انگلینڈ کے نئے کوچ کے عہدے کیلئے مکی آرتھر بھی امیدوار
انگلینڈ نے کوچ ٹریور بیلس کے معاہدے کے اختتام کے بعد نئے کوچ کے ناموں پر غور کردیا ہے اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
رواں سیزن ایشز سیریز کے اختتام پر ٹریور بیلس کے معاہدے کا اختتام ہو جائے گا اور انہوں نے مزید کوچنگ جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے سبب انگلینڈ نے کوچنگ میں دلچسپی کے خواہاں متعدد امیدواروں سے بات کی ہے۔
انگلینڈ کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ایشلے جائلز نے کوچنگ میں دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کے نام بتائے اور اس فہرست میں مکی آرتھر کا نام بھی شامل ہے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی انگلش ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے ورلڈ کپ کے دوران اس بارے میں انگلش بورڈ کو آگاہ کیا۔
مکی آرتھر قومی ٹیم سے قبل اپنے آبائی وطن جنوبی افریقہ کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں۔
موجودہ دور میں کوچز ٹی20 لیگز میں پرکشش معاہدوں کے سبب کسی ایک یا دو فارمیت میں ٹیم کی کوچنگ کے خواہاں ہیں لیکن انگلینڈ اپنی ٹیم کی بھاری مصروفیات کے باوجود تینوں فارمیٹ کے لیے ایک ہی کوچ رکھنا چاہتا ہے۔
مکی آرتھر کے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ کے ایک اور سابق کوچ اوٹس گبسن اور 2011 کا ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے کوچ گیری کرسٹن بھی امیدواروں کی فہرست کا حصہ ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے اوٹس گبس جنوبی افریقہ کی کوچنگ سے قبل انگلینڈ کے باؤلنگ کوچ رہ چکے ہیں جبکہ گیری کرسٹن اس انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز رائل چیلنجر بنگلور سے وابستہ ہیں۔