• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

آن لائن چینی کمپنی علی بابا کے چیئرمین نے عہدہ چھوڑ دیا

شائع September 8, 2018
جیک ما نے 1999 میں علی بابا کی شروعات کی تھی—فوٹو: اے ایف پی
جیک ما نے 1999 میں علی بابا کی شروعات کی تھی—فوٹو: اے ایف پی

دنیا کی معروف ترین آن لائن ای کامرس کمپنیوں میں سے ایک چینی کمپنی ‘علی بابا’ کے شریک بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین جیک ما نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا۔

جیک ما کی جانب سے اپنے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے اعلان نے پوری دنیا کے کاروباری اداروں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے، تاہم معروف کاروباری نشریاتی اداروں نے لکھا ہے کہ ان کی جانب سے عہدے کو چھوڑنا ایک دور کا اختتام نہیں بلکہ نئے دور کا آغاز ہوگا۔

خیال رہے کہ53 سالہ جیک ما نے دیگر 18 افراد کے ساتھ مل کر 1999 میں معروف آن لائن کامرس ویب سائیٹ ’علی بابا’ کو بنایا تھا۔ اس ویب سائیٹ کو بنانے کا مقصد چین کی مصنوعات کو عالمی منڈیوں اور دیگر ممالک تک آسانی سے پہنچانا تھا۔

ابتدائی چند سالوں میں اس کمپنی کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اس وقت علی بابا کا شمار دنیا کی بڑی آن لائن ای کامرس کمپنیوں اور ویب سائیٹس میں ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کمپنی علی بابا کا نیا ریکارڈ قائم

ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت علی بابا کے کل وقتی ملازمین کی تعداد 66 ہزار ہے اور اس کے اثاثوں کی ویلیو 4 سو 20 ارب ڈالر (پاکستانی 420 کھرب روپے سے زائد) ہے۔

جیک ما جہاں اس کمپنی کے شریک بانی تھے، وہیں انہوں نے گزشتہ کئی سال سے اس کمپنی کے اعلیٰ ترین عہدے یعنی ایگزیکٹو چیئرمین پر کام کرتے ہوئے کمپنی کو مزید تقویت بخشی۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق جیک ما نے علی بابا کے ایگزیکٹو چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

مزید پڑھیں: ’دراز ‘کو چین کی کمپنی علی بابا نے خرید لیا

رپورٹ کے مطابق جیک ما اب علی بابا کے لیے خدمات دینے کے بجائے تعلیم اور انسانی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبوں پر کام کرنا چاہتے ہیں۔

ایگزیکٹو چیئرمین کے عہدے سے ریٹائرمنٹ لیے جانے کے باوجود جیک ما علی بابا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن بھی ہوں گے اور وہ اس کمپنی کے شریک بانی بھی رہیں گے۔

جیک ما کے بعد اس عہدے پر کس کو تعینات کیا جائے گا، یہ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم امکان ہے کہ جلد ہی دوسرے چیئرمین کی تقرری کا اعلان کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024