کی آواز ختم ہوتے ہے ملالہ یوسف زئی کی آواز سنائی دیتی ہے جو اپنی والدہ سے اپنے نام کا مطلب پوچھتے ہوئے کہتی ہیں کہ ان کے نام کے معنی تو غمزدہ کے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملالہ کی زندگی پر فلم

ملالہ کا سوال ختم ہوتے ہی ان کی والدہ بولتی ہوئی سنائی دیتی ہیں، وہ اپنی معصوم بیٹی کو اپنے نام کا مطلب سناتے ہوئے ماضی کا قصہ سناتی ہیں۔

ان کی والدہ اپنی بیٹی کو پاکستان کے پڑوسی ملک افغانستان پر برطانوی حملے کا قصہ سناتے ہوئے کہتی ہیں کہ اس وقت ملالئی نے اپنے ملک کے فوجیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے حجاب اتار کر ان کی حوصلہ افزائی کے لیے لکھنا شروع کیا، جس پر فوج میں حوصلہ بڑھا اور وہ ہمت سے لڑنے لگے۔

ٹریلر میں ملالہ یوسف زئی اور اس کی والدہ کی آوازیں پس پردہ سنائی دیتی ہیں، جب کہ اس دوران عکس بندی کے لیے ملالہ یوسف زئی اور افغانستان میں جنگ کے مناظر کو دکھایا گیا ہے۔

فلم ساز امجد خان کی اس فلم میں بھارت کی چائلڈ اسٹار 16 سالہ ریم سمیر شیخ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کے روپ میں نظر آئیں گی۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ریم شیخ کی یہ پہلی فلم ہوگی، اس سے قبل وہ متعدد بھارتی ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

فلم میں ملالہ یوسف زئی کی والدہ کا کردار اداکارہ دیویا دتا کرتی دکھائی دیں گی۔

فلم میں عطل کلکرنی نوبل انعام یافتہ ملالہ کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم میں مولانا فضل اللہ، بیت اللہ محسود اور صوفی محمد سمیت متعدد طالبان رہنماؤں کو بھی مختصر کردار میں دکھایا جائے گا۔

فلم کی ٹیم نے ابھی فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم امکان ہے کہ اسے رواں برس کے آخر تک ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کا ٹریلر ملالہ یوسف زئی کی 21 ویں سالگرہ اور پانچویں ملالہ ڈے پر ریلیز کیا گیا۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام 2013 سے ہر سال 12 جولائی کو ملالہ یوسف زئی کے جنم دن کے موقع پر ملالہ ڈے منایا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024