• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

رواں سال حج پیکج 5 لاکھ 50 ہزار روپے تک ہونے کا امکان

شائع January 28, 2020
رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد پاکستانی حج کریں گے—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد پاکستانی حج کریں گے—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

سال 2020 میں حج بیت اللہ کی سعادت کے حصول کیلئے پیکج کی مد میں 5 لاکھ 50ہزار 200 روپے تک وصول کیے جانے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے ڈان نیوز کو دستیاب وزارت مذہبی امور کی تیار کردہ مجوزہ حج پالیسی کی دستاویز کے مطابق رواں سال حج کے لیے پاکستان کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہوگا۔

واضح رہے کہ یہ مجوزہ حج پالیسی آئندہ کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی، جس کے بعد اس کی حتمی منظوری ہوگی۔

مزید پڑھیں: رواں سال حج پیکج میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے اضافے کی تجویز

تاہم مجوزہ حج پالیسی کی دستاویز میں بتایا گیا کہ سرکاری اور نجی حج اسکیم کے مابین حج کوٹے کی تقسیم کی شرح 60 اور 40 فیصد ہوگی۔

دستاویز کے مطابق سعودی عرب سے اضافی کوٹہ ملنے کی صورت میں بھی یہ شرح 60 اور 40 فیصد کے حساب سے ہی ہوگی۔

تجویز کردہ حج پالیسی کے مطابق شمالی ریجن کے لیے مجوزہ حج پیکج 5 لاکھ 50 ہزار 200 روپے جبکہ جنوبی ریجن کے لیے 5 لاکھ 42 ہزار 200 روپے کا ہوگا۔

تاہم مجوزہ پالیسی کے مطابق عازمین کے لیے قربانی کے 24 ہزار 200 روپے کے اخراجات اختیاری (یعنی پیکج کے علاوہ) ہوں گے۔

مذکورہ دستاویز کے مطابق 70 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے ان کے محرم اور مددگاروں سمیت 10 ہزار نشتیں مخصوص کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ مجوزہ پالیسی کے مطابق وہ تمام افراد جو گزشتہ 3 برسوں یعنی 2017، 2018 اور 2019 میں قرعہ اندازی میں ناکام رہے ہیں انہیں اس مرتبہ بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا جائے گا، تاہم اس کے لیے شرط یہ ہے کہ انہوں نے اس عرصے میں نجی حج اسکیم کے تحت حج نہ کیا ہو۔

وزارت مذہبی امور کی تجویز کردہ اس پالیسی کے مطابق پہلی مرتبہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار نشستیں رکھی گئی ہیں، تاہم اگر اس معاملے میں موصول درخواستیں مذکورہ کوٹے سے زیادہ ہوئیں تو پھر قرعہ اندازی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اخراجات بڑھ گئے، اس سال حج مزید مہنگا ہوگا، وزیر مذہبی امور

تجویز کردہ پالیسی کی دستاویز میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت ملازمین کے لیے 500 نشتیں مخصوص کی گئی ہیں۔

دستاویز کے مطابق حج بدل، نفل حج کے لیے 2015 اور اس کے بعد سے سرکاری حج نہ کرنے والے درخواست دے سکیں گے۔

مجوزہ پالیسی میں بتایا گیا کہ رواں سال اسلام آباد ایئرپورٹ کے علاوہ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سے روڈ ٹو مکہ منصوبہ شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں وزارت کی جانب سے رواں سال حج پیکج میں ایک لاکھ 15 ہزار روپے اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔

سیکریٹری وزارت مذہبی امور نے کہا تھا کہ گزشتہ برس حج پیکج پر 4 لاکھ 33 ہزار روپے تک لیے، جس میں سے جو رقم بچی وہ ہر حاجی کو واپس کردی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024