• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ایک ہفتے میں دوسری بار ڈان اخبار کے اسلام آباد بیورو کا گھیراؤ

شائع December 6, 2019 اپ ڈیٹ December 7, 2019
ڈان اخبار کو نذر آتش کی گئی کاپیوں کا ایک عکس— فوٹو مبارک زیب خان
ڈان اخبار کو نذر آتش کی گئی کاپیوں کا ایک عکس— فوٹو مبارک زیب خان
مظاہرین نے دفتر کے باہر ڈان اخبار کی کاپیاں بھی نذر آتش کیں— فوٹو: نوید صدیقی
مظاہرین نے دفتر کے باہر ڈان اخبار کی کاپیاں بھی نذر آتش کیں— فوٹو: نوید صدیقی

مظاہرین نے جمعہ کو پاکستان کے سب سے بڑے انگریزی روزنامہ ڈان اخبار کے اسلام آباد بیورو کا گھیراؤ کر کے ڈان میڈیا گروپ کے خلاف نعرے بازی کی اور رواں ہفتے میں دوسری بار کیے گئے اس محاصرے کے دوران ڈان اخبار کی کاپیاں بھی نذر آتش کی گئیں۔

ڈان اخبار کے اسلام آباد دفتر کے باہر گاڑیوں میں آئے تقریباً 100افراد نے دفتر کا محاصرہ کیا، پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تھی البتہ 40 منٹ بعد مظاہرین خود ہی منتشر ہو گئے۔

مزید پڑھیں: ڈان اسلام آباد کے دفتر کا گھیراؤ

ڈان کے ایڈیٹر ظفر عباس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد میں ڈان کے دفتر کے باہر ایک مرتبہ پھر منظم منصوبہ بندی کے تحت مظاہرہ کیا گیا، وہی لوگ، وہی یکساں لہجہ، تعداد میں زیادہ اور داخلی راستے کو بند کردیا، ہم نے پولیس کو مطلع کیا اور انہیں بتایا کہ ہمارے اسٹاف اور املاک کی حفاظت آپ کی ذمہ داری ہے، امید ہے کہ حکومت میں سے کوئی مداخلت کرے گا۔

انہوں نے اپنی دوسری ٹوئٹ میں کہا کہ ڈان کی چند کاپیاں نذر آتش کرنے کے بعد یہ لوگ منتشر ہو گئے ہیں، ہر کسی کو احتجاج کا حق ہے تاہم اس وقت تک جب تک وہ اشتعال نہ پھیلائیں۔

دوسری جانب انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ نے اپنے بیان میں دھمکی آمیز مظاہرے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈان، آزادی صحافت کا علمبردار ہے اور پاکستان کو اپنے صحافیوں کی حفاظت یقینی بنانی چاہیے۔

یہ رواں ہفتے کے دوران دوسرا موقع ہے کہ نامعلوم افراد نے ڈان کے اسلام آباد دفتر کا گھیراؤ کیا۔

یہ مظاہرہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا جب محض چند گھنٹے قبل ہی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے پولیس کو ہدایت کی تھی کہ وہ پیر کو کیے گئے ڈان کے اسلام آباد دفتر کے محاصرے کی تحقیقات کرے۔

پی ایف یو جے کی مذمت

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) نے اپنے بیان میں ڈان کے دفتر پر تازہ حملے کی شدید مذمت کی۔

پی ایف یو جے نے مطالبہ کیا کہ ‘لوگوں کے اس گروپ کو گرفتار کیا جائے جس نے حملہ کیا، ڈان میڈیا گروپ کے دروازے بلاک کیے، عملے اور ادارے سے منسلک صحافیوں کو ہراساں کیا’۔

پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار علی اور سیکریٹری جنرل ناصر زیدی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ‘اس طرح کا حملہ خاص حلقوں کی جانب سے میڈیا کی زبان بندی کا واضح اور اشارہ ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘واقعہ موجودہ حکومت کی میڈیا کے اداروں اور صحافی برادری کو مکمل طور پر تحفظ اور سیکیورٹی دینے میں ناکامی کو ظاہر ہوتا ہے’۔

حکومت کی خاموشی پر سوالیہ نشان ہے، ترجمان مسلم لیگ (ن)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ڈان اخبار کی بندش، دھمکیوں اور عملے کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر حکومت کی خاموشی تشویش ناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اخباروں پر حملے ہو رہے ہیں اور عمران صاحب اور ان کے جھوٹے ترجمان غائب ہیں، ڈان اخبار پر حملے، محاصرے اور دھمکیاں موجودہ حکومت کی فسطائیت اور آمریت کا کھلا ثبوت ہے'۔

