• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

فوجی قیادت کا بھارت کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اظہار

شائع June 17, 2020
اجلاس کے شرکا کو قومی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر
اجلاس کے شرکا کو قومی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، ترجمان پاک فوج — فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے بھارت کے مذموم عزائم ناکام بنانے، مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر بھارتی مظالم اور دہشت گرد تنظیموں کی کھلی حمایت کو بے نقاب کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی جس میں قومی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

کانفرنس میں ملک بھر میں تشدد کے واقعات میں کمی اور مغربی سرحد کے ساتھ افغان امن کوششوں کے بتدریج مثبت اثرات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور قومی اداروں کے ذریعے صورتحال معمول پر لانے کے عمل کی حمایت کا عزم ظاہر کیا گیا۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت کے جعلی آپریشن کے امکانات واضح ہیں، وزیراعظم

فورم نے بھارتی جارحیت کا نوٹس لیتے ہوئے اس کے مذموم عزائم ناکام بنانے، مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر بھارتی مظالم اور دہشت گرد تنظیموں کی کھلی حمایت کو بے نقاب کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

اجلاس میں کورونا وائرس، ٹڈی دل کے خطرے کے خلاف اور پولیو مہم میں فوج کی طرف سے حکومت کی جاری مدد اور حمایت اور دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس میں بہتری لانے کے طریقوں پر بھی غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: لانچ پیڈ سے متعلق بھارتی بیانات سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں، بابر افتخار

شرکا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے صرف ایک قوم کی سوچ کے ساتھ نمٹا جاسکتا ہے جس میں ہر فرد کو بنیادی طریقہ کار اور نظم و ضبط پر عمل پیرا ہو کر اس کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے بھارت کی سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے پاکستان کے خلاف من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹے الزامات میں تیزی آئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں میں بھی شدت آئی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے دراندازی کے بے بنیاد بھارتی الزامات کو مسترد کر دیا

حالیہ ماہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھی بھارت کی اشتعال انگیزی میں اضافہ ہوا ہے اور تقریباً بھارتی فوج ایل او سی کے اس طرف شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔

پاکستان، پڑوسی ملک کی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور جواب دے رہا ہے اور بےسروپا بیانات کو مسترد کرتے ہوئے اسے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور بھارت کے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیتا آیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024