• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

شوبز افراد کے پیچھے نہ پڑیں اپنی آخرت کی فکر کریں، جویریہ سعود

شائع March 27, 2020
نامور اداکارہ جویریہ سعود  — فوٹو: فیس بک
نامور اداکارہ جویریہ سعود — فوٹو: فیس بک

پاکستان کی نامور اداکارہ جویریہ سعود نے چند روز قبل اپنے بچوں کے ہمراہ ٹک ٹاک پر چند ویڈیوز بناکر شیئر کیں جو بعدازاں سوشل میڈیا پر خوب وائرل بھی ہوئیں۔

ان ویڈیوز میں جویریہ سعود ان کی بیٹی جنت اور بیٹا ابراہیم سیاہ شرٹس میں نظر آئے جبکہ اس دوران یہ تینوں نے کسی انگریزی گانے پر پرفارم بھی کیا۔

سوشل میڈیا پر ان ویڈیوز کے وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے اداکارہ اور ان کے بچوں پر تلخ کمنٹس کیے جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تیزی سے پھیلتی اس وبا کے دوران ایسی ویڈیوز شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

جس کے بعد اداکارہ جویریہ سعود نے ان تمام افراد کی جانب سے کی گئی تنقید کے جواب میں ایک نئی ویڈیو شیئر کی۔

مزید پڑھیں: جویریہ سعود نے ویڈیو کے ذریعے عالیشان گھر کا دورہ کرادیا

اس ویڈیو میں اداکارہ نے ان کے بچوں کے خلاف کمنٹس کرنے والے افراد کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ ساتھ ساتھ اپنے بچوں کی نیکی اور قابلیت سے بھی ان لوگوں کو آگاہ کیا۔

تقریباً 13 منٹ دورانیے کی اس ویڈیو میں جویریہ سعود نے کہا کہ وہ زندگی میں پہلی بار ایک ایسی ویڈیو بنا رہی ہیں جس میں انہوں نے لوگوں کے نفرت بھرے کمنٹس کا جواب دیا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے خلاف ایسے نفرت بھرے کمنٹس سامنے آئے وہ خاموش رہیں تاہم اپنے بچوں کے خلاف کی گئی کسی بھی بات پر وہ خاموش نہیں رہیں گی۔

جویریہ سعود کا ان کے بچوں کی تربیت پر انگلی اٹھانے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ’آپ میرے بچوں کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟ میں جانتی ہوں میرے بچے کتنے نیک ہیں، میری بیٹی جنت نے 5 سال کی عمر سے روزے رکھنا شروع کیے، اس نے پہلا عمرہ 5 سال کی عمر میں کیا، جس بچی نے کبھی پاؤں زمین پر نہیں رکھے تھے اس نے پورا عمرہ ننگے پاؤں کیا، میرا بیٹا وہ بیٹا ہے جو میرے پیر دبائے بغیر رات میں سوتا نہیں ہے، جنت رات کو سوتے ہوئے مجھے اٹھاتی ہے اور روتے ہوئے کہتی ہے کہ مجھ سے آج یہ گناہ ہوا ہے اللہ مجھے معاف نہیں کرے گا‘۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میرے بیٹے نے 3 سال کی عمر میں پہلا عمرہ کیا، اس نے 5 سال کی عمر میں دوسرا عمرہ کیا اور غلاف کعبہ پکڑ کر ایسا رویا کہ دیکھنے والا ہر شخص رو دیا، میرے بچوں کے دل میں اللہ کی محبت موجود ہے‘۔

جویریہ نے نفرت انگیز کمنٹس کرنے والوں سے سوال کیا کہ ’آپ کون ہیں جو مجھے بتائیں کہ میں توبہ کروں؟ مجھے کورونا وائرس سے توبہ مانگنے کا درس دے رہے ہیں؟ مجھے نہیں ڈر لگتا کورونا وائرس سے، جان ہی لیتا ہے صرف، میں قلبی اور روحانی بیماریوں سے ڈرتی ہوں، پہلے اپنے اندر کی ان بیماریوں کو ختم کریں اور پھر کورونا سے بچاؤ کی دعائیں مانگیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: عمران عباس اور جویریہ سعود بھی رمضان ٹرانسمیشن کے لیے اکٹھے

شوبز شخصیات پر تنقید کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’آپ فیصلہ کریں گے کہ شوبز کے لوگ برے ہیں اور باقی سب اچھے ہیں؟ آپ تنقید کرتے ہیں کہ اب رمضان آئے گا تو یہ سر پر دوپٹے لےکر بیٹھ جائیں گی تو بالکل جہاں بھی میرے رب کا نام آئے گا میں اپنے سر کو ڈھانپ لوں گی، کبھی ندا یاسر کے بچوں کو برا بھلا بولتے ہیں تو کبھی عائزہ خان کے بچوں پر نفرت بھرے کمنٹس کرتے ہیں کہاں سے لاتے ہیں آپ اتنی نفرت؟'

انہوں نے کہا کہ شوبز والوں کے پیچھے نہ پڑیں اپنی آخرت کی فکر کریں، سب کو اپنی اپنی قبر میں جانا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ چاہتی تو تنقید کرنے والوں کو ان کی ہی طرح جواب دیتی تاہم ان میں اور ایسے لوگوں میں یہی فرق ہے کہ وہ ان کی طرح گالیاں نہیں دے رہیں۔

اپنے حوالے سے جویریہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں یاد میں نے اپنی زندگی میں کبھی کوئی روزہ چھوڑا ہو، میں نے 16 سے زیادہ اعتکاف کیے ہیں، 25 بار سے زیادہ قرآن پاک ختم کیا ہے ترجمے کے ساتھ، میں اپنے ساتھ زیادتیاں کرنے والے تمام لوگوں کو رات میں سونے سے قبل معاف کردیتی ہوں، اللہ پاک میرے اور میرے آس پاس کے لوگوں پر آنے والی مصیبت کے حوالے سے مجھے پہلے سے آگاہ کردیتا ہے‘۔

اپنی ویڈیو کے آخر میں اداکارہ نے امید کی کہ ایسے لوگ اللہ سے معافی مانگے اور آئندہ کسی کی دل آزاری نہ کریں۔

یاد رہے کہ جویریہ نے 2005 میں اداکار سعود کے ساتھ شادی کی تھی۔

2007 میں ان کی بیٹی جنت کی پیدائش ہوئی جس کے بعد 2011 میں ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام ابراہیم رکھا گیا۔

جویریہ اور سعود 2006 سے اپنی پروڈکشن کمپنی جے جے ایس چلا رہے ہیں۔

ان کے کامیاب ڈراموں میں جیو ٹیلی ویژن کا ڈراما 'یہ زندگی ہے' بھی شامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024