• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

تبلیغی جماعت کے 27 اراکین میں کورونا وائرس کی تصدیق

500 غیر ملکیوں سمیت 12 سو افراد 5 روزہ اجتماع میں شریک تھے —فائل فوٹو: اے ایف پی
500 غیر ملکیوں سمیت 12 سو افراد 5 روزہ اجتماع میں شریک تھے —فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور/لیہ: رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں تبلیغی جماعت کے 35 افراد کی اسکریننگ کرنے پر 27 افراد میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ لیہ کے قرنطینہ میں رکھے گئے اسی جماعت کے رکن نے فرار ہونے کی کوشش میں پولیس افسر کو چاقو مار کر زخمی کردیا۔

خیال رہے کہ 3 روزہ، 40 روزہ یا 4 ماہ کے تبلیغی مشن پر روانہ ہونے سے قبل 500 غیر ملکیوں سمیت 12 سو افراد 5 روزہ اجتماع میں شریک تھے اور انہوں نے مرکز کے بالمقابل ایک خالی جگہ پر کیمپ لگایا ہوا تھا۔

قبل ازیں حکومت پنجاب کے عہدیداروں نے وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر منتظمین سے اجتماع ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی لیکن انہوں نے اس پر توجہ نہیں دی۔

چنانچہ جب 4 روز قبل منتظمین کا ارادہ تبدیل ہوا اور انہوں نے اجتماع روکا تو صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ لاک ڈاؤن نافذ ہوچکا تھا اور شرکا کو گھر لے جانے کے لیے کوئی ٹرانسپورٹ یا فضائی سروس دستیاب نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں: گجرات میں ایک شخص سے 27 افراد 'کورونا وائرس' سے متاثر

دوسری جانب لیہ میں تبلیغی جماعت کے ایک رکن نے فرار ہونے کی کوشش میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) پر چاقو سے حملہ کردیا جس سے وہ زخمی ہوگیا۔

بعدازاں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے منتظمین سے ملاقات کی جن کی اجازت سے مرکز کو گھیرے میں لے لیا گیا اور وہاں 3 روز تک کسی کو جانے کی یا باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ادھر اسلام آباد میں موجود تھائی لینڈ کے سفارتخانے نے تبلیغی مرکز میں موجود اپنے 50 شہریوں کو نکلوانے کے لیے وزارت خارجہ کے ذریعے حکام سے رابطہ کیا۔

جس کے بعد محکمہ صحت کے حکام نے تھائی شہریوں کی اسکریننگ کی اور نتیجہ منفی آنے پر انہیں اسلام آباد منتقل کیا گیا جہاں سے وہ ایک نجی طیارے کے ذریعے اپنے وطن روانہ ہوگئے۔

مزید پرؑھیں: کراچی میں 5، جڑواں شہروں میں 2 ڈاکٹرز میں کورونا وائرس کی تصدیق

مزید برآں لاہور کے ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے ڈان کو بتایا کہ انہوں نے 3 روز قبل تبلیغی مرکز سیل کر کے وہاں موجود لوگوں کی اسکریننگ کی تھی جبکہ صحت کے حکام کے مطابق اب تک اسکرینڈ کیے گئے 35 افراد میں سے 27 کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے تبلیغی مرکز میں قرنطینہ مرکز بنادیا ہے اور اگر مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا تو انہیں کالاشاہ کاکو قرنطینہ مرکز منتقل کردیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کالاشاہ کاکو میں مشتبہ مریضوں کو تنہائی میں رکھا جائے گا اور جن کا ٹیسٹ مثبت آیا انہیں جوہر ٹاؤن میں قائم ایکسپو سینٹر کے فیلڈ ہسپتال میں منتقل کردیا جائے گا۔

علاوہ ازیں لیہ کی انتظامیہ نے ضلع میں تبلیغی مشن پر موجود تمام ٹیمز کو اکٹھا کرنے کے بعد مقامی مرکز کو قرنطینہ مرکز قرار دے دیا تھا جس میں 235 افراد موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پاکستان میں ایک دن میں 4 ہلاکتیں، مجموعی

گزشتہ روز پولیس کو اطلاع ملی کہ کچھ افراد مرکز سے فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں جس پر ایس ایچ او محمد اشرف ماکھی اپنی ٹیم کے ہمراہ اس جگہ پہنچے تو تبلیغی جماعت کا ایک رکن انہیں چاقو مار کر فرار ہوگیا۔

ترجمان پولیس سب انسپکٹر ندیم نے بتایا کہ ایس ایچ او کو زخم آئے ہیں جنہیں لیہ میں ڈسٹرک ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور ان کی حالت بہتر ہے۔

بعد ازاں پولیس نے ملزم کو خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی سے گرفتار کرلیا۔


یہ خبر 30 مارچ 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Wajid Ali Mar 30, 2020 09:28am
دوسروں کی اصلاح کیلئے خود کو مامور من اللہ سمجھنے والے یہ عقل سے پیدل افراد اور ان کی تحریک جو خود ابھی تک سدھر نہیں پائی، وہ دوسروں کو سدھارنے کے مشن پہ گامزن ہے۔ ایں چہ بو العجبی است۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024