• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سعودی عرب سے 3 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کیلئے 16خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ

شائع June 1, 2020
پی آئی اے کی 9 اور سعودی عریبین ایئرلائنز کی 7 پروازیں یکم سے 10 جون تک پانچ ایئرپورٹس پر لینڈ کریں گی— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
پی آئی اے کی 9 اور سعودی عریبین ایئرلائنز کی 7 پروازیں یکم سے 10 جون تک پانچ ایئرپورٹس پر لینڈ کریں گی— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

راولپنڈی: حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے) اور سعودی عریبین ایئرلائنز کی 16 خصوصی پروازوں کے ذریعے یکم تا 10 جون تک سعودی عرب میں پھنسے 3 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپسی لانے کا فیصلہ کرلیا۔

اس کے ساتھ ہی حکومت نے اندرونِ ملک پروازوں کے آپریشن کو بھی 20 سے 22 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جو کورونا وائرس کی وبا سے قبل 40 سے 45 فیصد تھا۔

ایوی ایشن ڈویژن نے کہا کہ مذکورہ فیصلہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن اور فضائی سروس کے لیے بڑھتی ہوئی طلب کے تناظر میں کیا گیا۔

مزید پڑھیں : بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات کا احساس ہے، وزیر خارجہ

ڈویژن نے کہا کہ یہ فیصلہ ایئرپورٹس پر اور ایئرلائنز کی جانب سے طبی احتیاطی تدابیر کے باعث لوگوں کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔

مزید یہ کہ یہ فلائٹ آپریشن یکم جون سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سے شروع ہوگا۔

ادھر بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے حکومت کے منصوبے کے بعد پی آئی اے اور سعودی عریبین ایئرلائنز نے 16 پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا۔

شیڈول کے مطابق یہ پروازیں یکم سے 10 جون تک اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اور پشاور ایئرپورٹس پر لینڈ کریں گی۔

حکام کے مطابق شیڈول میں پی آئی اے کی 9 اور سعودی عریبین ایئرلائنز کی 7 پروازیں شامل ہیں۔

سعودی عریبین ایئرلائنز کی پہلی پرواز مسافروں کو پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر لائے گی جبکہ پی آئی اے کی پروازیں 2 اور 3 جون کو ملتان ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گی۔

3 جون کو سعودی عریبین ایئرلائنز کی 2 پروازیں کراچی ایئرپورٹ جبکہ ایک باچا خان ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک سے آئے پاکستانیوں کیلئے 48 گھنٹے قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ

اسی طرح سعودی عریبین ایئرلائنز کی پرواز 4 جون کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کو واپس لائے گی جبکہ اسی ایئرلائن کی پرواز 5 جون کو مسافروں کو سعودی عرب سے کراچی لائے گی۔

6 جون کو پی آئی اے کی پرواز پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پہنچے گی جبکہ 7 جون کو سعودی عریبین ایئرلائن کی پرواز کراچی پہنچے گی۔

علاوہ ازیں 8 جون کو پی آئی کی 3 علیحدہ پروازیں لاہور، ملتان اور پشاور ایئرپورٹس پر لینڈ کریں گی۔

9 جون کو سعودی عریبین ایئرلائنز کی پرواز سعودی عرب سے لاہور کے لیے اڑان بھرے گی جبکہ پی آئی اے کی پرواز اسی روز ملتان پہنچے گی۔

مزید برآں سعودی عرب سے پی آئی اے کی پرواز 10 جون کو کراچی ایئرپورٹ جبکہ ایک اور پرواز ملتان ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔


یہ خبر یکم جون، 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024