• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

2018 کی بہترین پاکستانی فلمیں

جاندار اداکاری کے ساتھ ساتھ بہترین موضوعات کو بھی ان پاکستانی فلموں کے ذریعے سامنے لایا گیا۔
شائع December 14, 2018

2018 پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے کافی مثبت ثابت ہوا، اس سال کافی شاندار فلمیں سینما گھروں میں پیش کی گئیں۔

ان فلموں میں پاکستان کے کئی نامور اداکاروں نے کام کیا، ان موویز میں نہ صرف مضبوط کہانیوں کو پیش کیا گیا، بلکہ متعدد فلموں میں خواتین کے مضبوط کرداروں کو بھی دکھایا گیا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ پاکستان فلم انڈسٹری میں فلموں کی پروڈکشن میں بھی اضافہ ہوا ہے، رواں برس بھی کئی فلمیں بنیں، جن میں سے کئی فلمیں شائقین میں مقبول ہوئیں۔

جوانی پھر نہیں آنی-2

فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ پاکستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے، جسے رواں سال عیدالفطر پر سینما گھروں میں دو اور فلموں کے مدمقابل ریلیز کے لیے پیش کیا گیا تھا، تاہم اس فلم نے باقی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

فلم کی کامیڈی اور روماونی کہانی نے تو ناظرین کو متاثر کیا ہی، تاہم فلم کی کاسٹ کی بہترین کارکردگی کی تعریف نہ کرنا یقیناً اس کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔


’جوانی پھر نہیں آنی 2‘میں اداکاروں کی جاندار اداکاری


فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں ہمایوں سعید، واسع چوہدری اور احمد علی بٹ نے تو کام کیا ہی تاہم حمزہ علی عباسی کی وجہ اس فلم میں فہد مصفطیٰ کو کاسٹ کیا گیا، جو یقیناً پروڈیوسر اور ہدایت کار کا سب سے بہترین فیصلہ ثابت ہوا۔

جوانی پھر نہیں آنی میں موجود کامیڈی نے سینما گھروں میں ناظرین کو نہ صرف ہنسنے پر مجبور کیا، بلکہ ہر اداکار کو ایک بہترین کردار دے کر پروڈیوسرز اور ہدایت کار نے خوب داد سمیٹی۔

یہ 2015 میں سامنے آنے والی کامیڈین فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا سیکوئل تھی، اور اس فلم کو رواں سال کی سب سے بہترین فلم کہنا غلط نہیں ہوگا۔

لوڈ ویڈنگ

رواں سال عید پر ہدایت کار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی میرزا کی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ بھی ریلیز ہوئی، جس میں فہد مصفطیٰ اور مہوش حیات نے مرکزی کردار نبھائے۔

اگر فلم لوڈ ویڈنگ کے حوالے سے یہ کہا جائے کہ یہ ایک ایسی فلم ہے جسے اگر کئی بڑی فلموں جتنی اہمیت ملتی، تو شاید یہ آج پاکستان کی سب سے زیادہ کمائے والی فلم ثابت ہوتی تو غلط نہیں ہوگا۔

ہدایت کار کے مطابق فلم لوڈ ویڈنگ کو عید کے دوران سینما گھروں کی ناانصافی کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ یہ تھی کہ دوسری ریلیز فلموں کو زیادہ اہمیت دی گئی، تاہم سینما مالکان کے مطابق فلم کی مارکیٹنگ کمزور تھی جس کی وجہ سے اسے کم اسکرینز پر پیش کیا گیا۔


لوڈ ویڈنگ بھارتی فلم فیسٹیول کے لیے نامزد


لوڈ ویڈنگ نبیل قریشی کی ایک اور بہترین فلم ہے، جس میں موجود کاسٹ نے اپنی شاندار پرفارمنسز سے لوگوں کا دل جیت لیا۔

اس فلم کی کہانی ایک ایسے لڑکے پر مبنی ہے جو کسی سے محبت تو کرتا تھا لیکن اپنی بہن کی شادی ہونے سے قبل اس سے شادی نہیں کرسکتا تھا۔

ہمیشہ کی طرح نبیل قریشی نے اس فلم میں بھی شادیوں کے حوالے سے عوام کو سماجی پیغام دینے کی کوشش کی۔