مریم اورنگ ازیب نے کہا کہ 'بات بات پر جھوٹ بولنے والے کرائے کے حکومتی ترجمان ڈان اخبار پر حملوں کے بعد کہاں چھپے ہوئے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ڈان اخبار کی بنیاد قائد اعظم نے رکھی تھی، اس اخبار کے ساتھ یہ سلوک شرم ناک، قابل مذمت اور افسوس ناک ہے'۔

حملوں آوروں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'میڈیا کی آزادی آئینی اور جمہوری حق ہے جو کسی کو چھیننے نہیں دیں گے، اپوزیشن میڈیا برادری کے ساتھ ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'میڈیا پر حملہ کرنے والے ہاتھ بے نقاب کیے جائیں، فسطائی سوچ رکھنے والی حکومت کو جھوٹ بولنے سے فرصت ملے تو میڈیا پر حملوں، دھمکیوں اور ہراساں کرنے کے واقعات کی تحقیقات کرائے'۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ 'میڈیا کو ہراساں کرنے میں ملوث عناصر قانون کے کٹہرے میں نہ آئے تو اس کا صاف مطلب یہ ہو گا کہ یہ سب عمران صاحب کی خواہش پر ہو رہا ہے'۔

ڈان کے خلاف احتجاج اور دھمکیاں

لندن برج پر 2 افراد کو چاقو مار کر قتل کرنے والے شخص کے پس منظر کے حوالے سے خبر شائع کرنے پر مظاہرین نے پیر کو ڈان اخبار کے اسلام آباد آفس کے باہر احتجاج کیا تھا، مظاہرین نے اخبار کے خلاف بینرز اٹھائے ہوئے تھے اور تین گھنٹے تک دفتر کا گھیراؤ کر کے ڈان اخبار کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈان دفاتر کا گھیراؤ: سینیٹ کمیٹی کی اسلام آباد پولیس کو تحقیقات کی ہدایت

ایک دن بعد کراچی پریس کلب میں چند درجن لوگوں نے ڈان کے خلاف مظاہرہ کیا اور ملازمین کو دھمکیاں دیں اور ساتھ ساتھ یہ دھمکی بھی دی کہ اگر فوری طور پر ادارے اور اس کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو وہ اخبار کے تمام دفاتر کا گھیراؤ کریں گے۔

میڈیا کی تنظیموں، نامور صحافیوں، قانون دانوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان مظاہروں اور دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گھیراؤ کا سامنا کرنے والے ڈان اخبار کے ملازمین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک دن بعد دفتر کا دورہ بھی کیا تھا۔

اس واقعے کے دو دن بعد وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھی میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں ڈان کے دفتر کے گھیراؤ کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت اس طرح کے اقدامات کی حوصلہ شکنی کرتی ہے۔

مزیدپڑھیں: پاکستانی حکام ڈان کے دفاتر کے گھیراؤ کی مذمت کریں، میڈیا کی عالمی تنظیموں کا مطالبہ

عالمی میڈیا کے نگراں ادارے 'کمیٹی ٹو پراٹیکٹ جرنلسٹ' اور 'رپورٹر وِد آؤٹ بارڈرز' نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈان کے دفاتر کے محاصروں کی مذمت کریں اور اخبار کے خلاف کیے جانے والے مظاہروں کو پرتشدد ہونے سے روکیں۔

آر ایس ایف ایشیا پیسیفک ڈیسک کے سربراہ ڈینیئل باسٹرڈ نے کہا کہ پاکستان کے صف اول کے روزنامہ کے خلاف طاقت کے استعمال کا یہ دھمکی آمیز اقدام بالکل ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دستیاب معلومات کے مطابق وفاقی حکومت اگر اس معاملے میں اشتعال انگیزی نہیں پھیلا رہی تو کم از کم وہ غیر فعال اتحادی ضرور ہے جو جمہوریت میں ناقابل قبول ہے، ہم وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان اقدامات کی مذمت کریں جہاں آزادی صحافت کی خلاف ورزی پر وہ براہ راست ذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Rizwan Dec 07, 2019 02:40am
حکومتی مجرمانہ خاموشی بلکل منظور نہی۔ ڈان کو عالمی سطح پر آزاد صحافت پر سرہایا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024