• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھارت میں بچوں کی حفاظت اور مستقبل کیلئے پریشان ہوں، نصیرالدین شاہ

شائع December 20, 2018 اپ ڈیٹ December 24, 2018
بھارت میں تشدد کا زہر پھیل چکا ہے، اداکار—فائل فوٹو: فیس بک
بھارت میں تشدد کا زہر پھیل چکا ہے، اداکار—فائل فوٹو: فیس بک

بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناانصافی یا پھر طاقتور افراد کی جانب سے کمزور لوگوں پر ظلم و ستم کرنا کوئی نئی بات نہیں۔

اگرچہ بھارت سمیت دنیا بھر کے تمام ممالک میں اقلیتوں کو خدشات رہتے ہیں اور کمزور کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد پر طاقتور اور بااثر کمیونٹی کے لوگ حکم چلاتے نظر آتے ہیں۔

تاہم بھارت میں گزشتہ چند سال سے پرتشدد سیاست اور ہجوم کی جانب سے عام لوگوں کو قتل کیے جانے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

کچھ دن قبل ہی بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ہجوم کے ہاتھوں پولیس افسر کی ہلاکت نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔

بولی وڈ کے ورسٹائل اور میگا اسٹار اداکار نصیر الدین شاہ نے ہجوم کے ہاتھوں پولیس افسر کے قتل کے واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ آج کے بھارت میں وہ اپنے بچوں کی حفاظت اور مستقبل کے لیے بے فکر ہیں۔

نصیر الدین شاہ نے رواں ماہ کے آغاز میں بلند نامی شہر میں مشتعل ہجوم کے تشدد سے پولیس اہلکار کے قتل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک گائے کو ذبح کیے جانے کو پولیس اہلکار کے قتل سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق ایک تازہ انٹرویو میں نصیر الدین شاہ نے وضاحت کی کہ چوں کہ انہوں نے اپنے بچوں کو کوئی مذہبی تعلیم نہیں دی اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا کوئی مذہب نہیں، کل اگر کوئی ان کا راستہ روک کر ان سے پوچھے کہ وہ مسلمان ہیں یا ہندو تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہوگا۔

رتنا پھاٹک شاہ ان کی دوسری بیوی ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
رتنا پھاٹک شاہ ان کی دوسری بیوی ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

بولی وڈ اداکار کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اچھائی اور برائی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا، اگرچہ انہوں نے بچوں کو زیادہ مذہبی تعلیم نہیں دی، تاہم انہوں نے بچوں کو قرآن شریف کی چند آیتیں یاد کروانے سمیت عقائد سے متعلق کچھ معلومات دی ہے۔

نصیرالدین شاہ کے مطابق انہوں نے تو اچھی مذہبی تعلیم حاصل کی تھی، تاہم ان کی اہلیہ رتنا پھاٹک شاہ نے اتنی مذہبی تعلیم نہیں لی، کیوں کہ وہ ایک ایڈوانس سیکولر خاندان سے تعلق رکھتی تھیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بھی اپنے بچوں کی مذہبی تعلیم پر اتنی اہمیت نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: نصیرالدین شاہ کے دلچسپ انکشافات

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اس ملک میں رہ کر نفرت کا زہر برداشت کیا ہے، یہاں ایک گائے کو ذبح کرنے کے معاملے پر قتل ہوجاتے ہیں۔

اداکار اہل خان کے ساتھ—اسکرین شاٹ/یوٹیوب
اداکار اہل خان کے ساتھ—اسکرین شاٹ/یوٹیوب

نصیر الدین شاہ نے بھارت میں بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عام لوگوں کے ہجوم کے ہاتھوں پولیس افسر کی ہلاکت بڑی معنی رکھتا ہے۔

انہوں نے آج کل کے بھارت کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں اپنے بچوں کی حفاظت اور مستقبل کے لیے خطرہ قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنے بچوں کے حوالے سے بہت زیادہ پریشان رہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’نصیرالدین شاہ کو کامیاب لوگ پسند نہیں‘

خیال رہے کہ 69 سالہ نصیر الدین شاہ کے تین بچے ہیں، انہوں نے دو شادیاں کیں۔

نصیر الدین شاہ نے پہلی شادی مراد پروین نامی خاتون سے کی جو فوت ہوگئیں، انہوں نے دوسری شادی اداکارہ رتنا پھاٹک شاہ سے 1982 میں کی۔

نصیر الدین شاہ کو تین بچے ہیں، انہوں نے درجنوں کلاسک اور آرٹ فلموں میں شاندار اداکاری کی۔

ان کی اہلیہ بھی نامور اداکارہ ہیں، جنہوں نے بھی درجنوں فلموں میں شاندار اداکاری کی۔

دونوں اداکاروں نے 1982 میں شادی کی—فوٹو: پنک ولا
دونوں اداکاروں نے 1982 میں شادی کی—فوٹو: پنک ولا

تبصرے (1) بند ہیں

IRFAN Dec 20, 2018 04:25pm
The only man with courage to speak truth.

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024