• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ’ناپسندیدہ‘ قرار دینے پر پاکستان کا اظہار مذمت

شائع May 31, 2020 اپ ڈیٹ June 1, 2020
—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

پاکستان نے بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے دو سفارتی اہلکاروں کو ناپسندیدہ قرار دینے کی شدید مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو ناپسندیدہ قرار دینا اور انہیں 24 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم قابل مذمت ہے۔

مزیدپڑھیں: پاک فوج نے ایک اور بھارتی ‘جاسوس ڈرون’ مار گرایا

انہوں نے کہا کہ بھارت کا عمل منفی اور پہلے سے طے شدہ ’میڈیا مہم ‘ کا حصہ ہے اور یہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا تسلسل ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے 2 اراکین کو اٹھایا اور ان پر بے بنیاد الزامات لگائے۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان ہائی کمیشن کی مداخلت پر انہیں رہا کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پاکستانی سفارتی عملے کو الزام قبول کرنے پر مجبور کیا گیا جو ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سکھ اور کشمیریوں کی جاسوسی کرنے والے بھارتی جوڑے کا ٹرائل شروع

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن سفارتی آداب کے مطابق کام کرتا ہے جبکہ بھارتی عمل کا مقصد پاکستانی ہائی کمیشن کی کارکردگی کو متاثر کرنا ہے۔

بھارتی نائب سفارتکار دفتر خارجہ طلب

دوسری جانب دفتر خارجہ نے دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کو ناپسندیدہ شخص قرار دینے پر بھارتی سفارتخانے کے امور کی نگرانی کرنے والے عہدیدار (چارج ڈی افیئرز) کو طلب کرلیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سفارتخانے کے عہدیدار کو سخت احتجاج ریکارڈ کرانے اور بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کو ناپسندیدہ قرار دینے سمیت ان پر لگائے گئے بھارتی الزام کو مسترد کرنے کے لیے طلب کیا گیا۔

ساتھ ہی یہ پیغام بھی پہنچا دیا گیا کہ بھارتی ایکشن، سفارتی تعلقات اور روایات کے ویانا کنویشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

بھارتی الزام

واضح رہے کہ بھارت نے الزام لگایا تھا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے دو سفارتی اہلکار ’جاسوسی میں ملوث‘ تھے جنہیں 24 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان اہلکاروں میں 42 سالہ عابد حسین جو پاکستانی مشن میں اسسٹنٹ ہیں وہ اور محمد طاہر خان نامی کلرک شامل ہیں جن کی عمر 44 برس ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ انہیں ’بھارتی قانون نافذ کرنے والے حکام نے جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پکڑا‘۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان اہلکاروں پر ایک مقامی شخص سے بھارتی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ سے متعلق دستاویزات لینے کا الزام ہے۔

نئی دہلی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ حکومت نے دونوں پاکستانی سفارتی عملے کو ناپسندیدہ قرار دیا ہے جو ’سفارتی آداب کے خلاف کارروائیوں‘ میں ملوث تھے۔

علاوہ ازیں بھارتی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاکستانی ہائی کمیشن سے بھارت کی قومی سلامتی کے خلاف ان عہدیداروں کی سرگرمیوں کے سلسلے میں سخت احتجاج بھی درج کرایا گیا‘۔

مزیدپڑھیں: عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردی

انہوں نے کہا کہ ’متعلقہ ذمہ داران سے کہا گیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سفارتی مشن کا کوئی بھی رکن بھارت میں غیرمجاز سرگرمیوں میں ملوث نہ ہو یا ان کی سفارتی حیثیت سے متضاد انداز میں برتاؤ نہ کرے‘۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے حالیہ الزام لداخ میں غیرقانونی تعمیرات اور بابری مسجد کی تعمیر سے توجہ ہٹانے کا حربہ تصور کیا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں چند روز قبل پاک آرمی نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اندر ایک مہینے میں 2 بھارتی جاسوس ڈرون مار گرائے تھے جبکہ گزشتہ سال پاک فوج نے بھارت کے 3 ڈرون مار گرائے تھے۔

لداخ کے معاملے میں بھارت اور چین آمنے سامنے ہیں اور دونوں کے درمیان بڑی کشیدگی کا خدشہ ہے۔

اس وقت دونوں ممالک کے فوجیوں نے بلند بالا علاقے لداخ کی وادی گالوان میں کیمپ قائم کیے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے پر متنازع سرحد پر دخل اندازی کے الزامات لگارہے ہیں، اس متنازع سرحد کی وجہ سے 1962 میں بھارت اور چین کے درمیان خطرناک جنگ بھی ہوئی تھی۔

سرحد پر چینی حصے میں 80 سے 100 خیمے جبکہ بھارتی حصے میں 60 خیمے لگائے گئے ہیں جہاں فوجی مقیم ہیں، جبکہ سامنے آنے والی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکام نے لداخ کے دارالحکومت لیہہ اور نئی دہلی میں حکام کو معاملے سے آگاہ کردیا ہے۔

یہ بھی کہا جارہا کہ دونوں ممالک دفاعی تعمیرات کررہے ہیں اور چینی ٹرکس علاقے میں آلات پہنچا رہے ہیں جس سے طویل جھڑپ کے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے بھارتی شہر ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کے مقام پر مندر کی تعمیر کے آغاز کی شدید مذمت کی تھی۔

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کووڈ 19 سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال سے دوچار ہے اور آر ایس ایس کی حامی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت ’ہندوتوا‘ کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’26 مئی 2020 کو ایودھیا میں تاریخی بابری مسجد کے مقام پر مندر کی تعمیر کا آغاز اس سمت میں ایک اور قدم ہے اور حکومت پاکستان اور عوام اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024