• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا لاک ڈاؤن کے باعث بھارت میں پھنسے 176 پاکستانی کل واپس آئیں گے

شائع May 26, 2020
پاکستانی ہائی کمیشن ان ہم وطنوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے بھارتی حکام سے مسلسل رابطے میں تھا، دفتر خارجہ — فائل فوٹو / ڈان نیوز
پاکستانی ہائی کمیشن ان ہم وطنوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے بھارتی حکام سے مسلسل رابطے میں تھا، دفتر خارجہ — فائل فوٹو / ڈان نیوز

کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارت میں پھنسے 176 پاکستانی کل (بدھ) اٹاری ۔ واہگہ بارڈر کے ذریعے واپس لوٹیں گے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق یہ پاکستانی بھارت کی مختلف ریاستوں چھتیس گڑھ، گجرات، مدھیا پردیش، مہاراشٹرا، پنجاب، راجستھان، اتر پردیش، اترکھنڈ اور دہلی میں لاک ڈاؤن میں توسیع اور کورونا وائرس کے باعث اٹاری ۔ واہگہ بارڈر کی بندش کی وجہ سے وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن ان ہم وطنوں کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے بھارتی حکام سے مسلسل رابطے میں تھا، جبکہ دفتر خارجہ پاکستان میں حکام کو اس حوالے سے پیشرفت سے مسلسل آگاہی فراہم کر رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں پھنسے 193 پاکستانیوں کی باحفاظت وطن واپسی

پاکستانی ہائی کمیشن نے ان پاکستانیوں کو لاک ڈاؤن کے باعث 20 مختلف شہروں سے اٹاری پہنچانے کے لیے سفری سہولیات کا انتظام بھی کیا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ رواں سال 20 مارچ سے اب تک بھارت میں پھنسے 400 سے زائد پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 5 مئی کو بھارت میں پھنسے 193 پاکستانی اٹاری ۔ واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن لوٹے تھے۔

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق یہ پاکستانی اپنے پیاروں سے ملنے، زیارت یا علاج معالجے سمیت مختلف وجوہات کے سبب بھارت گئے تھے۔

قبل ازیں 16 اپریل کو 41 پاکستانیوں کی بھارت سے وطن واپسی ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: کورونا کے باعث بھارت میں پھنسے 41 پاکستانیوں کی وطن واپسی

پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی مذہبی سیاحت، طبی علاج سمیت مختلف ویزوں پر بھارت آئے تھے اور آگرہ، دہلی، ہریانہ اور پنجاب میں پھنس گئے تھے۔

بعد ازاں ان پاکستانیوں میں سے دو خواتین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024