• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وبا: ملک میں ایک روز میں ریکارڈ 133 اموات، متاثرین ایک لاکھ 57 ہزار سے زائد

شائع June 17, 2020 اپ ڈیٹ June 18, 2020
سماجی فاصلہ کورونا وائرس سے بچاؤ میں احتیاطی تدابیر کے طور پر اختیار کیا جاتا ہے — فائل فوٹو: اے پی
سماجی فاصلہ کورونا وائرس سے بچاؤ میں احتیاطی تدابیر کے طور پر اختیار کیا جاتا ہے — فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں 81 لاکھ سے زائد لوگوں کو متاثر اور 4 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ اموات کا سبب بننے والے مہلک نوول کورونا وائرس پاکستان میں ایک لاکھ 57 ہزار 738 لوگوں کو متاثر اور 3 ہزار 33 کی جانیں لے چکا ہے۔

آج (17 جون) کی شام تک ملک میں اس وبا کے نئے کیسز میں 5 ہزار 785 جبکہ اموات میں 133 کا اضافہ ہوا تاہم ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ گئی اور آج مزید 2047 افراد اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔

ملک میں اس وبا کے پھیلاؤ کا سلسلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے اور وفاقی وزیر یہ خدشہ ظاہر کرچکے ہیں کہ رواں ماہ کے آخر تک کیسز کی تعداد 3 لاکھ جبکہ جولائی کے آخر تک 10 سے 12 لاکھ تک ہوسکتی ہے۔

اسی سلسلے میں وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے اور معاشی پہیہ بھی رواں رکھنے کے لیے حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت وائرس کے ہاٹ اسپاٹ یا سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو بند کیا جائے گا۔

اگر ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے لے کر اب تک کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو یہ وقت کے ساتھ ساتھ تبدیل ہوئی ہے تاہم ابتدائی 2 ماہ کے مقابلے میں مئی اور جون کا مہینہ کافی تشویشناک صورتحال کو بیان کر رہا ہے۔

26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا اور 31 مارچ تک ملک میں مصدقہ کیسز لگ بھگ 2 ہزار تھے جبکہ 18 مارچ کو پہلی موت کے بعد مارچ کے آخر تک یہ تعداد 26 تھی۔

اپریل کے مہینے میں کیسز کچھ بڑھنا شروع ہوئے اور اس ماہ کی 30 تاریخ تک ملک کے مصدقہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 تک پہنچیں۔

تاہم مئی میں صورتحال کافی تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

رواں ماہ جون مئی سے زیادہ تشویشناک صورتحال کو بیان کر رہا ہے اور اس کے 16 روز کے دوران 80 ہزار سے زائد کیسز 1300 سے زائد اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

آج مئی کے 17ویں روز بھی نئے کیسز اور اموات سامنے آئیں۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 2115 بئے مریض سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اضافے کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 59 ہزار 983 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ نے وائرس سے مزید 30 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں اموات کی تعداد 916 ہوگئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 361 نئے کیسز اور ایک روز کی ریکارڈ 68 اموات کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم ڈیش بورڈ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 361 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی جس کے بعد یہ مجموعی تعداد 58 ہزار 239 تک پہنچ گئی۔

اس کے ساتھ ساتھ صوبے میں مزید 68 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 1081 سے بڑھ کر 1149 تک پہنچ گئیں۔

اسلام آباد

ادھر اسلام آباد میں بھی عالمی وبا کے نئے کیسز کے آنے کا سلسلہ جاری رہا اور 385 مزید لوگ اس وائرس سے متاثر ہوگئے جبکہ 7 اموات بھی رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 385 تھی، یوں اس طرح وہاں اب تک مجموعی طور پر متاثر ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 242 تک جا پہنچی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 7 افراد زندگی کی بازی ہارگئے جس سے اموات 83 سے بڑھ کر 90 تک پہنچ گئیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 506 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 19 ہزار 613 ہوگئی۔

بیان میں وائرس سے مزید 24 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 755 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے مزید 357 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 8794 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے مزید 4 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 93 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

وہیں گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تشخیص ہوئی اور مزید 21 لوگ اس سے متاثر ہوئے۔

ڈیش بورڈ کے مطابق گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 143 سے بڑھ کر ایک ہزار 164 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر جو اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے کم متاثرہ علاقہ ہے وہاں بھی نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 نئے مریض وائرس سے متاثر ہوئے۔

ان نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد وہاں مجموعی طور پر متاثر ہونے والوں کی تعداد 663 سے بڑھ کر 703 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

تاہم ملک میں ہزاروں کی تعداد میں آنے والے کیسز اور درجنوں اموات کے باوجود جو چیز دیگر مریضوں کے لیے حوصلہ افزا ہے وہ ان کی جلد شفایابی ہے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 2047 افراد صحتیاب ہوگئے۔

ان نئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس کی عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 56 ہزار 390 سے بڑھ کر 58 ہزار 437 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 157738

اموات: 3033

صحتیاب: 58437

فعال کیسز: 96268

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 59 ہزار 983 ہیں تو وہیں پنجاب میں 58 ہزار 239 تک کیسز پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 19 ہزار 613 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 8 ہزار 794 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 ہزار 242، گلگت بلتستان میں 1164 اور آزاد کشمیر 703 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1149

سندھ: 916

خیبرپختونخوا: 755

بلوچستان: 93

اسلام آباد: 90

گلگت بلتستان: 17

آزاد کشمیر: 13


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک سوا لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1500 سے تجاوز کرگئی تھی۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024