محبت کرنے پر گھر سے نکال دیا گیا، والد نے تشدد کیا، ریتک کی بہن
بولی وڈ ایکشن ہیرو ریتک روشن کی بڑی بہن 47 سالہ سنینا روشن نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی جانب سے مسلمان شخص سے محبت کرنے پر گھر والوں نے ان کی زندگی جہنم بنادی۔
سنینا روشن کا یہ انکشاف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ گذشتہ 2 ہفتوں سے متعلق ان کی جسمانی و ذہنی صحت سے متعلق بھارتی میڈیا میں خبریں چل رہی ہیں۔
رواں برس 10 جون کو ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ریتک روشن کی بہن کو بائی پولر ڈس آرڈر (ذہنی بیماری) کی وجہ سے تشویش ناک حالت میں ہسپتال داخل کرایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سنینا روشن کو آئندہ کچھ گھنٹوں تک انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا جائے گا، تاہم بعد ازاں یہ خبریں آئیں کہ ریتک روشن کی بہن کی حالت بہتر ہے اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
رپورٹس تھیں کہ سنینا روشن کافی عرصے سے کبھی افسردگی، کبھی انتہائی خوش اور کبھی انتہائی ہیجان میں چلی جاتی ہیں اور ان کا پہلے بھی علاج ہوتا رہا ہے۔
سنینا روشن کو ممکنہ طور پر اس بیماری کا سامنا 2013 میں اپنی سرجری کے بعد ہوا تھا۔
نیوز 18 کے مطابق سنینا روشن کی 2013 میں برین سرجری کی گئی تھی اور آپریشن کے بعد بائی پولر ڈس آرڈر کا شکار ہوگئی تھیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں ان کی حالت تشویش ناک ہوگئی تو انہیں ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔
ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد سنینا روشن کی صحت سے متعلق اداکارہ کنگنا رناوٹ کی بہن رنگولی رناوٹ نے ٹوئیٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ ان کی جسمانی صحت پر درست نہیں، ان پر تشدد کیا جا رہا ہے۔
کنگنا رناوٹ کی بہن نے ٹوئٹر پر یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ ریتک روشن کی بہن نے ان کی بہن سے مدد بھی مانگی تھی، کیوں کہ اہل خانہ نے ان کی مدد کرنے سے انکار کردیا تھا۔
کنگنا رناوٹ کی بہن نے انکشاف کیا تھا کہ سنینا روشن کو اہل خانہ کی جانب سے محض اس لیے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کیوں کہ وہ ایک مسلمان صحافی سے روہیل امین سے محبت کرتی ہیں۔
ہسپتال سے ڈسچارج ہونے اور کنگنا رناوٹ کی بہن کی جانب سے ٹوئٹر پر انکشافات کیے جانے پر اب ریتک روشن کی بہن سنینا نے خاموشی توڑتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ان سے متعلق آنے والے تمام خبریں درست ہیں۔
شوبز ویب سائٹ ’پنک ولا‘ کو دیے گئے انٹرویو میں 47 سالہ سنینا روشن نے انکشاف کیا کہ مسلمان صحافی سے محبت کرنے کی وجہ سے ان کا خاندان ان کا مخالف ہوگیا اور انہیں ڈرایا دھمکایا گیا، جس وجہ سے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئیں۔
سنینا روشن نے والد فلم ساز راکیش روشن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کے والد نے مسلمان شخص سے محبت کرنے کے جرم میں تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں کہا کہ وہ جس شخص سے محبت کرتی ہیں وہ دہشت گرد ہے۔
سنینا روشن نے اعتراف کیا کہ انہیں ایک سال قبل ہی مسلمان صحافی روحیل امین سے محبت ہوئی اور پہلی بار ان کا رابطہ فیس بک کے ذریعے ہوا تھا۔
سنینا روشن نے گھر والوں پر مزید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خرچے کے پیسے بھی مکمل نہیں دیے جاتے تھے اور کچھ دن قبل ہی انہوں نے والد سے پیسے مانگے تو انہوں نے محض 50 ہزار روپے دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پورا مہینا چلاؤ۔
فلم ساز راکیش روشن کی بیٹی کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی ریتک روشن نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انہیں گھر دلوا کر دیں گے، تاہم اب وہ انہیں کرائے پر حاصل کیے گئے گھر کے کرائے کے لیے ماہانہ ڈھائی لاکھ روپے بھی ادا نہیں کر رہے۔
سنینا روشن نے انٹرویو میں کنگنا رناوٹ کی طرفداری کرتے ہوئے کہا کہ یہ سچ ہے کہ وہ ان کے پاس مدد کے لیے گئیں تھیں، کیوں کہ وہ ایک خاتون بھی ہیں اور وہ خواتین کی مدد کرنے کا جذبہ بھی رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اداکارہ کنگنا رناوٹ اور بھائی ریتک روشن کے درمیان تعلقات اور اختلافات کی زیادہ معلومات نہیں، تاہم وہ جانتی ہیں کہ کنگنا رناوٹ سچ بول رہی ہیں۔
سنینا روشن نے بتایا کہ اب وہ الگ رہتی ہیں، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ گھر والوں کی جانب سے کم پیسے ملنے کے باوجود وہ گھر کا کرایہ کیسے ادا کرتی ہیں اور باقی اخراجات کس طرح مکمل کرتی ہیں؟
سنینا روشن کی بظاہر کوئی آمدنی نہیں ہے، وہ والدین کے ساتھ رہتی تھیں، وہ ریتک روشن سے 2 سال بڑی اور طلاق یافتہ ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سنینا روشن کو ایک 23 سالہ بیٹی سرانیکا روشن بھی ہیں جو انہیں ان کے پہلے شوہر فیشن ڈزانر آشش سونی سے ہوئی تھی۔
سنینا روشن کی پہلی شادی بیٹی کے پیدائش کے چند سال بعد 2000 میں طلاق پر ختم ہوئی جس کے بعد سنینا روشن کے نام مختلف افراد کے ساتھ جوڑے جاتے رہے۔
پہلی شادی کی ناکامی کے بعد سنینا روشن کے تعلقات ایک کاروباری شخص بھی رہے، تاہم بعد ازاں انہوں نے 2009 میں ریئل اسٹیٹ کے صنعت کار موہن نگر سے شادی کی، تاہم ان کی دوسری شادی بھی محض چند سال کے اندر ختم ہوگئی اور برین آپریشن سے قبل ہی 2013 میں ان کی طلاق ہوگئی۔
دوسری شادی ختم ہونے کے بعد سنینا روشن کے تعلقات ٹی وی اداکار راجیو پال سے بھی رہے، تاہم ان سے بھی ان کے تعلقات ختم ہوئے اور اب انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں مسلمان صحافی روحیل امین سے محبت ہے۔
ماضی میں سنینا روشن کے اہل خانہ اور خاص طور پر بھائی ریتک روشن سے بہترین تعلقات رہے ہیں اور وہ انتہائی خوشگوار موڈ میں ان کے ساتھ دکھائی دیتی رہی ہیں۔
سنینا روشن نے جس مسلمان صحافی کو اپنا دوست بتایا ہے، ان سے متعلق اطلاعات ہیں کوہ بھارت کے کاروباری جریدے ’بزنس ورلڈ‘ میں ایڈیٹوریل پر خدمات سر انجام دیتے ہیں۔
اطلاعات ہیں کہ روحیل امین کی عمر ریتک روشن کی بہن سے کم ہے، تاہم دونوں کی عمر میں بہت زیادہ فرق نہیں ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں