• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

عمر اکمل پی سی بی کے ورلڈ کپ پلان سے باہر

شائع April 4, 2019 اپ ڈیٹ April 11, 2019
عمر اکمل نے آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں ہونے والی سیریز میں 150 رنز بنائے تھے — فوٹو: پی سی بی
عمر اکمل نے آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں ہونے والی سیریز میں 150 رنز بنائے تھے — فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ 2019 سے قبل فٹنس ٹیسٹ کے لیے 23 کھلاڑیوں کو طلب کر لیا جس میں عمر اکمل کا نام شامل نہیں۔

فٹنس ٹیسٹ کے لیے پی سی بی کے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، عابد علی، آصف علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم، امام الحق، محمد عباس، محمد عامر، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، شعیب ملک، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ 15 اور 16 اپریل کو لیے جائیں گے جس کے بعد ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان 18 اپریل کو متوقع ہے۔

مزید پڑھیں: عمر اکمل کو آخری میچ سے قبل رات گئے باہر رہنے پر جرمانے کا سامنا

خیال رہے کہ عمر اکمل کو طویل عرصے بعد آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور پانچوں میچوں میں انہیں موقع فراہم کیا گیا، لیکن ان کی کارکردگی ٹیم کے لیے باعث اطمینان ثابت نہ ہوسکی اور ٹیم کو سیریز میں عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

عمر اکمل نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 30 کی اوسط سے 150 رنز بنائے اور سیریز کے پہلے میچ میں کھیلی گئی 48 رنز کی اننگز ان کا سب سے بڑا اسکور تھا، جبکہ انہوں نے آخری میچ میں 43 رنز بنائے تھے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے عمر اکمل نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا اور گلیڈی ایٹرز نے لیگ کا چوتھا سیزن جیت کر نئے چمپیئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وائٹ واش کے باوجود مکی آرتھر ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن

واضح رہے کہ عمر اکمل پر آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ سے قبل ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رات دیر تک ٹیم کے ہوٹل سے باہر رہنے پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

پی سی بی کے مطابق عمر اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے فعل پر معذرت کی اور ٹیم منیجر طلعت علی کی جانب سے دی گئی سزا کو قبول کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024