طیفا ان ٹربل

فلم ’طیفا ان ٹربل‘ پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر کی اپنے ملک کی ڈیبیو فلم تھی، علی ظفر نے بولی وڈ کی فلموں میں تو اپنے کام سے خوب داد وصول کی تھی اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو ان کی اس فلم سے بھی کئی توقعات وابستہ تھیں اور علی ظفر ان توقعات پر پورا بھی اترے۔

طیفا ان ٹربل میں علی ظفر کے ہمراہ مایا علی نے مرکزی کردار نبھایا، ان دونوں کی اداکاری کے ساتھ ساتھ جوڑی کو بھی خوب سراہا گیا۔


’طیفا ان ٹربل‘ کا نیا ریکارڈ قائم


یاد رہے کہ فلم ’طیفا ان ٹربل‘ اس وقت سامنے آئی تھی جب گلوکارہ نے علی ظفر پر انہیں جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد کئی افراد نے فلم کے خلاف مظاہرے بھی کیے۔

اس کے باوجود علی ظفر کی فلم باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی، جبکہ اس کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے سینما مالکان نے اسے طویل وقت تک اسکرینز پر پیش کیا۔

فلم میں علی ظفر کے کام کو خوب سراہا گیا، جبکہ کامیڈین اور رومانوی کہانی بھی تعریف کے قابل رہی۔

کیک

اس فلم نے صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔

فلم کیک کی کہانی ایک خاندان کے گرد گھومتی ہے، جو کئی چھوٹے چھوٹے تنازعات میں گھرا نظر آتا ہے، تاہم فلم میں شامل جذباتی، کامیڈی اور رومانوی مناظر کی وجہ سے اس فلم کو دیگر فلموں سے منفرد قرار دیا گیا تھا۔

فلم کی کاسٹ میں صنم سعید، محمد احمد، فارس خالد، بیو ظفر، حرا حسین اور آمنہ شیخ شامل تھیں۔


’کیک‘ جو بہت میٹھا نہیں، مگر پھیکا بھی نہیں


فلم کی سب سے بڑی خوبی، اس کی کہانی کا رواں اور آسان ہونا تھا، اس کو مقبولیت دینے کے لیے کوئی اسکینڈل نہیں گھڑا گیا، فلم میں کوئی آئٹم سونگ نہیں شامل کیا گیا، نہ ہی کوئی اور طرح کا حربہ آزمایا گیا، سیدھی سیدھی فلم نمائش کے لیے پیش کردی گئی اور حیرت انگیز طور پر نتیجہ مثبت رہا، فلم کو پاکستانی اور عالمی میڈیا میں متناسب توجہ اور پسندیدگی حاصل ہوئی۔

کیک کی کاسٹ کو ان کی شاندار کارکردگی کے لیے بھی خوب سراہا گیا، جبکہ فلم میں ایک خاندان کے درمیان ہونے والے جذباتی لمحات کو بھی خاصہ پسند کیا گیا۔

عاصم عباسی کی ہدایات میں بننے والی اس فلم نے بین الاقوامی سطح پر کئی ایوارڈز بھی حاصل کیے۔

پرواز ہے جنون

جس وقت فلم ’پرواز ہے جنون‘ کے بننے کا اعلان کیا گیا تو لوگوں کو اس بات کی زیادہ امید نہیں تھی کہ فلم باکس آفس پر شاندار کمائی حاصل کرلے گی، اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ ایسی کئی فلمیں اس سے قبل بھی پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جاچکی ہیں جنہوں نے خاصہ اچھا بزنس نہیں کیا۔

لیکن پرواز ہے جنون کی ریلیز کے بعد کچھ اور ہی دیکھنے میں آیا، فلم نے نہ صرف باکس آفس پر شاندار کمائی حاصل کی بلکہ اسے تجزیہ کاروں کے مثبت ریویوز بھی موصول ہوئے۔


‘پرواز ہے جنون’ پروپیگنڈا فلم نہیں، حمزہ علی عباسی


فلم میں رومانوی، کامیڈی اور حب الوطنی جیسے جذبات کو پیش کیاگیا اور یہی وجہ ہے کہ پاکستانی ناظرین بڑی تعداد میں فلم سینما گھروں پر دیکھنے گئے۔

