• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ایران میں کورونا وائرس سے ہر 10 منٹ میں ایک شخص ہلاک

شائع March 19, 2020 اپ ڈیٹ March 20, 2020
ایران میں وائرس سے اب تک ایک ہزار 284افراد ہلاک ہو چکے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
ایران میں وائرس سے اب تک ایک ہزار 284افراد ہلاک ہو چکے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

ایران کی وزارت صحت نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں ہر 10منٹ میں ایک شخص کورونا وائرس سے ہلاک ہو رہا ہے اور ہر گھنٹے میں 50 افراد وائرس سے متاثر ہو رہے ہیں۔

چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے جنم لینے والے اس وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 9 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 2 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد وائرس کی زد میں آچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا کے سبب ایران پر امریکی پابندیاں ختم کی جائیں، اقوام متحدہ سے مطالبہ

چین کے بعد یورپ میں اٹلی جبکہ مشرق وسطیٰ میں ایران سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور دونوں ہی ملکوں میں وائرس قابو سے باہر ہو چکا ہے۔

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق ایران کی وزارت صحت کے پبلک ریلیشن اور انفارمیشن سینٹر کے سربراہ کیانوش جہان پور نے کہا کہ ایران میں ہر 10 منٹ میں ایک شخص وائرس سے ہلاک ہو رہا ہے جبکہ ہر گھنٹے 50 افراد وائرس کی زد میں آرہے ہیں۔

انہوں نے ٹوئٹر میں اپنے پیغام کے ذریعے لوگوں سے درخواست کی کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس سے 2لاکھ 22ہزار متاثر، 9ہزار سے زائد افراد ہلاک

ایران کے نائب وزیر صحت علی رضا رئیسی نے کہا کہ جمعرات کو ملک میں مزید 149 افراد وائرس سے ہلاک ہوئے جو ایک دن میں ایران میں وائرس سے ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

ایران میں اب تک ایک ہزار 284 افراد وائرس سے موت کے منہ میں جا چکے ہیں اور 18ہزار سے زائد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار سے زائد متاثرہ افراد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ 20 مارچ سے نئے ایرانی سال 'نوروز' کی تقریبات کا آغاز ہورہا ہے اور ایرانی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں تقریبات پر پابندی عائد کیے جانے کے باوجود عوام کی جانب سے احکامات نہ ماننے کے سبب وائرس کے پھیلاؤ کا اندیشہ ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا شکار ہونے والی نامور شخصیات

نوروز کے موقع پر ایران میں لوگوں کی بڑی تعداد ایک شہر سے دوسرے شہر کا سفر کرتی ہے جس سے اندیشہ ہے کہ احتیاط نہ کرنے کی صورت میں آئندہ چند دن میں صورتحال مزید ابتر ہو سکتی ہے۔

ایران نے الزام عائدکیا ہے کہ امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں کی وجہ سے اس کی کورونا وائرس سے نمٹنے کی صلاحیت بُری طرح متاثر ہوئی۔

جمعرات کو ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس کو خط لکھ کر دنیا سے درخواست کی کہ کورونا وائرس کی وبا کے سبب امریکا کی جانب سے ایران پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024