• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وبا: سندھ میں کیسز 25 ہزار سے زائد، ملک میں مجموعی متاثرین 62 ہزار 689 ہوگئے

شائع May 28, 2020 اپ ڈیٹ May 29, 2020
ملک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کے بعد مجموعی طور پر ملک میں کیسز 62 ہزار 689 اور اموات 1283 تک پہنچ گئی ہیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 2535 نئے کیسز اور 44 اموات سامنے آئی ہیں۔

ملک میں اس وبا کو 3 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرگیا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ وبا اپنے پھیلاؤ کو بڑھا رہی ہے۔

ابتدائی طور پر اس وبا کے درجنوں اور سیکڑوں کیسز آتے تھے تاہم اب یہ تعداد ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور یومیہ ہی ملک میں 3 ہندسوں میں کیسز سامنے آرہے ہیں۔

اگرچہ 26 فروری 2020 کو اس وبا کے پہلے کیس کے سامنے آتے ہی مختلف پابندیاں اور لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کے سامنے آنے والے معاشی اثرات کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی سے اس میں نرمی کا اعلان کردیا تھا۔

اس نرمی کے ساتھ ہی مختلف شعبوں اور کاروباری مراکز کو اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) کے ساتھ کام کی اجازت دی گئی تھی تاہم عام دنوں، خاص طور پر عید کے سیزن میں دیکھا گیا کہ ان ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی۔

اسی کو دیکھتے ہوئے عید کے دوسرے روز معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نہ یہ عندیہ بھی دیا کہ اگر ایس او پیز کی خلاف ورزی جاری رہی تو عید کے بعد لاک ڈاؤن کے فیصلے پر نظرثانی کرنا پڑے گی۔

دریں اثنا اگر ملک میں ان 3 ماہ کے کیسز کو ایک نظر میں دیکھیں تو 26 فروری سے 31 مارچ تک تقریباً 2 ہزار کیسز اور 26 اموات تھیں، جو اپریل میں بڑھ کر 31 اپریل تک ساڑھے 16 ہزار سے زائد کیسز اور 385 اموات تک پہنچ گئیں۔

تاہم مئی میں اس میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا اور یکم سے 27 مئی تک 43 ہزار سے زائد کیسز اور 850 سے زیادہ اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (28 مئی) کو بھی پاکستان میں نئے کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا تاہم صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1103 نئے مریض اور 16 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 101 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 1103 کے نتائج مثبت آئے، اس طرح صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 25 ہزار 309 تک پہنچ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 16 اموات بھی ہوئیں، جس کے بعد مجموعی اموات 396 تک جاپہنچیں۔

تاہم مراد علی شاہ نے یہ بھی بتایا کہ آج پہلی مرتبہ 1924 افراد اس وبا سے صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 919 نئے کیسز اور 19 اموات کا اضافہ ہوا۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 22 ہزار 37 ہوگئی۔

انہوں بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 19 اموات بھی ہوئیں جس کے بعد اب تک انتقال کرنے والوں کی تعداد 381 تک جا پہنچی۔

مزید برآں ترجمان کے مطابق صوبے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 17 ہزار 726 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 6 ہزار 326 لوگ صحتیاب بھی ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں کورونا وبا کے مزید نئے متاثرین سامنے آگئے جبکہ ایک فرد زندگی کی بازی ہار گیا۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں اس عالمی وبا کے مزید 136 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 1879 سے بڑھ کر 2015 ہوگئی۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں ایک موت بھی ہوئی جس کے ساتھ ہی وہاں اموات 19 تک جا پہنچیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 359 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 8842 ہوگئی۔

بیان میں وائرس سے مزید 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 432 ہوگئی ہے۔

اموات میں اضافہ پشاور، مردان، سوات، مالاکنڈ، ایبٹ آباد اور کوہاٹ میں ہوا۔

گلگت بلتستان

دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں وبا سے مزید 13 لوگ متاثر ہوئے، جس کے بعد وہاں اب تک اس وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد 638 سے بڑھ کر 651 تک پہنچ گئی۔

تاہم وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے کوئی موت نہیں ہوئی۔

آزاد کشمیر

ادھر ملک میں وائرس سے سب سے کم متاثرہ علاقے آزاد کشمیر میں بھی کیسز میں اضافہ سامنے آرہا ہے۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق وہاں مزید 5 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک موت بھی واقع ہوئی۔

جس کے بعد وہاں اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 214 سے بڑھ کر 219 ہوگئی جبکہ اموات بھی 4 سے بڑھ کر 5 ہوگئیں۔

صحتیاب افراد

علاوہ ازیں پاکستان میں جہاں اس وائرس کے کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں وہیں اسی تیزی سے صحتیاب لوگوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

وائرس سے جلد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اس تیزی سے اضافہ ان مریضوں کے لیے امید کا باعث ہیں جو اس وقت زیر علاج یا آئیسولیشن میں ہیں۔

اب تک کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مزید ایک ہزار 89 افراد اس وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 19 ہزار 142 سے بڑھ کر 20 ہزار 231 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں ان تمام کیسز، اموات اور صحتیاب ہونے والوں کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

مصدقہ کیسز: 62689

اموات: 1283

صحتیاب 20231

فعال کیسز: 41175

اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 25 ہزار 309 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 22 ہزار 37 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 8 ہزار 842 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 3 ہزار 616 ہے۔

اسلام آباد میں 2015، گلگت بلتستان میں 651 اور آزاد کشمیر میں 219 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

خیبرپختونخوا: 432

سندھ: 396

پنجاب: 381

بلوچستان: 41

اسلام آباد: 19

گلگت بلتستان: 09

آزاد کشمیر: 05


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 60 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1200 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024