• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

اگر آئی پی پیز رپورٹ درست ہے تو مافیا نے ملک کا گینگ ریپ کیا، صدر مملکت

شائع April 22, 2020
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت اور علما میں جن 20 نکات پر اتفاق کیا گیا ہے ان کی خلاف ورزی  گناہ ہے — اسکرین شاٹ
صدر مملکت نے کہا کہ حکومت اور علما میں جن 20 نکات پر اتفاق کیا گیا ہے ان کی خلاف ورزی گناہ ہے — اسکرین شاٹ

صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ اگر آئی پی پی پیز کے حوالے سے رپورٹ درست ہے تو مافیا نے ملک کا ریپ نہیں بلکہ گینگ ریپ کیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام میں خصوصی انٹرویو کے دوران صدر مملکت عارف نے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

'طے شدہ 20 نکات اجماع ہے اور اس کی خلاف ورزی گناہ ہے'

انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے علما اور حکومت کے درمیان ہونے والے اتفاق رائے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان 20 نکات پر اجماع ہوا ہے اور اس کی خلاف ورزی گناہ ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 10 ہزار سے متجاوز، اموات 212 ہوگئی

انہوں نے کہا کہ حکومت اور علما میں جن 20 نکات پر اتفاق کیا گیا ہے ان کی خلاف ورزی گناہ ہے کیونکہ اجماع پر کوئی فیصلہ ہو جائے تو اس کی خلاف ورزی گناہ شمار ہوگی۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک میں اجتماعی نمازوں اور تراویح وغیرہ کے حوالے سے حکومت اور علما کے درمیان 20 نکات پر اتفاق کیا گیا تھا۔

صدر مملکت نے بتایا کہ علما کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جو پہلی ملاقات کی گئی تھی اس میں فرض نماز کے حوالے سے معاملات طے پاگئے تھے کہ تین سے پانچ افراد مسجد میں نماز ادا کریں گے۔

خلاف ورزی ہوئی تو تراویح پر پابندی لگا دیں گے

صدر مملکت نے کہا کہ تراویح سنت مؤکدہ ہے اور اسی معاہدے پر عمل کرتے ہوئے میں گھر پر ہی تراویح پڑھوں گا اور ہم نے لوگوں سے بھی گھروں پر نماز کی ادائیگی کی درخواست کی کیونکہ یہ بیماری اتنی بڑی ہے کہ لوگ بہتر ہے کہ احتیاط کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ کو اطلاع ملی کہ کسی مسجد میں ان 20 نکات کی پابندی نہیں ہو رہی تو ہم انہیں ایک دن کی وارننگ دیں گے اور اگر دوسرے دن بھی ایسا ہوا تو وہاں تراویح پر پابندی لگا دیں گے اور وہی تین سے پانچ افراد فرض نماز ادا کریں گے۔

صدر مملکت کی جانب سے لیے گئے فیصلوں کی آئینی حیثیت کے حوالے سے سوال پر عارف علوی نے کہا کہ ہمارا کام فیڈریشنز کو جوڑنا ہے، صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ اس وقت امریکا سمیت دنیا بھر میں اختلاف رائے ہے لہٰذا یہ میری آئینی ذمے داری ہے کہ اگر کہیں فیڈریشنز میں نااتفاقی ہو تو میرا فرض بنتا ہے کہ میں اس میں اتفاق پیدا کروں۔

مافیا نے پاکستان کا ریپ نہیں، گینگ ریپ کیا

ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ آئی پی پیز کی مکمل رپورٹ 300 صفحات پر مشتمل ہے لیکن میں نے پہلے معاملے کی ایگزیکٹو سمری پڑھی اور رپورٹ پڑھ کر مجھے اتنی تکلیف ہوئی کہ میں نے وزیر اعظم سے کہا کہ اگر یہ رپورٹ صحیح ہے تو مافیا نے ملک کا ریپ نہیں بلکہ گینگ ریپ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شعبہ توانائی سے متعلق رپورٹ منظرعام پر لانے کی منظوری

