• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

سابق گورنر و رکن بلوچستان اسمبلی سید فضل آغا کا کورونا کے باعث انتقال

شائع May 21, 2020
سید فضل آغا — فائل فوٹو / ڈان نیوز
سید فضل آغا — فائل فوٹو / ڈان نیوز

بلوچستان اسمبلی کے رکن اور سابق گورنر سید فضل آغا کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

سید فضل آغا کا کورونا ٹیسٹ کچھ روز قبل مثبت آیا تھا۔

ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ کے ایک ڈاکٹر نے کہا کہ سید فضل آغا کو علاج کے لیے ابتدائی طور پر اسی ہسپتال لایا گیا تھا۔

تاہم ان کی حالت بگڑنے کے بعد انہیں کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔

سید فضل آغا کے ایک عزیز نے بھی ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی رکنِ اسمبلی کورونا وائرس سے جاں بحق

سید فضل آغا، بلوچستان اسمبلی میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رکن بھی تھے۔

وہ 1997 سے 1999 تک بلوچستان کے گورنر رہے جبکہ 80 کی دہائی کے آخر میں سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے فرائض بھی انجام دیے تھے۔

واضح رہے کہ بدھ کو ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا بھی کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئی تھیں۔

60 سالہ شاہین رضا کو علیل ہونے پر 17 مئی کو پہلے گوجرانوالہ کے سول ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم طبیعت بگڑنے پر 3 روز قبل انہیں لاہور کے میو ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

شاہیں رضا میو ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر زیر علاج تھیں جہاں وہ بدھ کی صبح خالق حقیقی سے جا ملیں۔

مزید پڑھیں: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کورونا سے صحتیاب

ان کا علاج کرنے والے معالجین نے بتایا کہ مرحومہ کو ذیابیطس اور بلڈ پریشر (فشار خون) کا عارضہ بھی لاحق تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس فروری کے آخر میں منظر عام پر آیا تھا جس کے بعد اسے کے پھیلاؤ کا سلسلہ نہ صرف جاری ہے بلکہ اس میں تیزی بھی آرہی ہے۔

وائرس سے جاں بحق ہونے والی پہلی نمایاں شخصیت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے بہنوئی تھے جبکہ سب سے پہلے متاثر ہونے والے سیاستدان پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی تھے۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی کورونا وائرس سے صحتیاب

ان کے علاوہ یہ وائرس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، وزیر خزانہ بلوچستان ظہیر بلیدی، رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کو بھی متاثر کرچکا ہے جو خوش قسمتی سے اس سے صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

پاکستان میں اس وبا کی وجہ سے ایک ہزار 9 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 47 ہزار 259 ہے البتہ کووِڈ 19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد13 ہزار 101 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024