فلم کی کاسٹ میں ہانیہ عامر، حمزہ علی عباسی، احد رضا میر نے مرکزی کردار نبھائے، اداکاروں کی اداکاری کو خوب سراہا گیا، جبکہ کہانی اور بھی خاصہ پسند کیا گیا۔

پاک فضائیہ کی مشترکہ پروڈکشن کے ساتھ بنائی جانے والی اس فلم کو عید کے دوران دو اور بڑی فلموں کے مدمقابل پیش کیا گیا، اس کے باوجود فلم ناظرین کے دلوں میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔

ڈونکی کنگ

ڈونکی کنگ کو پاکستان کی سب سے بہترین اینیمیٹڈ فلم کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔

اس فلم کی کہانی جنگل کے ایک ایسے گدھے پر مبنی ہے، جسے ایک چالاک لومڑی اپنی سازش کے تحت جنگل کا راجا بنادیتی ہے، جسے ایسا لگتا ہے کہ یہ گدھا جنگل کے لیے کچھ نہیں کرپائے گا، تاہم ہوتا کچھ اور ہی ہے۔


چالاک لومڑی اور معصوم گدھے کی کہانی ’دی ڈونکی کنگ‘


اس فلم میں کرداروں کے لیے پاکستان کے کئی نامور اداکاروں نے اپنی آوازیں دی، جن میں حنا دلپزیر، افضل خان، جاوید شیخ اور عدیل ہاشمی جیسے اداکار شامل ہیں۔

فلم کا مرکزی کردار منگو منگو جان منگو صرف بچوں کے درمیان ہی نہیں بلکہ بڑوں میں بھی کافی مقبول رہا۔

موٹر سائیکل گرل

موٹر سائیکل گرل یقیناً کمائی کے حوالے سے اتنی کامیاب تو نہیں ہوئی، جتنی پاکستان کی رواں سال ریلیز ہونے والی دوسری فلمیں ہوئیں، تاہم عدنان سرور کی ہدایات میں بننے والی فلم نے لوگوں کے دل کو چھوا ضرور۔

فلم کی کاسٹ میں سوہائے علی آبڑو، علی کاظمی، ثمینا پیرزادہ، سرمد کھوسٹ شامل ہیں۔


سوہائے علی ابڑو ’موٹر سائیکل گرل‘ بن گئیں


ناظرین نے نہ صرف فلم میں موجود اداکاروں کی کارکردگی کو سراہا بلکہ اس کی دل چھولینے والی کہانی کو بھی کافی پسند کیا۔

فلم موٹرسائیکل گرل ایک ایسی بیٹی کی کہانی ہے جو اپنے والد کے پاکستان کے شمالی علاقوں کا موٹر سائیکل پر دورہ کرنے کے خواب کو پورا کرتی ہے اور ایسا کرنے کے لیے اسے کئی مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

اس فلم میں خواتین کو سوسائٹی میں ہونے والی مسائل کو بھی پیش کیا گیا۔

پرچی

کسی فلم میں ایک خاتون کو ایکشن کرتے دیکھنا کم ہی نظر آتا ہے، تاہم فلم پرچی میں اس اداکارہ حریم فاروق کو دیگر اداکاروں سے زیادہ مضبوط کردار میں پیش کرکے فلم پرچی کے ہدایت کار نے خوب داد وصول کی۔

اس فلم میں حریم فاروق نے لوگوں کو اپنے منفرد انداز سے حیران تو کیا، تاہم کئی ناظرین نے ان سے بہتر اداکاری کی توقع بھی کی۔


حریم فاروق کی نئی مزاحیہ فلم ’پرچی‘


پرچی میں دیگر کاسٹ کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔

سات دن محبت ان

فلم سات دن محبت ان کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ اس فلم میں ہمیشہ رونے دھونے والے کردار کرتی ماہرہ خان کو نہایت منفرد انداز میں پیش کیا گیا۔

ماہرہ خان نے نہ صرف فلم میں کامیڈی کی بلکہ وہ اپنے حق کے لیے لوگوں کا مقابلہ کرتی بھی نظر آئیں۔


’سات دن محبت ان‘ کی باکس آفس پر شاندار کمائی


ماہرہ خان کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں موجود جاوید شیخ اور شہریار منور نے بھی یادگار پرفارمنسز دیں۔

جبکہ موسیقی کو بھی خوب پسند کیا گیا۔