یوٹیوب پر صارفین سب سے زیادہ کونسی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں؟
گوگل کی ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب نے صارفین کے لیے مواد دریافت کرنے کے حوالے سے چند بڑی تبدیلیاں خاموشی سے کردی ہیں۔
اب یوٹیوب کے ٹرینڈنگ سیکشن کو 5 کیٹیگریز میں تقسیم کردیا گیا ہے، میوزک، لائیو، گیمنگ، موویز اور ایک مین سیکشن۔
خیال رہے کہ ٹرینڈنگ ویڈیوز یوٹیوب ویب سائٹ پر بائیں جانب ہوتی ہیں جبکہ یوٹیوب ایپ میں نیچے ہوم کے برابر میں دیکھی جاسکتی ہیں۔
اس سے قبل یوٹیوب ٹرینڈنگ میں صرف وہ ویڈیوز ڈسپلے کی جاتی تھیں جو کہ صارف کے ملک میں زیادہ دیکھی جارہی ہوتی تھیں۔
مزید پڑھیں : یوٹیوب کی 11 کارآمد ٹرکس
یوٹیوب کے مطابق سائٹ کا الگورتھم ان ویڈیوز کے لیے تعین کے لیے متعدد عناصر کو مدنظر رکھتا ہے، جیسے ویو کاﺅنٹ اور دیگر۔
اب یوٹیوب میں تمام کیٹیگریز میں الگورتھم ان تمام عناصر کو مدنظر رکھ کر متعلقہ موضوع کی سب سے زیادہ ٹرینڈ ہونے والی ویڈیوز کو دکھا رہی ہے۔
اس کے علاوہ یہ تو دیکھا جا ہی سکتا ہے کہ پاکستان یا کسی بھی ملک میں کونسی ویڈیو سب سے زیادہ ٹرینڈ ہورہی ہے۔
اس نئی تبدیلی کا مقصد یوٹیوب کی جانب سے صارفین کو تازہ ترین مواد تلاش کرنے میں مدد دینا ہے جو عام طور پر ہوم پیج پر نظر نہیں آتا۔
یہ بھی پڑھیں : یوٹیوب کی یہ تبدیلیاں پسند کریں گے؟
جیسے لائیو ٹرینڈنگ میں مختلف نیوز چینیلز کی لائیو نشریات یا ایشیا کپ کے میچ کی کمنٹری اور اسکور وغیرہ کو دکھایا جارہا ہے۔
میوزک میں مختلف گانے دیکھے جاسکتے ہیں جو یوٹیوب کے خیال میں پاکستانی زیادہ شوق سے دیکھ رہے ہیں۔
موویز پر فلموں کے ٹریلرز کا راج نظر آتا ہے جبکہ گیمنگ میں مختلف گیمز کی ویڈیوز موجود ہیں۔