• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

رائل رمبل 2020 کے ممکنہ فاتح کا نام سامنے آگیا

شائع January 24, 2020
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایونٹس میں اگر رائل رمبل کو سب سے دلچسپ قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ تیس ریسلرز کے درمیان ہونے والا مرکزی میچ میں ان افراد کو بھی دلچسپی ہوجاتی ہے جو اس کھیل کو کچھ زیادہ پسند نہیں کرتے۔

اس سال ہوسٹن میں 26 جنوری کو شیڈول اس ایونٹ میں ٹائٹل میچز سے ہٹ کر لوگوں کو اصل دلچسپی رائل رمبل مقابلے کے نتیجے میں ہی ہے، جس کا فاتح ریسل مینیا 36 میں کسی ٹائٹل میچ کا حصہ بنے گا۔

اس بار رائل رمبل میچ کی خاص بات یہ ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بروک لیسنر نے بھی خود کو اس میچ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے اور وہ رنگ میں داخل ہونے والے پہلے ریسلر ہوں گے۔

یہی وجہ ہے کہ میچ سے پہلے ہی ممکنہ کامیاب ریسلرز کے بارے میں افواہیں گردش کررہی ہیں، جس سے لوگوں میں جوش و خروش مزید بڑھ رہا ہے۔

اب اس مقابلے میں کون جیتا ہے، اس کا فیصلہ تو اتوار کی شب ہوجائے گا، مگر کون اس میں کامیاب ہوتا ہے، وہ نام لوگوں کو مایوس یا پرجوش کرے گا۔

اب تک ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے اس مقابلے کے تیس میں سے 25 ریسلرز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ 5 جگہیں ابھی تک خالی ہیں، جس میں غیرمتوقع نام سامنے آنے کا امکان ہے۔

اور جب فیورٹ ریسلرز کی بات کی جائے تو سب سے زیادہ امکانات ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک رومن رینز کے ظاہر کیے جارہے ہیں، جو کامیابی کی صورت میں ایک بار پھر چیمپئن شپ مقابلوں کا حصہ بن جائیں گے۔

درحقیقت کینسر کا علاج کرانے کے بعد واپسی کرنے والے رومن رینز گزشتہ ایک سال سے چیمپئن شپ کی دوڑ میں شامل نہیں بلکہ دوسرے درجے کے مقابلوں کا حصہ بنتے آئے ہیں۔

اور رومن رینز وہ نام ہے جو ڈبلیو ڈبلیو ای چیئمین ونس میکموہن کو بھی پسند ہے جو انہیں ایک بار پھر ریسل مینیا مین ایونٹ کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔

درحقیقت مختلف ویب سائٹس میں رائل رمبل کی پیشگوئیوں کے حوالے سے بھی رومن رینز کا نام ہی ہاٹ فیورٹ ہے جو یہ مقابلہ جیت کر ریسل مینیا میں ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بروک لیسنر یا یونیورسل چیمپئن (برے وائیٹ یا ڈینیئل برائن جن کا مقابلہ رائل رمبل میں چیمپئن شپ کے لیے ہورہا ہے) کے مدمقابل آسکتے ہیں۔

رومن رینز اس سے قبل 2015 میں بھی رائل رمبل مقابلہ جیت چکے ہیں اور اگر وہ اس سال بھی ایسا کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تو یہ دوسری بار ہوگا۔

رائل رمبل مقابلے کو سب سے زیادہ 3 بار اسٹون کولڈ نے اپنے نام کیا ہے جبکہ جان سینا، ٹرپل ایچ، رینڈی اورٹن، شان مائیکل اور ہلک ہوگن 2، دو بار یہ مقابلہ جیتنے والے ریسلر ہیں۔

رومن رینز کے بعد دوسرے نمبر پر ڈریو میکنٹائر کا نام لیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس سیٹھ رولنز نے یہ مقابلہ اپنے نام کیا تھا، اور ان کا نام بھی مقابلے سے کچھ عرصے پہلے ہی فیورٹ قرار دے دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024