• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
KandNs Publishing Partner

روہت اور راہل کی سنچری، بھارت نے سری لنکا کو شکست دے دی

شائع July 6, 2019 اپ ڈیٹ July 7, 2019
روہت شرما اور لوکیش راہل نے 189رنز کی اوپننگ شراکت قائم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا— فوٹو: رائٹرز
روہت شرما اور لوکیش راہل نے 189رنز کی اوپننگ شراکت قائم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا— فوٹو: رائٹرز

بھارت نے روہت شرما اور لوکیش راہل کی سنچریوں کی بدولت ورلڈ کپ میں اپنے آخری گروپ میچ میں سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لیڈز میں کھیلے جا رہے میچ میں بھارت کے خلاف سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔ سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو 55 رنز پر ان کے ابتدائی 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

جسپریت بمراہ نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے سری لنکن اوپنرز کو چلتا کردیا جس کے بعد پانڈیا نے آوشکا فرنینڈو اور رویندرا جدیجا نے کوشل مینڈس کو چلتا کی۔

اس موقع پر ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز اینجلو میتھیوز کا ساتھ دینے لہیرو تھری مانے آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 124رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریوں مکمل کیں جس کے بعد تھری مانے 53رنز کی اننگز کھیل کر کلدیپ یادو کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے میتھیوز نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور دھننجیا ڈی سلوا کے ہمراہ 74رنز کی اہم شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ون ڈے کرکٹ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی۔

میتھیوز 2 چھکوں اور 10 چوکوں سے مزین 113رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد بمراہ کی تیسری وکٹ بنے۔

سری لنکا کے اینجلو میتھیوز سنچری کی تکمیل پر جشن منا رہے ہیں— فوٹو: رائٹرز
سری لنکا کے اینجلو میتھیوز سنچری کی تکمیل پر جشن منا رہے ہیں— فوٹو: رائٹرز

اختتامی اوورز میں سری لنکن بلے باز زیادہ تیز رفتاری سے رنز نہ کر سکے اور سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجیا ڈی سلوا 29، دمتھ کرونارتنے 10، کوشل پریرا 18 اور آوشکا فرنینڈو 20 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 189رنز کی شراکت قائم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔

روہت شرما نے عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور ورلڈ کپ میں ریکارڈ ساز پانچویں سنچری اسکور کی، وہ 103رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

دوسرے اینڈ پر موجود لوکیش راہل نے بھی بہترین کھیل پیش کیا اور ورلڈ کپ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا، وہ 11 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ ریشابھ پانٹ صرف 4رنز بنا سکے۔

بھارت نے 39 گیندوں قبل ہی باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔

روہت شرما کو ان کی شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024