• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

صنم بلوچ کی اچانک شادی اور پھر علیحدگی؟

شائع October 13, 2018
اداکارہ نے اچانک شادی کی وجہ بھی بتادی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے اچانک شادی کی وجہ بھی بتادی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

رواں برس اپریل میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکارہ و میزبان صنم بلوچ نے شوہر عبداللہ فرحت سے علیحدگی اختیار کرلی۔

یہ خبریں اس وقت گردش کرنے لگی تھیں، جب اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے نام سے شوہر کا نام نکال دیا تھا۔

صنم بلوچ اور ان کے شوہر کے درمیان علیحدگی کی خبریں وائرل ہونے کے بعد اداکارہ کے پبلک ریلیشن مینیجر نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

تاہم اب پہلی بار اداکارہ نے خود شوہر سے علیحدگی اور ان سے اچانک شادی پر کھل کر بات کی ہے۔

اداکارہ و میزبان ثمینہ پیرزادہ کے چیٹ شو ‘اسپیک یوئر ہرٹ ود ثمینہ پیرزادہ’ میں بات کرتے ہوئے صنم بلوچ نے انکشاف کیا کہ انہیں شادی سے کچھ ہی عرصہ قبل عبداللہ فرحت سے محبت ہوئی تھی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کا شادی کا کوئی ارادہ نہیں تھا، تاہم جب وہ عبداللہ ایک نجی چینل میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے سے ملے تو دونوں میں محبت ہوگئی اور جلد ہی انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا صنم بلوچ کی شوہر سے علیحدگی کی افواہیں درست ہیں؟

صنم بلوچ نے عبداللہ فرحت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک بہترین انسان اور اچھا دوست قرار دیا، تاہم مبہم انداز میں انہوں نے ان سے علیحدگی کی بات بھی کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب بھی وہ بہترین دوست ہیں، عبداللہ فرحت جہاں بھی رہیں گے، انہیں یقین ہے، اداکارہ کے لیے اچھا اور بہتر ہی سوچیں گے۔

صنم بلوچ کے مطابق وہ بھی عبداللہ فرحت سے متعلق اچھا اور بہتر ہی سوچتی ہیں، اگر وہ کامیاب ہوں گے تو انہیں خوشی ہوگی اور ان کی ناکامی انہیں تکلیف پہنچائے گی۔

اداکارہ نے واضح طور پر عبداللہ فرحت سے طلاق کی بات نہیں کی، تاہم انہوں نے ان کا ذکر ماضی کے طور پر کیا، جن سے لگتا ہے کہ ان دونوں میں علیحدگی ہوچکی ہے۔

میزبان نے ان سے پوچھا کہ کیا اب بھی وہ بہترین دوست ہیں، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ایک دوسرے کے لیے اچھا سوچتے اور کرتے رہیں گے۔

صنم بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ’انہیں ایسے مرد پسند ہیں، جو واقعی میں مرد ہوں’۔

اداکارہ نے وضاحت کی کہ سچا مرد وہ ہوتا ہے، جو جھوٹ نہ بولے، جو اپنی غلطی تسلیم کرے، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج کل کے دور میں انہیں خواتین ہی مرد لگتی ہیں۔

پروگرام میں صنم بلوچ نے اپنے خاندان سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والدین میں بھی اس وقت علیحدگی ہوگئی تھی، جب وہ محض 3 سال کی تھیں۔

مزید پڑھیں: صنم بلوچ کے کیریئر پر ایک نظر

انہوں نے انکشاف کیا کہ والدین کی علیحدگی کے بعد وہ 12 سال بعد اپنے والد سے ملیں، انہوں نے اپنی والدہ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بہادر قرار دیا اور تسلیم کیا کہ ان کی والدہ کے دوسرے شوہر نے بھی انہیں والد کی طرح پیار دیا۔

صنم بلوچ کے مطابق وہ مجموعی طور پر 6 بہن بھائی ہیں اور وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے کیریئر کا آغاز سندھی میڈیا سے بطور میزبان کیا تھا، بعد ازاں انہیں فہد مصطفیٰ نے کال کی کہ ان کے دوست کو ‘کلنک’ ڈرامے میں ایک معصوم لڑکی کا کردار ادا کرنے والی لڑکی کی تلاش ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ اس میں اداکاری کریں۔

صنم بلوچ کے مطابق انہیں اپنی بڑی بہن نے مشورہ دیا کہ وہ اس کردار کو لازمی کریں، جس کے بعد ہی انہوں نے اداکاری میں قدم رکھنے سمیت اردو میڈیا میں کیریئر شروع کیا۔

اپنی گفتگو میں صنم بلوچ نے بتایا کہ وہ 6 زبانیں بولنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے اپنے بچپن اور طالب علمی کے زمانے کے واقعات بھی سنائے۔

خیال رہے کہ صنم بلوچ نے 2013 میں اداکار عبداللہ فرحت سے شادی کی اور رواں برس کے آغاز میں ہی ان دونوں کی علیحدگی کی خبریں سامنے آئیں۔

عبداللہ فرحت نے تاحال اس معاملے پر کوئی بات نہیں کی، جب کہ صنم بلوچ نے پہلی بار مبہم انداز میں علیحدگی کی بات کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024