• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کورونا وائرس: ایشیائی ترقیاتی بینک نے ادویات کی کمپنیوں کیلئے 20 کروڑ ڈالر وقف کردیے

شائع May 10, 2020
دنیا بھر میں حفاظتی اشیا کی کمی کا سامنا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
دنیا بھر میں حفاظتی اشیا کی کمی کا سامنا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے اپنے 'سپلائی چَین فنانس پروگرام' کے تحت ان کمپنیوں کی مدد کے لیے 20 کروڑ ڈالر وقف کردیے ہیں جو بینک کے ترقی پذیر ممالک میں کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے ادویات اور دیگر ضرورت کا سامان بنا رہی ہیں اور اسے تقسیم کر رہی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس پروگرام کا مقصد صحت کی دیکھ بھال کرنے والوں کے لیے این 95 ماسکس، ٹیسٹ کٹس، دستانے، ذاتی تحفظ کا سامان (پی پی ایز) اور وینٹی لیٹرز، حفظان صحت کی اشیا اور دیگر اہم سامان جیسی مصنوعات کے لیے سپلائی چین کو مستحکم کرنا ہے۔

اے ڈی بی کی اس امداد میں چینلنگ فنڈ سے مینوفیکچررز، ان کے فراہم کنندگان اور تقسیم کاروں کو پوسٹ شپمنٹ پوسٹ ایکسیپ ٹینس فنانس، پری شپمنٹ قرض اور ڈسٹری بیوٹر فنانسنگ کے ذریعے ہدف بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: اے ڈی بی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 5 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کردیا

واضح رہے کہ اہم مال کی برآمدات کی بندش نے 22 معیشتوں جس میں پاکستان، بنگلہ دیش، کینیڈا، چیک ری پبلک، مصر، فرانس، جرمنی، بھارت، انڈونیشیا، ایران، جاپان، اردن، قزاقستان، کینیا، ملائیشیا، پولینڈ، چین، روسی فیڈریشن، کوریا، تائپی، تھائی لینڈ اور یوکرین شامل ہیں، ان میں فیس ماسکس کی قلت کو بڑھا دیا ہے۔

ان معیشتوں میں 18 مارچ سے برآمدات پر پابندی عائد ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ اے ڈی بی کے تجارتی مالیاتی پروگرام میں 80 کروڑ ڈالر کے اضافے کو بھی متحرک کیا جائے گا اور اس اضافے کے ساتھ ہی ہنگامی صورتحال میں مقامی اور سرحد پار تجارت میں مدد کے لیے سہولیات کی فراہمی میں نرمی کی جائے گی۔

یہ پروگرام بحران کے ردعمل کا ایک مؤثر ذریعہ ہے کیونکہ اس کے ترقی پذیر ایشیا اور عالمی سطح دونوں میں بہت سے بینک سے مضبوط روابط ہیں، عالمی سطح پر بینکس ایشیائی ترقیاتی بینک کے براہ راست تعاون کے اثرات سے فائدہ اٹھانے کے لیے نجی شعبوں کے مالی وسائل کی شمولیت سے مالی تعاون کو متحرک کرنے میں خاص طور پر مددگار ہوسکتے ہیں۔

اے ڈی بی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث بڑھتی ہوئی طلب جو جزوی طور پر خوفزدہ ہوکر خریداری، ذخیرہ اندوزی اور پی پی ای کے غلط استعمال سے جڑی ہے، وہ عالمی سپلائیز میں خلل ڈال رہی ہے اور زندگیوں کو خطرہ لاحق کررہی ہے۔

ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ سرجیکل ماسکس، گوگلز، دستانے اور گاؤنز کی طلب ڈرامائی طور پر بڑھنے سے ذخیرہ ختم ہوچکا ہے اور یہ قیمتوں میں نمایاں اضافے کی طرف اشارہ ہے جبکہ پروڈکشن بیک لاگ کے باعث آرڈرز پورا کرنے میں 4 سے 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اے ڈی بی سے 30 کروڑ ڈالر سے زائد قرض کے حصول کیلئے حکومتی دستاویزات کلیئر

سب سے اہم چیلنج اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ متاثرہ ممالک میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز اور دیگر ایسے لوگوں کے لیے پی پی ایز کی اہم مصنوعات کا حصول ممکن ہو خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جنہیں اس وائرس کے پھیلاؤ سے سب سے زیادہ خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ سال 2018 میں شعبہ صحت میں پی پی ایز کے لیے عالمی مارکیٹ کا تخمینہ ڈھائی ارب ڈالر مالیت لگایا گیا تھا، دستانوں کی فروخت میں ہونے والی آمدنی کا سب سے زیادہ حصہ 25 فیصد تھا اس کے بعد سوٹس یا کورالز 22 فیصد حصے رکھتے تھے جبکہ فیس ماسکس اور ٹوپیاں حصے کے حساب سے تیسرے نمبر پر 14 فیصد کے ساتھ موجود تھیں۔

ریجن کے حساب سے دیکھیں تو 2018 میں امریکا کا مارکیٹ شیئر سب سے زیادہ 33 فیصد تھا جبکہ اس کے بعد ایشیا اور پیسیفک 28 فیصد اور یورپ 22 فیصد پر موجود تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024