• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

افغانستان نے تاریخ رقم کردی، بنگلہ دیش کو ٹیسٹ میچ میں شکست

شائع September 9, 2019 اپ ڈیٹ September 14, 2019
افغانستان کے کپتان راشد خان نے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
افغانستان کے کپتان راشد خان نے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

افغانستان نے کپتان راشد خان کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو واحد ٹیسٹ میچ میں 224رنز سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں دوسری فتح حاصل کر لی۔

چھتو گرام میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور رحمت شاہ کی سنچری کے ساتھ ساتھ اصغر افغان اور راشد خان کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 342 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم مومن الحق کی نصف سنچری اور مصدق حسین کے 48رنز کے باوجود پہلی اننگز میں صرف 205 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور مہمان ٹیم نے 137 رنز کی اہم برتری حاصل کی۔

دوسری اننگز میں ابراہیم زدران اور اصغر افغان نصف سنچریوں کے ساتھ ساتھ افسر زازئی کے 48رنز کی بدولت افغان ٹیم 260رنز بنانے میں کامیاب رہی اور بنگلہ دیش کو فتح کے لیے 398رنز کا مشکل ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آئی اور چوتھے دن کے اختتام پر 136 رنز پر 6 وکٹیں گنوا کر شکست کے دہانے پر پہنچ گئی تھی البتہ کپتان شکیب الحسن آخری امید کی شکل میں وکٹ پر موجود تھے۔

میچ کی صبح ایسا محسوس ہوتا تھا کہ افغانستان کی ٹیم کو بنگلہ دیش کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگے گی لیکن اس موقع پر بارش بنگلہ دیش کی مدد کو آ گئی اور میچ تاخیر سے شروع ہوا۔

ابھی چند اوورز کا کھیل ہی ہوا تھا کہ ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کردی اور چائے کے وقفے تک کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا جس کے بعد میچ ڈرا ہونے کے امکانات روشن ہو گئے۔

بارش اور گیلے گراؤنڈ کے بعد میچ پیر کی دوپہر دوبارہ شروع ہوا تو افغانستان کے کپتان راشد خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرا کی جانب گامزن میچ میں اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

افغانستان کو ابتدا میں ہی اس وقت کامیابی ملی جب شکیب 44 رنز بنانے کے بعد ظاہر خان کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد مہدی حسن میراز اور سومیا سرکار نے کچھ دیر تک مزاحمت کی لیکن راشد کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے ان کی ایک نہ چلی اور میچ کے اختتام سے محض 4اوورز قبل پوری بنگلہ دیشی ٹیم 173رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

افغانستان کی جانب سے پہلی اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے راشد خان نے دوسری اننگز میں بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 6 وکٹیں لے کر میچ میں مجموعی طور پر 11وکٹیں لیں۔

یہ افغانستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دوسری ٹیسٹ کی فتح ہے اور واحد ٹیسٹ میچ ہونے کی بدولت انہوں نے سیریز جیتنے کا بھی اعزاز حاصل کر لیا۔

راشد خان کو ان کی فتح گر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ افغانستان نے رواں سال مارچ میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024