• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وائرس: نامور شیف فلویئڈ کارڈوز ہلاک

شائع March 26, 2020
فلویئڈ کارڈوز کا شمار کامیاب باورچیوں میں کیا جاتا تھا، فوٹو: اے پی
فلویئڈ کارڈوز کا شمار کامیاب باورچیوں میں کیا جاتا تھا، فوٹو: اے پی

نامور شیف فلویئڈ کارڈوز امریکی ریاست نیو جرسی میں کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق 59 سالہ فلویئڈ کارڈوز میں چند روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

ہنگر انک نامی امریکی ریسٹورنٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں فلویئڈ کارڈوز کی ہلاکت کی خبر کی تصدیق کی گئی۔

بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وہ فلویئڈ کارڈوز کے انتقال کی خبر کو بڑے دکھ کے ساتھ دنیا سے شیئر کررہے ہیں۔

فلویئڈ کارڈوز اس ریسٹورنٹ میں کلنری ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز تھے۔

رپورٹ کے مطابق فلویئڈ کارڈوز میں رواں سال 18 مارچ کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد نیو جرسی کے ماؤنٹین سائڈ میڈیکل سینٹر میں ان کا علاج جاری تھا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ فلویئڈ کارڈوز کا شمار کامیاب شیفس میں کیا جاتا تھا جو امریکا کا مقبول شو ٹاپ شیف ماسٹرز کا مقابلہ بھی جیت چکے ہیں۔

2017 میں سی بی سی کو دیے ایک انٹرویو میں فلویئڈ کارڈوز نے کہا تھا کہ انہوں نے ’ہوٹل‘ نامی ایک کتاب پڑھی جس کے بعد انہوں نے شیف بننے کا فیصلہ کیا۔

اس انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ’اس کتاب کو پڑھنے کے بعد میں نے کھانا پکانا شروع کیا اور تب مجھے اندازہ ہوا کہ میں کتنا اچھا کھانا بنا سکتا ہوں‘۔

فلویئڈ کارڈوز بھارتی شہر ممبئی میں پیدا ہوئے، سوئٹزرلینڈ میں تعلیم مکمل کی جس کے بعد وہ نیویارک آگئے۔

اپنے کیریئر کے دوران وہ کئی مشہور اور کامیاب ریسٹورنٹس کے ساتھ جڑے جن میں ’طبلہ‘، ’نارتھ اینڈ گرل‘، ’پاؤ والا‘، ’بومبے بریڈ بار‘، ’بومبے کینٹین‘ جیسے ریسٹورنٹس شامل ہیں۔

انہوں نے کھانے پر مبنی دو کتابیں بھی تحریر کیں، جن کا نام ’ون اسپائس، ٹو اسپائس‘ اور ’فلیور والا‘ ہے۔

رپورٹس کے مطابق فلویئڈ کارڈوز طبیعت کی خرابی کے بعد 17 مارچ کو خود ہسپتال گئے، جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرلیا گیا۔

وہ نیٹ فلکس کی ایک سیریز ’اگلی ڈیلیشیس‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف تھے، جسے مکمل کرکے وہ حال ہی میں بھارت سے نیو جرسی واپس آئے۔

نامور امریکی مصنف اور ڈیوڈ چینگ نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلویئڈ کارڈوز کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی اور ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

مشہور ٹی وی شیف مدھر جعفری نے فلویئڈ کارڈوز کے انتقال کی خبر پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں اور بہت کچھ کرنا چاہتے تھے، ایک ایسے انسان کی زندگی کا سفر ختم ہوگیا، یقین نہیں آرہا۔

ایک اور شیف پریتی مستری کے مطابق ’وہ اس دنیا سے چلے گئے، مجھے اس بات کا بےحد دکھ ہے، مجھے اس وائرس پر بےحد غصہ آرہا ہے‘۔

شیف مائیکل اینتھونی کے مطابق فلویئڈ کارڈوز سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ان کی شخصیت متاثر کن تھی۔

فلویئڈ کارڈوز نے سوگواران میں والدہ بیرل، بیوہ برکھا اور دو بیٹے جسٹن اور پیٹر چھوڑے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024