• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

مودی کو 'ڈرپوک' کہنے پر آفریدی سے ہربھجن اور یوراج ناراض

شائع May 18, 2020 اپ ڈیٹ May 28, 2020

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم کو ڈرپوک کہنے پر سابق بھارتی کرکٹرز ہربھجن سنگھ اور یوراج سنگھ نے آفریدی سے کسی بھی قسم کا تعلق نہ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ شاہد آفریدی کے بیان سے مجھے تکلیف ہوئی جس میں انہوں نے ہمارے ملک اور ہمارے وزیر اعظم کو برا بھلا کہا اور یہ بات ناقابل قبول ہے۔

کورونا وائرس کی وبا شروع ہونے کے بعد شاہد آفریدی کی اپیل پر سابق بھارتی کرکٹرز یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ نے ان کی شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے لیے عطیات دیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کیلئے کورونا ریلیف فنڈ: مشفق کا 'بلا' آفریدی نے خرید لیا

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ہربھجن نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ آفریدی نے ہم سے عطیات کی اپیل کی تھی اور ہم نے بھی ایک اچھے مقصد کے لیے انسانیت اور کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے ایسا کیا تھا۔

ہربھجن نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ کسی بھی سرحد، مذہب یا ذات سے بالاتر ہے لہٰذا اس حوالے ہمیں کوئی شک نہیں تھا کہ ہم جس مقصد کو فروغ دے رہے ہیں اس کا مقصد بحران میں گھرے لوگوں کی مدد کرنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ میرے ملک کے بارے میں غلط باتیں کر رہا تھا، میں صرف یہ کہنا چاہ رہا تھا کہ میرا شاہد آفریدی سے کوئی لینا دینا نہیں، انہیں ہمارے ملک کے خلاف بولنے کا کوئی حق نہیں اور انہیں اپنے ملک اور اپنی اوقات میں رہنا چاہیے۔

'اگر آج یا کل میرے ملک کو میری کہیں بھی ضرورت پڑی حتیٰ کہ سرحد پر بھی تو میں اپنے ملک کی خاطر بندوق اٹھانے والا پہلا شخص ہوں گا'۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی مدد پر بھارتی شائقین یوراج اور ہربھجن پر برہم

انہوں نے کہا کہ میں نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی انسانی بنیادوں پر مدد کی لیکن اب میرا ان کے ساتھ تعلق ختم ہو گیا ہے۔

ہربھجن نے کہا کہ ایک شخص نے مجھ سے انسانیت کی خاطر اپیل کرنے کا کہا اور میں نے اپنی کوشش کی لیکن اب بس بہت ہوچکا ، آج سے میرا شاہد آفریدی سے کوئی تعلق نہیں۔

دوسری جانب یوراج سنگھ نے بھی ہربھجن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان سے تعلق توڑنے کا اعلان کردیا۔

یوراج نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے وزیر اعظم کے بارے میں شاہد آفریدی کے الفاظ سے بہت مایوسی ہوئی، اپنے ملک کی نمائندگی کرنے والے ایک ذمے دار بھارتی کی حیثیت سے میں اس طرح کے الفاظ برداشت نہیں کر سکتا، میں نے انسانیت کی خاطر اپیل کی تھی لیکن دوبارہ ایسا نہیں کروں گا۔

یہ بھی دیکھیں : بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ڈرپوک ہیں، شاہد آفریدی

واضح رہے کہ شاہد آفریدی ان دنوں اپنی فلاحی تنظیم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے کاموں اور غریب افراد کی مدد کے لیے ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں وہ آزاد کشمیر بھی گئے۔

آزاد کشمیر میں عوام سے خطاب کے دوران شاہد آفریدی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کورونا وائرس سے بھی بڑی بیماری قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مودی سرکار مذہب کی بیماری میں مبتلا ہے اور مذہب کے نام پر مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم کررہی ہے۔

بوم بوم آفریدی نے کہا تھا کہ بھارت کو دنیا و آخرت میں اپنے ہرظلم کا حساب دینا ہوگا اور اپنے آپ کو بہادر سمجھنے والا بھارتی وزیر اعظم مودی ایک ڈرپوک شخص ہے جس نے چھوٹے سے کشمیر میں 7 لاکھ سے زائد فوج جمع کردی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024