عمران ہاشمی نے خود پر لگے ’بے ہودہ الزامات‘ پر خاموشی توڑ دی
سماجی مسئلے پر بنائی گئی فلم ’وائے چیٹ انڈیا‘ کی تشہیر میں مصروف بولی وڈ اداکار عمران ہاشمی اگرچہ پہلے ہی اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ ان کی زیادہ تر فلمیں ان کا بیٹا بھی نہیں دیکھتا۔
اگرچہ عمران ہاشمی تھرلر اور ایکشن فلموں میں بھی نظر آتے ہیں، تاہم انہیں زیادہ تر بولڈ فلموں کا ہیرو مانا جاتا ہے اور انہیں’سیریل کسر‘ کے طور پر جانا جاتا ہے۔
عمران ہاشمی کی زیادہ تر رومانوی فلموں میں ایسے متعدد مناظر ہوتے ہیں، جن میں وہ انتہائی بولڈ انداز اپنائے ہوئے ہوتے ہیں تاہم وہ اپنی ایسی فلموں سے پریشان بھی ہیں۔
عمران ہاشمی ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ وہ بولڈ فلم میں کام کرنے اور بوسے کے مناظر عکس بند کروانے کے بعد ہر بار اپنی اہلیہ کو خوش اور خاموش کرنے کے لیے ایک قیمتی بیگ کا تحفہ دیتے ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے کی عمر چوں کہ بہت کم ہے اور ان کی فلمیں ایسی ہوتی ہیں کہ وہ بچے نہیں دیکھ سکتے، اس لیے ان کا بیٹا ان کی فلمیں نہیں دیکھتا، بلکہ 4 سال کی عمر تک ان کے بیٹے کو علم ہی نہیں تھا کہ ان کا والد کیا کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران ہاشمی کی فلمیں ان کا بیٹا بھی نہیں دیکھتا
تاہم اب ایک بار پھر انہوں نے خود پر لگے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے تو صرف ایک عادت یا رواج کو فروغ دینے کا کردار ادا کیا۔
پنک ولا کے مطابق عمران ہاشمی نے شوبز ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں اس بات سے اتفاق نہیں کیا کہ وہ بوسے کے مناظر کے خالق ہیں، بلکہ انہوں نے کہا کہ وہ تو صرف اس عمل کو فروغ دینے میں کردار ادا کرتے رہے۔
عمران ہاشمی نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ انہیں فلموں میں بوسے کے مناظر فلمانے میں کوئی حرج اور پریشانی نہیں ہوتی، تاہم شوٹنگ کے بعد ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
انٹرویو کے دوران عمران ہاشمی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ فلم پروڈیوسرز نے ان کے بوسے والے مناظر کے ذریعے ہی فلموں کی تشہیر کی۔
مزید پڑھیں: اداکارہ کا عمران ہاشمی کے ساتھ فلم کرنے سے انکار
عمران ہاشمی نے دعویٰ کیا کہ فلم ساز فلموں کی تشہیر کے دوران ان کے مناظر کو غلط طریقے سے پیش کرتے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ نئی نسل کی خواہشات کے مطابق کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم ساتھ ہی انہیں یہ خدشہ بھی ہے کہ ان کے بیٹے جب بڑے ہوں گے تو کیا ہوگا۔
خیال رہے کہ عمران ہاشمی کی فلموں میں ’فٹ پاتھ، زہر، کل یگ، اکثر، گینگسٹر، جنت، راز، مرڈر 2، جنت 2، ڈرٹی پکچر، ایک تھی ڈائن، راز 3 اور ونس اپون ٹائم ان ممبئی جیسی تھرلر اور بولڈ فلمیں شامل ہیں۔
عمران ہاشمی نے بادشاہو، اظہر، ہماری ادھوری کہانی، انگلی اور گھن چکر جیسی سیاسی و سماجی موضوعات پر بنی فلموں میں بھی کام کیا ہے، تاہم انہیں بولڈ ہیرو تسلیم کیا جاتا ہے۔
گزشتہ برس ان کی اجے دیو گن کے ساتھ آنے والی پولیٹیکل تھرلر فلم ’بادشاہو‘ نے اچھا بزنس کیا، تاہم اس فلم کے کچھ بولڈ اور تھرلر مناظر کو بھی سینسر بورڈ نے فلم سے خارج کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ان دنوں وہ اپنی آنے والی سوشل ایشو پر بنائی گئی ڈرامہ فلم ’وائے چیٹ انڈیا‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جسے رواں ماہ 25 جنوری کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