• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وبا: پاکستان میں 57 ہزار سے زائد کیسز، اموات 1180 ہوگئیں

شائع May 25, 2020 اپ ڈیٹ May 26, 2020
پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور آج بھی مزید کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مصدقہ کیسز 57 ہزار 28 ہوگئے جبکہ اموات 1180 تک پہنچ گئیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 1260 نئے کیسز اور 24 اموات رپورٹ ہوئیں۔

خیال رہے کہ ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وبا کو اب تک 3 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

ملک میں اس وبا کا پھیلاؤ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھ رہا ہے اور پہلے یومیہ 2 ہندسوں میں آنے والے کیسز اب 3 ہندسوں میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھی ہے۔

اگر ایک نظر ملک میں کورونا کے پھیلاؤ پر ڈالیں تو فروری اور مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو ہوئی تھی۔

اپریل کے آغاز میں وائرس کے کیسز میں کچھ تیزی آئی اور یہ مہینے کے آخر تک تقریباً 2 ہزار سے بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اسی دوران اموات بھی 385 تک پہنچ گئیں۔

تاہم رواں ماہ مئی اس وائرس کے لیے اب تک سب سے زیادہ خطرناک رہا ہے اور اس میں وبا کے کیسز میں دوگنا اضافہ دیکھا گیا اور کیسز میں 39 ہزار جبکہ اموات میں 771 کا اضافہ ہوا۔

آج (25 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا وبا کے کیسز اور اموات سامنے آئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھی۔

بلوچستان

بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 61 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 3468 ہوگئی۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید ایک شخص کووڈ 19 کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگیا جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 41 تک پہنچ گئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 2432 ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے مزید 175 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 8080 ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں اسی عرصے میں مزید 10 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 408 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران مزید 60 وائرس متاثرین صحتیاب بھی ہوئے ہیں اور صوبے میں شفایاب ہونے والوں کی تعداد 2529 ہوگئی ہےاور فعال کیسز کی تعداد 5143 ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 443 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 443 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے جس کے بعد متاثر افراد کی تعداد 22 ہزار 934 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ عید کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 852 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد اب تک کیے گئے ٹیسٹ کی تعداد ایک لاکھ 59 ہزار 301 ہوگئی۔

وزیرا اعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں مزید 2 اموات بھی ہوئیں جس سے مجموعی تعداد 369 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں کورونا وائرس کے 520 نئے کیسز اور 5 اموات سامنے آگئیں۔

جنرل ہیلتھ کے صوبائی ڈائریکٹریٹ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 20 ہزار 77 ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں مزید 5 اموات بھی ہوئیں، جس کے بعد مجموعی اموات 337 تک پہنچ گئیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس عالمی وبا کے کیسز میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 49 نئے مریض اور 2 اموات سامنے آئیں۔

ان نئے اعداد و شمار کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کیسز کی تعداد 1592 سے بڑھ کر 1641 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں کورونا وبا سے مزید 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں ان 3 نئی اموات کے بعد مجموعی اموات 7 تک پہنچ گئی۔

علاوہ ازیں آزاد کشمیر جو اس وائرس سے سب سے کم متاثر تھا وہاں اب کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور مجموعی کیسز 200 سے تجاوز کرگئے ہیں۔

آزاد کشمیر

اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 12 نئے مریض اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

جس کے بعد وہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 197 سے بڑھ کر 209 ہوگئی جبکہ اموات بھی 2 ہوگئی ہیں۔

تاہم ان نئے کیسز کے باوجود ملک میں کورونا وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

صحتیاب افراد

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 284 افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 198 سے بڑھ کر 17 ہزار 482 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو اس وقت 57 ہزار 28 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے 1180 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ 17 ہزار 482 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 38 ہزار 366 فعال کیسز ہیں۔

سندھ میں سب سے زیادہ 22 ہزار 934 مصدقہ کیسز ہیں جبکہ پنجاب میں 20 ہزار 77 مریض ہیں۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 8 ہزار 80 متاثرین ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 3 ہزار 468 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1641 ہے جبکہ گلگت میں 619 اور آزاد کشمیر میں 209 لوگ اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 408

  • سندھ: 369

  • پنجاب: 337

  • بلوچستان: 41

  • اسلام آباد: 16

  • گلگت بلتستان: 07

  • آزاد کشمیر: 02


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 57 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1150 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024