• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

چین میں کورونا وائرس دم توڑنے لگا، عالمی مشکلات میں مسلسل اضافہ

شائع March 12, 2020
کئی ممالک غیر ملکیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کرچکے ہیں — فائل فوٹو: زنوا
کئی ممالک غیر ملکیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کرچکے ہیں — فائل فوٹو: زنوا

جہاں چین نوول کورونا وائرس پر بڑی حد تک قابو پاچکا ہے وہیں عالمگیر وبا قرار دیا جانے والا یہ مرض دنیا کے دیگر ممالک کو مسلسل اپنے اثرات میں جکڑ رہا ہے۔

وائرس کے پھیلاؤ کے باعث عالمی معیشت بری طرح متاثر دکھائی دی طلب و رسد میں کمی اور دیگر عوامل عالمی منڈیوں میں بحران کا باعث بن رہے ہیں وہیں کئی ممالک غیر ملکیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کرچکے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ بڑی کمپنیاں بہت سے افراد کو ایک جگہ پر اکٹھے ہونے سے بچانے کے لیے اپنے ملازمین کو گھر پر بیٹھ کر کام کرنے کی ترغیب دیتی دکھائی دیں۔

یہ بھی پڑھیں: چین: کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی ادارے کھلنے لگے، کاروبار زندگی بحال

اس سلسلے میں سب سے ڈرامائی اور غیر متوقع اقدام امریکا کی جانب سے سامنے آیا جس نے اپنے شہریوں کے سوا یورپی ممالک سے تمام غیر ملکیوں کی آمد پر پابندی عائد کردی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے بھی شہریوں اور رہائشیوں کے سفر کو عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین سمیت 12ممالک کے ساتھ پروازوں کو روک دیا۔

بھارت میں کرکٹ میچز میں تماشائیوں پر پابندی

بھارتی حکومت نے حکم دیا ہے کہ ملک میں آئندہ ہونے والے بین الاقوامی میچز خالی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ بھارت میں اب تک کورونا وائرس کے 73 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے اسپورٹس سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ قومی کرکٹ ٹیم کے آئندہ میچز خالی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں جو کرکٹ کا جنون رکھنے والی قوم کے لیے حیرانی کی بات ہے۔

مزید پڑھیں: عالمی ادارہ صحت نے نئے کورونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دے دیا

ان کا کہنا تھا کہ 2 ریاستوں جہاں رواں ماہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کے ساتھ کھیلنا ہے، ان کے وزیراعلیٰ کو عوام کے مجمع سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اس لیے میچز بغیر تماشائیوں کے کھیلے جائیں گے۔

قازقستان میں عوامی تقریبات منسوخ

وسط ایشیائی ملک قازقستان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے ردِ عمل میں تمام عوامی تقریبات منسوخ کردیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صدر قاسم جمرات نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ حکومت خوراک اور بنیادی اشیائے ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

دوسری جانب قازقستان کے سرکاری حکام نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ اسکولوں میں موسم بہار کی تعطیلات ایک ہفتہ قبل دے دی گئی ہیں اور 5 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے جبکہ کالجز اور جامعات فاصلاتی تعلیم پر منتقل کردی گئی ہیں۔

ٹوئٹر، اے ڈی بی ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا حکم

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے کورونا وائرس کے پیش نظر دنیا بھر میں اپنے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اس سے قبل ٹوئٹر نے جنوبی کوریا، ہانگ کانگ اور جاپان میں موجود عملے کے لیے گھر سے کام کرنے کی پابندی لگائی تھی جبکہ 'غیر ضروری' کاروباری سفر بھی منسوخ کردیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا خطرہ: سعودی عرب نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ پروازیں معطل کردیں

اس ضمن میں ایک بلاگ پوسٹ میں ٹوئٹر کے ہیومن ریسورس کی سربراہ جینیفر کرسٹی نے کہا کہ 'ہم اپنی پہلی ہدایات سے مزید آگے بڑھتے ہوئے دنیا بھر میں تمام ملازمین کو آگاہ کررہے ہیں کہ لازمی گھر سے کام کریں'۔

دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیڈکوارٹرز نے بینک میں آنے والے ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد اپنے ملازمیں کو عارضی طور پر گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بنگلہ دیش میں کرکٹ کی تقریب منسوخ

بنگلہ دیش کے بانی صدر شیخ مجیب الرحمٰن کی 100ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی جانے والی کرکٹ کی تقریب مؤخر کردی گئی۔

بنگلہ دییش کرکٹ بورڈ کے سی ای او نظام الدین چوہدری نے بتایا کہ 'تقریب کو ملتوی کرنے کا فیصلہ حکومت اور صحت کے عالمی اداروں کی جانب سے عوام کو دی جانے والی احتیاطی تدابیر کی بنیاد پر کیا گیا'۔

مزید پڑھیں: ہولی وڈ اداکار ٹام ہینکس اور اہلیہ میں کورونا کی تشخیص

میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم بعد میں اس تقریب کی میزبانی کرنے کی کوشش کریں گے۔

چین میں کورونا کے کیسز میں واضح کمی

خیال رہے کہ وائرس کا گڑھ سمجھے جانے والے چین کے صوبے ہوبے میں پہلی مرتبہ یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 10 سے کم رہی اور صرف 8 کیسز سامنے آئے۔

رائٹرز کے مطابق مقامی حکام کے احتیاطی اقدامات کے ساتھ مزید کئی کاروبار دوبارہ کھول دیے گئے۔

علاوہ ازیں صوبائی حکام نے وائرس کا پھیلاؤ سست ہونے کے ساتھ سفری پابندیوں میں نرمی کرنے اور 2 شہروں اور 2 قصبوں میں کچھ صنعتوں کو پیداوار بحال کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024