• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

بھارتی فوج کی آزاد کشمیر میں بلااشتعال فائرنگ، ایک شہری جاں بحق

شائع January 12, 2020
بھارتی فوج کی فائرنگ سے 24 سالہ شہری جاں بحق ہوگئے—فائل/فوٹو:اے ایف پی
بھارتی فوج کی فائرنگ سے 24 سالہ شہری جاں بحق ہوگئے—فائل/فوٹو:اے ایف پی

آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار سے کی گئی بھارتی فوج کی بلااشتعال شیلنگ سے 24 سالہ شہری جاں بحق ہوگیا۔

ڈپٹی کشمنر کوٹلی ڈاکٹر عمر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے ضلع کوٹلی کے گاؤں نیدھی سوہنا کو بلااشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 24 سالہ چوہدری اشتیاق جاں بحق ہوگئے جو 2020 میں بھارتی فوج کا نشانہ بننے والے آزاد کشمیر کے پہلے شہری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کنٹرول لائن پر بھارتی اشتعال انگیزی سے 2 افراد جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ ‘بھارتی فوج نے شام 5 بجے کے بعد شدید شیلنگ شروع کی جو 4 گھنٹے گزرنے کے باوجود وقفے وقفے سے جاری ہے’۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ایل او سی سے ملحقہ علاقوں کے کئی رہائشیوں کو دوسری جانب سے ہونے والی فائرنگ سے مکمل طور پر بچایا نہیں جاسکتا اور جوابی فائرنگ کے سوا کوئی چارہ نہیں جس کی وجہ سے بھی کئی افراد جان کھو بیٹھتے ہیں۔

کوٹلی میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے افسر شارق طلعت کا کہنا تھا کہ چوہدری اشتیاق اس وقت بھارتی فوج کی شیلنگ کا نشانہ بنے جب وہ گھر میں موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ایک شیل ان کے گھر کے برآمدے میں آکر گرا اور اس کے ٹکڑے لکڑی کے دروازے کو توڑتے ہوئے ان کے کمرے تک پہنچے اور ان کے پیٹ میں گھس گئے’۔

انہوں نے کہا کہ اشتیاق کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کوٹلی منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

مزید پڑھیں:پاک فوج بھارت کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے، آئی ایس پی آر

شارق طلعت کا کہنا تھا کہ بھارتی شیلنگ سے اشتیاق کی دو بکریاں بھی نشانہ بنیں۔

چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر مطاہر نیاز رانا کا کہنا تھا کہ 2020 کے آغاز پر بھی بھارتی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی بند نہیں کی اور چوہدری اشتیاق نئے سال میں بھارتی فوج کی شیلنگ سے جاں بحق پہلے شہری بن گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘غیر مسلح آبادی کو نشانہ بنانے کے باوجود بھارتی فوج کشمیریوں کے عزم کو توڑنے اور خوف زدہ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے’۔

قبل ازیں بھارت کے نئے آرمی چیف جنرل منوج مکند نروانے نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بھارتی پارلیمنٹ حکم دیتی ہے تو بھارتی فوج پاکستان کے کشمیر کے حصول کے لیے کارروائی کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 'بھارتی آرمی چیف کا آزاد کشمیر میں فوجی کارروائی کا بیان معمول کی ہرزہ سرائی ہے اور وہ اپنے لوگوں کو خوش کرنے کے لیے ایسے بیان دے رہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'بھارتی آرمی چیف کا بیان اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے'۔

یہ بھی پڑھیں:حکم ملا تو پاکستانی کشمیر کے حصول کیلئے کارروائی کرینگے، بھارتی آرمی چیف کی ہرزہ سرائی

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاک فوج، بھارت کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 26 دسمبر 2019 کو خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت اپنے داخلی مسائل اور صورت حال سے توجہ ہٹانے کے لیے آزاد جموں وکشمیر میں کوئی واردات کرسکتا ہے جس سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی آگاہ کرچکا ہوں۔

بھارتی فوج نے 26 دسمبر کو ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ بھارت کے 3 فوجیوں کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔

ایل او سی پر 19 دسمبر کو بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024