• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

’بھارتی طیاروں کے پے لوڈ سے 19 درخت ضائع ہوئے‘

شائع March 8, 2019
محکمہ جنگلات نے بالاکوٹ میں بھارتی حملے سے ہونے والے نقصانات پر رپورٹ جاری کردی۔
فوٹو: آئی ایس پی آر
محکمہ جنگلات نے بالاکوٹ میں بھارتی حملے سے ہونے والے نقصانات پر رپورٹ جاری کردی۔ فوٹو: آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا کے محکمہ جنگلات کے مطابق بالاکوٹ میں بھارتی طیاروں نے 2 مقامات پر پے لوڈز گرائے جس کی وجہ سے 19 درخت ضائع ہوئے۔

محکمہ جنگلات نے بالاکوٹ میں بھارتی حملے سے ہونے والے نقصانات پر رپورٹ جاری کردی۔

سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر عارف خان کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ پے لوڈ کے گرائے جانے کے فوری بعد فوج، صحافی اور مقامی افراد جائے وقوع پر پہنچے۔

ان کا کہنا تھا کہ جابا گزارا جنگل کے 2 مقامات پے لوڈز کی زد میں آئے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ جب پے لوڈ گرائے گئے اس وقت جنگلات کے محافظ اپنی معمول کی ڈیوٹی پر مامور تھے۔

مزید پڑھیں:بالاکوٹ میں بھارتی جارحیت: عالمی تحقیقی اداروں کی جانی نقصان کی تردید

رپورٹ میں کہا گیا کہ ’یہ بھارتی حملے سے ہونے والے نقصانات کا ابتدائی تخمینہ ہے اور مزید تحقیقات کی ضرورت ہے‘۔

رپورٹ میں بھارتی حکومت کے کالعدم تنظیم جیش محمد کے کیمپ کو نشانہ بنائے جانے اور 350 افراد ہلاک کرنے کے دعوے کو یکسر مسترد کیا گیا۔

خیال رہے کہ عالمی تحقیقی اداروں نے بھی بالاکوٹ میں بھارت کی جارحیت میں کسی جانی نقصان کی تردید کی تھی۔

برطانوی اخبار 'دی گارجین' کی رپورٹ میں آزاد ذرائع سے حاصل ہونے والی سیٹلائٹ تصاویر کے بعد پاکستان میں جارحیت کے بھارتی دعووں پر شک و شبے کا اظہار کیا گیا۔

اٹلانٹک کونسل کی ڈیجیٹل فرانزک ریسرچ لیب نے بھارت کی جارحیت کی جگہ کی شناخت کی اور وہاں ہونے والے نقصان کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کا بالاکوٹ جارحیت کے شواہد پیش کرنے سے انکار

برطانوی اخبار دی گارجین کی رپورٹ میں بھارتی جارحیت سے کئی روز قبل اور بعد کی سیٹلائٹ تصاویر کا موازنہ کیا گیا اور نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ جس مقام پر ہریالی تھی اس جگہ جارحیت کا اثر نظر آیا تاہم اطراف کے اسٹرکچرز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

گروپ کے ساتھ منسلک معاون محقق مائیکل شیلڈون نے کہا تھا کہ 'آزاد ذرائع سے حاصل ہونے والے شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ بھارت کی جارحیت ناکام ہوئی۔'

واضح رہے کہ 26 فروری کو بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے طیاروں نے پاکستان کی حدود میں داخل ہوکر فضائی حملہ کرکے جیش محمد کا کیمپ تباہ کردیا ہے۔

بھارتی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ فضائی حملے میں 300 سے 350 جیش محمد کے جنگجو ہلاک ہوئے تھے۔

بعد ازاں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بھارت کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی دراندازی پر پاک فضائیہ کے بر وقت رد عمل سے وہ بالاکوٹ کے جنگلات میں اپنا پے لوڈ گرا کے بھاگنے پر مجبور ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024