• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

وزیر خارجہ اقوامِ متحدہ کے رہنماؤں سے ملاقات کیلئے نیویارک روانہ

شائع January 15, 2020
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 15 سے 17 جنوری 2020 تک نیو یارک اور واشنگٹن کا دورہ کریں گے —تصویر: پی آئی ڈی
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 15 سے 17 جنوری 2020 تک نیو یارک اور واشنگٹن کا دورہ کریں گے —تصویر: پی آئی ڈی

نیویارک: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اقوامِ متحدہ کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے ایک روزہ دورے پر نیویارک روانہ ہوگئے جس کے بعد وہ امریکی قیادت سے ملاقات کے لیے واشنگٹن بھی جائیں گے۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ، وزیراعظم کی ہدایت پر مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے مابین جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مختلف ممالک کے دورے پر ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کی ترجمان اسٹیفنی دجارک نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ شاہ محمود قریشی کی اقوامِ متحدہ کے رہنماؤں سے ملاقات کا انتظام ’پاکستانی مشن کی درخواست‘ پر کیا گیا اور ’سیکریٹری جنرل دورے پر آئے وزرائے خارجہ سے بخوشی ملاقات کریں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ایران-امریکا کشیدگی: وزیر خارجہ کی ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات

نیویارک میں موجود عہدیداروں نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک روزہ دورے کے دوران وزیر خارجہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور جنرل اسمبلی کے صدر تجانی محمد باندے سے ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 15 سے 17 جنوری 2020 تک نیو یارک اور واشنگٹن کا دورہ کریں گے۔

اس دوران محمود قریشی نیویارک میں سیکریٹری جنرل سمیت اقوام متحدہ کی قیادت جبکہ واشنگٹن اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو، قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن اور دیگر اعلٰی حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: شاہ محمود کی سعودی ہم منصب سے ملاقات،'فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کرنا ضروری ہے'

بیان میں بتایا گیا کہ وزیر خارجہ کیپٹل ہل میں بھی ملاقات کریں گے جبکہ دورے کے دوران میڈیا، تھنک ٹینک اور امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے ملاقاتیں بھی ان کی مصروفیات میں شامل ہیں۔

امریکا میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں 5 اگست کے بھارتی یک طرفہ اقدام کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر کی تشویشناک صورتحال اور 'افغان امن عمل' سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور زیر بحث آئیں گے۔

اپنے حالیہ دورے کے دوران وزیر خارجہ ایران اور سعودی عرب جا کر ان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کر چکے ہیں جس میں انہوں نے دونوں ممالک پر تحمل سے کام لینے پر زور دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات، 'پاکستان صرف امن میں حصہ دار بن سکتا ہے'

کشمیر کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں اقوامِ متحدہ کی ترجمان نے کہا کہ امریکا اس معاملے پر مسلسل رابطے میں ہے ’ہم نے پاکستان اور بھارت دونوں سے بات کی'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ کشمیر میں کسی بھی سیاسی صورتحال میں انسانی حقوق کو بہرصورت مدِنظر رکھنے کی ضرورت ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024