جسٹس گلزار احمد نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس گلزار احمد نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ عدالت عظمیٰ کے جسٹس مشیر عالم نے جسٹس گلزار احمد سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں عدالت عظمیٰ کے ججز اور وکلا نے شرکت کی۔
![ . ](جسٹس گلزار احمد نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا)
واضح رہے کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بیرون ملک دورے سے واپسی تک جسٹس گلزار احمد ان کے فرائض انجام دیں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے بیرون ملک جانے پر عدالت عظمیٰ کے سینئر ترین جج ان کا عہدہ سنبھالتے ہیں۔
اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ جسٹس گلزار احمد قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تمام ادارے خراب ہوچکے، ملک کا نظام ایڈہاک ازم پر چل رہا ہے، جسٹس گلزار
جسٹس گلزار احمد کا شمار سپریم کورٹ کے سینئر ترین ججز میں ہوتا ہے اور وہ اگلے چیف جسٹس بھی ہوں گے۔
20 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بعد سپریم کورٹ کے اگلے چیف جسٹس کا عہدہ جسٹس گلزار احمد سنبھالیں گے اور وہ یکم فروری 2022 تک ریٹائر ہوجائیں گے۔
جسٹس گلزار احمد کی بات کریں تو وہ اپنے سخت ریمارکس کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں۔