• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

کورونا وبا: سندھ کے کیسز 7 ہزار سے زائد، ملک میں مجموعی متاثرین 18806 ہوگئے

شائع May 2, 2020 اپ ڈیٹ May 3, 2020
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز دن بدن بڑھتے جارہے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز دن بدن بڑھتے جارہے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور اب تقریباً یومیہ ہی ہزار یا اس سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔

اب تک ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 18806 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اموات 435 ہوگئی ہیں۔

اگر پاکستان میں کورونا کے پہلے کیس سے لے کر اب تک ایک مختصر سا جائزہ لیں تو 26 فروری 2020 کو کراچی میں ملک کے پہلے کورونا وائرس کے مریض کی تشخیص ہوئی تھی۔

پہلے مریض کے سامنے آنے کے ساتھ ہی صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت نے مختلف اقدامات اٹھاتے ہوئے پہلے تعلیمی ادارے، پارکس، تفریحی مقامات و دیگر ایسی جگہیں جہاں عوام کا رش ہوسکتا تھا انہیں بند کیا اور بعد ازاں مارچ کے مہینے میں جزوی لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کردیا۔

تاہم ان سب کے باوجود ملک میں کورونا کے مریض سامنے آتے رہے اور 18 مارچ کو اس وائرس سے پہلی موت بھی سامنے آگئی۔

26 فروری سے 25 مارچ تک ملک میں کورونا وائرس کے ایک ہزار کیسز کی تصدیق کی گئی جبکہ اسی عرصے میں 8 اموات بھی ہوئیں۔

تاہم اس کے بعد کورونا وائرس کا گراف تیزی سے اوپر گیا اور 25 مارچ سے اپریل کے آخر تک کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اسی عرصے میں 377 لوگ دنیا سے رخصت ہوگئے۔

ماہ مئی کا آغاز بھی کورونا سے متعلق اچھا ثابت نہیں ہوا اور پہلے ہی روز ایک ہزار سے زائد کیسز اور 23 اموات سامنے آئیں۔

آج (2 مئی) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات سامنے آگئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 427 کیسز اور 4 اموات سامنے آگئیں۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3259 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 427 مثبت آئے۔

انہوں نے بتایا کہ ان نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 7102 تک پہنچ گئی جبکہ انہوں نے 24 گھنٹوں میں مزید 4 اموات کی تصدیق کی جس سے یہ تعداد 122 ہوگئی۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 514 کیسز اور 9 اموات سامنے آئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 6854 ہوگئی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے صوبے میں مزید 9 اموات کی تصدیق کی اور بتایا کہ اب تک مجموعی اموات 115 تک پہنچ چکی ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز کی تصدیق کردی گئی۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 343 سے بڑھ کر 365 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحومت میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور اسی کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے سیکٹر آئی-10 کے دو رہائشی علاقوں کو سیل کردیا تھا۔

خیبر پختونخوا

وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹ کے ذریعے کورونا کے 108 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 2907 ہوگئی۔

انہوں نے مزید 11 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 172 تک جاپہنچی ہے۔

جاں بحق مریضوں میں سے 9 کی پشاور جبکہ نوشہرہ اور سوات میں ایک، ایک موت واقوع ہوئی۔

بلوچستان

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا کے مزید 36 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 1172 ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر وائرس منتقلی کے کیسز کی تعداد 1021 ہوگئی ہے۔

بعد ازاں محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا وائرس کے باعث 3 اموات کی بھی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں جاں بحق مریضوں کی تعداد 19 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

دوسری جانب ملک میں صحتیاب مریضوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

مریضوں کا اس تیزی سے صحتیاب ہونا دیگر متاثرین کے لیے ایک امید کی کرن کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 402 مزید مریض صحتیاب ہوگئے۔

ان افراد کے شفایاب ہونے کے ساتھ ہی ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 4351 سے بڑھ کر 4753 تک پہنچ گئی۔

ملک کی مجموعی صورتحال

اگر ملک کی مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو پنجاب اور سندھ کے کیسز ایک دوسرے کے قریب ہیں جبکہ خیبرپختونخوا اموات میں سب سے آگے ہے۔

اس وقت سندھ میں کیسز کی تعداد 7102 جبکہ پنجاب میں 6854 ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 2907 لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں اس وقت ایک ہزار 172 لوگ متاثر ہیں جبکہ اسلام آباد میں یہ تعداد 365 ہوچکی ہے۔

گلگت بلتستان کی بات کریں تو وہاں 340 لوگ وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 66 لوگوں کو کورونا وبا نے متاثر کیا ہے۔

صوبوں اور علاقوں میں اموات کی تعداد کچھ اس طرح ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 172

  • سندھ: 122

  • پنجاب: 115

  • بلوچستان: 19

  • اسلام آباد: 04

  • گلگت بلتستان: 03

  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب یہ تعداد 17 ہزار 721 ہوچکی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 382 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024