• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
KandNs Publishing Partner

ورلڈ کپ: عماد نے بازی پلٹ دی، افغانستان کو شکست

شائع June 29, 2019 اپ ڈیٹ June 30, 2019
عماد وسیم نے دوچ وکٹیں لینے کے بعد 49رنز بھی بنائے— فوٹو: رائٹرز
عماد وسیم نے دوچ وکٹیں لینے کے بعد 49رنز بھی بنائے— فوٹو: رائٹرز
اوپننگ بلے باز امام الحق اسٹمپ ہونے کے بعد وکٹوں کی جانب دیکھ رہے ہیں— فوٹو: اے پی
اوپننگ بلے باز امام الحق اسٹمپ ہونے کے بعد وکٹوں کی جانب دیکھ رہے ہیں— فوٹو: اے پی

افغانستان کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میں پاکستان نے عماد وسیم کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3وکٹوں سے شکست دے دی۔

ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

افغان بلے بازوں نے میچ کے ابتدائی اوور میں جارحانہ بیٹنگ کی تاہم شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں افغان اوپنر گلبدین نائب کو آؤٹ کردیا، جس کے بعد آنے والے کھلاڑی حشمت اللہ شاہیدی پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

2 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد افغان ٹیم کو اوپنر رحمت شاہ نے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ 35 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تاہم 3 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے باوجود افغان ٹیم نے جارحانہ انداز میں کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھا اور اکرام اور اشرف افغان نے 18.1 اوور میں ٹیم کا اسکور 100 رنز تک پہنچا دیا۔

دونوں افغان کھلاڑیوں کے درمیان 65 رنز کی پارٹنر شپ کو بریک شاداب خان نے لگایا اور 121 کے مجموعی اسکور پر اشرف افغان 42 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے، جس کے بعد آنے والے کھلاڑی بھی زیادہ مزاحمت نہیں کرسکے اور 125 کے اسکور پر آدھی افغان ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں 2 افغان کھلاڑیوں کو پویلین لوٹا دیا—فوٹو: رائٹرز
شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں 2 افغان کھلاڑیوں کو پویلین لوٹا دیا—فوٹو: رائٹرز

آدھی ٹیم کے پولین لوٹنے کے بعد افغان ٹیم کو محمد نبی اور نجیب اللہ نے سہارا دیا اور دونوں کھلاڑیوں نے 35 اوورز تک افغان ٹیم کا اسکور 159 رنز تک پہنچا دیا۔

تاہم 167 کے مجموعی اسکور پر وہاب ریاض کی گیند پر محمد عامر نے افغان بلے باز محمد نبی کا زبردست کیچ پکڑ کر انہیں پویلین کا راستہ دکھایا۔

اس کے بعد سمیع اللہ شنواری اور نجیب اللہ زدران نے بقیہ اوورز بیٹنگ کرنے کی حکمت عملی اپنائی اور ساتویں وکٹ کے لیے 35رنز جوڑے لیکن افغانستان کے 200رنز مکمل ہوتے ہی نجیب اللہ اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 42رنز بنائے۔

شاداب خان نے اشرف افغان کو 42 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی—فوٹو: اے پی
شاداب خان نے اشرف افغان کو 42 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی—فوٹو: اے پی

راشد خان نے 8 رنز بنائے تھے لیکن شاہین آفریدی کی آہستہ کی گئی گیند سمجھنے میں ناکام رہے اور فخر زمان کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ حامد حسن بھی ایک رن ہی بنا سکے۔

افغانستان کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 227رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4وکٹیں لیں جبکہ وہاب ریاض اور عماد وسیم نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں اننگز کی دوسری ہی گیند پر فخر زمان وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے، فخر نے فیصلے کے خلاف ریویو لیا لیکن یہ کوشش بھی انہیں آؤٹ ہونے سے نہ بچا سکی اور پاکستان ریویو سے بھی محروم ہو گئی۔

ابتدائی نقصان کے بعد امام الحق اور بابر اعظم نے سنبھل کر بیٹنگ کی اور ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 72رنز کی شراکت قائم کی۔

امام اسپنرز کے خلاف پوری اننگز میں مشکلات سے دوچار نظر آئے اور محمد نبی کو کریز سے نکل کر کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپ ہو گئے، انہوں نے 36رنز بنائے۔

ابھی قومی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ نبی نے اپنی ٹیم کو اہم ترین کامیابی دلاتے ہوئے ان فارم بابر اعظم کو باولڈ کردیا، انہوں نے 45رنز بنائے۔

حفیظ کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 40 رنز کی شراکت قائم کی لیکن تجربہ کار حفیظ ایک مرتبہ پھر وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے اور قومی ٹیم 121رنز پر چوتھی وکٹ گنوا بیٹھی۔

حارث اور سرفراز نے اسکور ابھی 142تک ہی پہنچایا تھا کہ راشد خان کی گیند پر وکتوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں حارث آؤٹ قرار پائے، انہوں نے 27 رنز بنائے۔

اس موقع پر قومی ٹیم کی تمام تر امیدیں کپتان سرفراز احمد سے وابستہ تھیں لیکن وہ ایک غیرضروری رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

اس موقع پر عماد کا ساتھ دینے شاداب آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 50رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی میچ میں واپسی کا سامان کیا لیکن اس مرحلے پر ایک غیرضروری رن کی کوشش میں شاداب رن آؤٹ ہو کر پویلین سدھار گئے۔

عماد وسیم کا ساتھ دینے وہاب ریاض آئے اور راشد خان کو شاندار چھکا لگا کر پاکستان کی فتح کی راہ ہموار کی اور پھر عماد نے دو گیندوں قبل چوکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرا دیا، عماد وسیم نے ناقابل شکست 49رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

عماد وسیم کو دو وکٹیں لیے کے ساتھ ساتھ 49 رنز کی فتح گر اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ آسٹریلیا، بھارت اور نیوزی لینڈ بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024