تاہم عارف علوی نے واضح کیا کہ یہ رپورٹ ابھی یکطرفہ ہے اور اس پر اسٹیک ہولڈرز کی رائے آنا باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے آئی پی پیز، کشمیر کے معاملے اور دیگر عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے حوالے سے رپورٹ پر میری اور ان کی رائے ایک تھی کہ اس کا فارنسک آڈٹ ہونا چاہیے جس کے بعد معاملات کا مزید پتہ چل جائے گا اور وزیر اعظم کو ساتھ ساتھ یہ تجویز بھی دی کہ فارنسک آڈٹ عالمی ساکھ کی حامل کمپنیوں کے ساتھ مل کر کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر انٹرنیشنل معاہدے ہوئے ہیں تو انہیں ہم ختم نہیں کرسکتے جیسا کہ ریکوڈک میں ہوا لہٰذا اس معاملے پر قانونی رائے بھی لینا ہو گی اور اگر ہمارے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دھاندلی کی گئی ہے تو یہ جرم ہے اور اس کی ریکوری ہونی چاہیے۔

خیال رہے کہ سال 2019 میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین محمد علی کی سربراہی میں ایک 9 رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی تاکہ وہ خصوصی طور پر انڈیپینڈینٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ مہنگی بجلی کے پیچھے کی وجوہات جان سکے۔

وفاقی کابینہ نے توانائی پیدا کرنے والے نجی اداروں (آئی پی پیز) سے متعلق رپورٹ کو منظر عام پر لانے کی منظوری دیتے ہوئے ایک تحقیقاتی کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی وی کو تراویح نشر کرنے کی ہدایت

صدر مملکت نے بتایا کہ پی ٹی وی کو تاکید کی ہے کہ کراچی، لاہور یا اسلام آباد میں سے کسی ایک سینٹر کو منتخب کر کے وہاں سے مستقل تراویح نشر کی جائے تاکہ لوگ گھروں پر نماز پڑھ سکیں اور پورا قرآن سن سکیں۔

پارلیمنٹ کا آن لائن اجلاس ممکن نہیں

اپوزیشن کی جانب سے پارلیمنٹ کا آن لائن اجلاس بلانے کے مطالبے پر صدر مملکت نے کہا کہ آن لائن اجلاس بلانے کا امکان اب کم ہے کیونکہ آن لائن کا اتنا بڑا اجلاس بلانا مشکل ہے، اگر سماجی فاصلے کی پابندی کو برقرار رکھا جا سکے تو فزیکل اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اسمبلی کو ڈیجیٹائز کرنے کی تجویز پیش کی تھی جس کے تحت ہر رکن قومی اسمبلی کے سامنے کمپیوٹر ہو، جتنے بل پیش کیے جاتے ہیں وہ اس کے پاس موجود ہوں اور وہ جو کچھ بھی ووٹنگ کرنا چاہے، اسی کے ذریعے کرے لیکن ابھی تک وہ تکمیل تک نہیں پہنچا۔

عمران خان ہر طرف جنگ کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں

کورونا وائرس کی وبا کے دنوں میں آٹے اور چینی بحران سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کی حکومتی حکمت عملی کے سوال پر صدر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ہر طرف جنگ کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں، اگر مسئلہ ہو گا تو وہ جنگ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور میں اس جنگ میں ان کے ساتھ ہوں۔

صدر مملکت نے کورونا وائرس کے بحران کے دوران بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن اور آزاد جموں و کشمیر میں معصوم شہریوں کو بمباری کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے مسلسل لاک ڈاؤن ہے اور بھارت میں بھی مسلمانوں کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمے دار قرار دے کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت کا میڈیا بھی اپنی حکومت کے منفی ہتھکنڈوں کو مکمل سپورٹ کرتا ہے لیکن اس کے برعکس پاکستانی میڈیا کا کردار انتہائی مثبت ہے اور پاکستان کا میڈیا حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی اہم ایشوز پر حمایت بھی کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024