• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

دبئی: سرکاری دفاتر کو 100 فیصد عملے کے ساتھ فعال کرنے کی اجازت

شائع May 28, 2020
سعودی عرب نے کہا ہے کہ نجی شعبے کے ملازمین جلد ہی اپنے دفاتر سے کام شروع کردیں گے
—فائل فوٹو: اے پی
سعودی عرب نے کہا ہے کہ نجی شعبے کے ملازمین جلد ہی اپنے دفاتر سے کام شروع کردیں گے —فائل فوٹو: اے پی

متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے شہر دبئی میں سرکاری دفاتر کو 100 فیصد عملے کے ساتھ مکمل طور پر فعال کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے مذکورہ پیش رفت سے متعلق ٹوئٹر پر اعلان کیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے باعث دبئی کے 70 فیصد کاروباری ادارے آئندہ 6 ماہ میں بند ہونے کی توقع

ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین کی ہدایت کے مطابق تمام سرکاری دفاتر میں 31 مئی تک نصف عملے کے ذریعے کام ہوگا جبکہ 14 جون سے 100 فیصد عملہ فرائض انجام دینا شروع کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی معمول کی زندگی کی طرف سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ بتدریج واپس آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ مہینوں میں دبئی حکومت نے ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کی وجہ سے گھر سے بیٹھ کر پوری صلاحیت سے کام کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’احتیاطی تدابیر اور نقل و حرکت کی پابندیاں عائد ہونے کے باوجود کوئی اہم سروس متاثر نہیں ہوئی۔

دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے کہا کہ نجی شعبے کے ملازمین جلد ہی اپنے دفاتر سے کام شروع کردیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب، دبئی میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن میں نرمی

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ نجی شعبے کے تمام ادارے لازمی طور اپنے جائے کار کو وزارت صحت کی ہدایت کے مطابق تیار کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کا تدارک کیا جاسکے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں وائرس سے مزید 14 افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار 800 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس طرح سعودی عرب میں کیسز کی مجموعی تعداد 78 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 425 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ملک میں وائرس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 51 ہزار ہے۔

واضح رہے کہ 26 مئی کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک نے کورونا وائرس کی وجہ سے عائد لاک ڈاؤن پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا تھا۔

سعودی عرب نے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں سرگرمیوں کو جزوی طور پر بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ برطانیہ جمعرات سے کورونا وائرس لاک ڈاؤن پابندیوں میں نرمی کر رہا ہے اور 3 مرحلے میں معمولات زندگی بحال ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024