• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر معطل ہونے والی بھارتی خاتون کانسٹیبل کو فلموں کی پیش کش

شائع March 10, 2020
ٹک ٹاک اسٹار کے مطابق افسران نے اجازت دی تو فلموں میں کام کروں گی — فوٹو: اسکرین شاٹس
ٹک ٹاک اسٹار کے مطابق افسران نے اجازت دی تو فلموں میں کام کروں گی — فوٹو: اسکرین شاٹس

ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ’ٹک ٹاک‘ پر ویڈیوز بنانے کی وجہ سے معطل ہونے والی بھارتی خاتون پولیس کانسٹیبل ارپیتا چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی ہے۔

بھارتی ریاست گجرات کے ضلع مہاسانا کے پولیس اسٹیشن میں ڈیوٹی کے دوران ویڈیوز بناکر ’ٹک ٹاک‘ پر اپ لوڈ کرنے والی خاتون کانسٹیبل ارپیتا چوہدری کو گزشتہ برس جولائی میں اس وقت معطل کردیا گیا تھا جب ان کی کچھ ویڈیوز کافی وائرل ہوئی تھیں۔

ارپیتا چوپدری کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں انہیں پولیس اسٹیشن کے اندر اور لاک اپ کے ساتھ رقص کرنے سمیت گانے گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

اگرچہ ان کی ویڈیوز نامناسب نہیں تھیں تاہم انہیں ڈیوٹی میں غفلت جیسے الزامات کی وجہ سے معطل کردیا گیا تھا تاہم بعد ازاں انہیں بحال کردیا گیا مگر انہوں نے ’ٹک ٹاک‘ پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کا سلسلہ ختم نہیں کیا۔

ارپیتا چوہدری نوکری سے معطلی کے باوجود ’ٹک ٹاک‘ کے لیے ویڈیوز بناتی رہی تھیں اور معطلی کے دوران ہی انہوں نے ایک گجراتی گلوکار کے ساتھ ایک ویڈیو ’ٹک ٹاک کی دیوانی‘ میں ماڈلنگ کے جوہر دکھائے اور ان کی ماڈلنگ کو کافی سراہا گیا۔

تاہم اب انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں فلموں میں کام کرنے کی پیش کش بھی ہوئی ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ارپیتا چوہدری نے دعویٰ کیا کہ انہیں متعدد فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی ہے تاہم انہوں نے فلموں میں کام کرنے یا نہ کرنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا اور وہ اپنے اعلیٰ افسران کی اجازت کی منتظر ہیں۔

ارپیتا چوہدری کے مطابق انہیں ابھی تک صرف گجراتی فلموں میں ہی کام کرنے کی پیش کش ہوئی ہے اور انہوں نے فلموں میں کام کرنے کے لیے اپنے اعلیٰ افسران سے اجازت طلب کی ہے اور ان کے فیصلے کے بعد ہی وہ فلموں میں اداکاری کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بچپن سے ہی ان کا شوق تھا کہ وہ شوبز میں اپنے جوہر دکھائیں، انہیں گلوکاری سمیت اداکاری میں بھی دلچسپی رہی ہے مگر والد کی خواہش کی وجہ سے وہ پولیس کانسٹیبل بنیں۔

ارپیتا چوہدری نے بتایا کہ کیوں کہ ان کے والد بھی پولیس اہلکار ہیں، اس لیے ان کی خواہش تھی کہ ان کی بیٹی بھی ان کے نقش قدم پر چلے، اس لیے انہوں نے فکس تنخواہ پر پولیس میں شمولیت اختیار کی مگر انہیں ان کا شوق پورا کرنے کی وجہ سے معطل بھی کیا گیا۔

ارپیتا چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر انہیں ان کے اعلیٰ افسران نے اجازت دی تو وہ فلموں میں ضرور کام کریں گی، ٹک ٹاک اسٹار نے فلموں کی پیش کش کا دعویٰ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ تین دن قبل ہی ان کی ایک میوزک ویڈیو ریلیز ہوئی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

’کچی کیری، پکی کیری‘ کے نام سے گجراتی زبان کی میوزک ویڈیو میں ارپیتا چوہدری کے ساتھ دیگر ماڈلز بھی جلوہ گر ہوئیں اور اس گانے کو بولڈ انداز کی وجہ سے کافی سراہا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024