• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع February 26, 2020 اپ ڈیٹ February 27, 2020
ملتان سلطانز نے رلی روسو کے 49 رنز کی بدولت ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا— فوٹو: اے ایف پی
ملتان سلطانز نے رلی روسو کے 49 رنز کی بدولت ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا— فوٹو: اے ایف پی
حیدر علی کی اہم وکٹ حاصل کرنے پر ملتان سلطانز کے کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
حیدر علی کی اہم وکٹ حاصل کرنے پر ملتان سلطانز کے کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے تماشائیوں سے بھرے ہوئے میدان میں باؤلنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق چمپیئن پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کے کپتان کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں شاہد آفریدی کے عمدہ کیچ نے ٹام بینٹن کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

کامران اکمل نے اپنی عمدہ فارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے چند اچھے شاٹس کھیل کر حیدر علی کے ہمراہ اسکور کو 35 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر وہ 15رنز بنانے کے بعد سہیل تنویر کا نشانہ بن گئے۔

تاہم چھٹے اوور کا آغاز پشاور زلمی کے لیے تباہ کن ثابت ہوا اور محمد الیاس نے پہلی گیند پر شعیب ملک کو وکٹوں کے عقب میں کیچ کرانے کے ایک گیند بعد ہی لیام لیونگسٹن کو بھی وکٹ کیپر ذیشان اشرف کی مدد سے قابو کر لیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود نوجوان حیدر علی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور لیام ڈاسن کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 44 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس موقع پر سہیل کی گیند کو باؤنڈری سے باہر پھینکنے کی کوشش میں حیدر کی 47 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

لیام ڈاسن اور وہاب ریاض نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی جس کے بعد دونوں کھلاڑی 102 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، ڈاسن نے 22 رنز بنائے۔

کپتان ڈیرن سیمی مستقل جدوجہد کرتے نظر آئے اور 13 گیندوں پر صرف دو رنز بنانے والے پشاور زلمی کے کپتان محمد عرفان کی دوسری وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد سلطانز کو زلمی کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 9 گیندوں قبل ہی 123رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سلطانز کی طرف سے سہیل تنویر 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ محمد عرفان اور محمد الیاس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں حسن علی نے پشاور زلمی کے لیے 6 رنز پر ہی جیمز وینس کی وکٹ حاصل کی جس کے بعد راحت علی نے 10 کے مجموعے پر معین علی کو پویلین بھیج کر میچ کو دلچسپ بنانے کی زبردست کوشش کی۔

ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ بھی 31 کے مجموعے پر گری جب کپتان شان مسعود 8 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر کامران اکمل کو کیچ دے گئے۔

رلی روسو نے میزبان ٹیم کی کمان سنبھالی اور ایک اچھی اننگز کھیلی لیکن جب انہوں نے 47 رنز بنائے تھے تو ایک آسان کیچ بھی گرایا گیا، ذیشان اشرف نے 12 رنز بنا کر ان کا مختصر وقت تک ساتھ دیا اور 47 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

خوشدل شاہ نے ایک خوب صورت اننگز کھیلی اور 29 گیندوں کا سامنا کرکے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ٹیم کی نیا پار لگانے میں روسو کے ہمنوا بنے۔

ملتان سلطانز نے مقررہ ہدف 15ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

رلی روسو نے ناقابل شکست 49 اور خوشدل شاہ نے 43 رنز بنائے۔

پشاور کی جانب سے وہاب ریاض نے 2، حسن علی اور راحت علی نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

سہیل تنویر کو 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

شان مسعود کا کہنا تھا کہ یہ ایک نئی پچ ہے اور اس پر ایک عرصے سے کوئی میچ نہیں کھیلا گیا اس لیے ہم ٹاس جیت کر پہے باؤلنگ کر رہے ہیں۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا تھا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں ہم بھی پہلے بیٹنگ کرتے لیکن اصل چیز اسکور بورڈ پر اچھا اسکور سجانا ہے اور ہم اسکی پوری کوشش کریں گے۔

ملتان سلطانز اور پشاور زلمی دونوں نے ہی گزشتہ میچ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میزبان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ سے ہوا جہاں میدان تماشائیوں سے بھرا ہوا تھا اور اس کے ساتھ ہی ملتان میں 12سال کے طویل عرصے کے بعد کسی انٹرنیشنل طرز کے مقابلے کا انعقاد ہوا۔

ملتان میں اس میچ سے قبل پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی دونوں نے دو،دو میچ کھیلے تھے اور دونوں ٹیموں نے ایک،ایک میچ میں فتح حاصل کر رکھی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پشاور زلمی: ڈیرن سیمی(کپتان)، کامران اکمل، ٹام بینٹن، حیدر علی، شعیب ملک، لیام لیونگسٹن، وہاب ریاض، لیام ڈاسن، حسن علی، راحت علی اور عامر خان

ملتان سلطانز: شان مسعود (کپتان)، جیمز ونس، رلی روسو، خوشدل شاہ، معین علی، ذیشان اشرف، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہر اور محمد عرفان

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024