• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستانی مسافروں میں کورونا کی تشخیص پر امارات نے خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا، ترجمان

شائع June 25, 2020
2 مرد ایک خاتون کے علاوہ تمام مریضوں کو  مختلف ہسپتالوں میں داخل کردیا گیا —تصویر: امارات فیس بک
2 مرد ایک خاتون کے علاوہ تمام مریضوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کردیا گیا —تصویر: امارات فیس بک

راولپنڈی: 22 جون کو امارات ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے ہانگ کانگ پہنچنے والے 30 پاکستانیوں کے کووِڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی فضائی کمپنی نے 3 جولائی تک پاکستان سے اپنے خدمات عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان 30 مسافروں میں شامل کچھ مرد و خواتین کو بخار، کھانسی اور گلے کی خرابی کی علامات ظاہر تھیں جبکہ دیگر میں کوئی علامت سامنے نہیں آئی۔

ہانگ کانگ کے محکمہ صحت کی ویب سائٹ کے مطابق 2 مرد اور ایک خاتون کے علاوہ تمام مریضوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کردیا گیا ہے۔

ویب سائٹ پر موجود ان پاکستانیوں کی ٹریول ہسٹری (سفری تاریخ) ظاہر کرتی ہے کہ یہ سب پاکستان میں ہی تھے اور انہوں نے 21 جون کو اماراتی پرواز کے ذریعے سفر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امارات ایئرلائنز نے پاکستانی مسافروں کیلئے خدمات عارضی طور پر معطل کردیں

اس حوالے سے ایئرلائن کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ ’ہماری پروازوں سے سفر کرنے والے مسافروں کے ہانگ کانگ میں کووِڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے اعلان کے پیشِ نظر امارات نے پاکستان سے اپنی سفری خدمات عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا‘۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم متعدد حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور پاکستان سے اپنی سروسز دوبارہ شروع کرنے سے قبل تمام فریقین کو مطمئن کرنے کے لیے نظر ثانی جبکہ ضرورت پڑنے پر اضافی اقدامات کریں گے۔

ایئرلائن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امارات کی اولین ترجیح اپنے عملے، صارفین اور لوگوں کا تحفظ ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایئرلائن نے صارف کے سفر میں زمین اور فضا میں ہر قدم پر اقدامات کا ایک جامع سلسلہ نافذ کر رکھا ہے تا کہ انفیکشن پھیلنے کے خطرے کو کم سے کم کیا جائے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ہم پاکستان میں اپنے صارفین کو خدمات فراہم کرنے کے وعدے پر قائم ہیں اور اپنی خدمات کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے محنت کررہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: امارات، اتحاد اور قطر ایئرلائنز کا پروازیں شروع کرنے کا اعلان

مذکورہ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دوران امارات شیڈول کے مطابق بیرونِ ملک پھنسے افراد کو پاکستان لانے والی پروازیں جاری رکھے گی اور پاکستان، یو اے ای اور عالمی نیٹ ورک کے درمیان اشیا کے نقل و حرکت اور تجارت کے لیے کارگو (سامان بردار) سروز فراہم کرے گی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہانک کانگ میں جن مسافروں میں کووِڈ 19 مثبت آنے کی تشخیص ہوئی ہے شاید انہوں نے ہانک کانگ کے لیے دبئی کا سفر کیا ہو تاہم امارات ایئرلائن صرف پاکستان کے تمام ایئر پورٹس سے مسافروں کی خدمات کو عارضی طور پر معطل کررہی ہے۔

امارات کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس نے صحت سے متعلق حالیہ پیش رفتوں کا جائزہ لیا جبکہ وہ صحت اور تحفظ کے لیے باقاعدگی سے اقدامات پر نظر ثانی اور انہیں بہتر بنا رہی ہے، جس کے مطابق اگر کسی مسافر کی دبئی سے کنیکٹنگ فلائٹ ہو تو اسے ایئرپورٹ پر فیس ماسک پہنے رکھنے کی ضرورت ہے اس کے علاوہ مسافر کو عوامی حصے میں داخلے سے قبل بخار کی نشاندہی کرنے والے اسکینر سے گزارا جائے گا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان کی حکومت نے 26 مارچ کو ہر قسم کی مقررہ اور غیر مقررہ ملکی پروازیں، چارٹرڈ اور نجی طیاروں کی مسافر پروازیں 2 اپریل تک کے لیے معطل کی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا فضائی آپریشن معطل، پائلٹس کا جہاز اڑانے سے انکار

بعد ازاں اس میں متعدد مرتبہ توسیع کی گئی اور سول ایویشن اتھارٹی کی ویب سائٹ کے مطابق اب بھی پاکستان سے بین الاقوامی پروازیں معطل ہیں تاہم حکومت بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو خصوصی طیاروں کے ذریعے پاکستان لانے کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔

اس کام کے لیے قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے خصوصی طیاروں سمیت متعدد غیر ملکی ایئرلائنز سے بھی خدمات حاصل کی گئیں۔

تاہم 20 جون سے حکومت نے پاکستان کی فضائی حدود کو 25 فیصد کھولتے ہوئے غیر ملکی ایئرلائنز کو معمول کے مطابق پروازیں چلانے کی اجازت دے دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024