• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

اٹلی و اسپین میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی

شائع April 1, 2020
اسپین و اٹلی میں مجموعی ہلاکتیں 21 ہزار سے زائد ہوگئیں—فوٹو: اے ایف پی
اسپین و اٹلی میں مجموعی ہلاکتیں 21 ہزار سے زائد ہوگئیں—فوٹو: اے ایف پی

کورونا وائرس کا یورپ بھر میں تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے اور وہاں اٹلی کے بعد اسپین میں بھی مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

اٹلی میں 30 مارچ کی شام کو کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ ہوگئی تھی اور یکم اپریل کی سہ پہر تک وہاں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد ہوچکی تھی۔

کورونا وائرس کے آن لائن میپ کے مطابق اٹلی کے بعد اسپین میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی، وہاں تین ہزار مریضوں کا اضافہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوا۔

اسپین میں یکم اپریل کی سہ پہر تک مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 2 ہزار سے زائد ہوچکی تھی جب کہ یکم اپریل کو حکومت نے تصدیق کی کہ وہاں پر 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ یعنی 868 ہلاکتیں ہوئیں، جس کے بعد اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 9 ہزار 53 تک جا پہنچی۔

اسپین و اٹلی کے مشترکہ کورونا مریضوں کی تعداد واحد ملک امریکا کے مریضوں سے محض 15 ہزار زیادہ ہے اور اس وقت کورونا کے مریضوں کے حوالے سے امریکا ایک لاکھ 89 ہزار کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔

یکم اپریل کی سہ پہر تک امریکا میں مریضوں کی تعداد میں اضافے سمیت ہلاکتوں میں بھی حیران کن طور پر اضافہ ہوا اور وہاں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے بھی زائد ہوگئی۔

یکم اپریل کی سہ پہر تک دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 73 ہزار سے زائد ہوچکی تھی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 43 ہزار سے زائد ہوچکی تھی اور دنیا کی مجموعی ہلاکتوں میں سے نصف سے زیادہ ہلاکتیں یورپ میں ہو چکی تھیں۔

یکم اپریل کی سہ پہر تک یورپ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 30 ہزار سے زائد ہوچکی تھی اور اٹلی 12 ہزار ہلاکتوں کے ساتھ پہلے نمبر پر تھا۔

اسپین 9 ہزار ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے نمبر اور فرانس 3500 سے زائد ہلاکتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھا، یورپ کے جن ممالک میں ہلاکتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، ان میں برطانیہ، نیدرلینڈ اور بیلجیم بھی شامل ہیں جب کہ جرمنی میں بھی ہلاکتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں مگر وہاں ہلاکتوں کی تعداد کافی سست ہے۔

حیران کن بات یہ ہے کہ جرمنی کورونا وائرس کے مریضوں کے حوالے سے یورپ میں تیسرے نمبر پر ہے مگر ہلاکتوں کے حوالے سے وہ چھٹے نمبر پر ہے۔

جرمنی میں یکم اپریل کی سہ پہر تک کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 73 ہزار سے زائد ہوچکی تھی اور وہاں ہلاکتوں کی تعداد صرف 788 تھی جو کہ بیلجیم اور نیدرلینڈ سے بھی کم تھی، جہاں پر کورونا کے مریض جرمنی سے کم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024