فیس بک کا 3 ماہ سے پرانے مضامین شیئر کرنے پر صارف کو خبردار کرنے کا فیصلہ
ایسا ہم سب کے ساتھ ہوتا ہے، ہم کسی دوست یا رشتے دار کو کسی خبر کو فیس بک پر شیئر کرتے دیکھتے ہیں، مگر جب اس لنک کو کھولا جاتا ہے تو پتا چلتا ہے کہ وہ تو 3 سال پرانا ہے اور اس کا مواد بھی ایسا ہے جو پرانا ہوچکا ہوتا ہے۔
مگر جلد ایسا ہونے کا امکان بہت کم ہوجائے گا کیونکہ فیس بک نے رواں ہفتے ایسا فیچر متعارف کرایا ہے جو صارفین کو خبردار کرے گا کہ شیئر کیا گیا مضمون 90 دن سے زیادہ پرانا ہے۔
صارف کو یہ نوٹیفکیشن اس وقت نظر آئے گا جب وہ کسی پرانے مضمون پر شیئر بٹن کو کلک کرے گا۔
مگر یہ واضح نہیں کہ کیا یہ فیچر براہ راست لنک کو کاپی پیسٹ کرنے پر بھی کام کرے گا یا نہیں، ویسے بھی اکثر اوقات کچھ پرانے مضامین ایسے ہوتے ہیں جو ہر وقت اہم معلومات فراہم کرتے ہیں تو صارف ایسے مضامین کو وارننگ کے بعد بھی شیئر کرسکیں گے۔
فیس بک کے مطابق کی مضمون کے شائع ہونے کا وقت ایک اہم عنصر ہے جو لوگوں کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد دے گا کہ انہیں کیا پڑھنا چاہیے، کس پر اعتماد اور شیئر کرنا چاہیے۔
فیس بک کی جان سے دیگر اقسام کے انتباہی لیبلز پر بھی غور کیا جارہا ہے جیسے کووڈ 19 سے متعلقہ مضامین پر اضافی معلومات جس میں لنک کے ذرائع کا پس منظر اور قابل اعتبار طبی معلومات کے لیے فیس بک کے اپنے کووڈ 19 انفارمیشن سینٹر کا لنک شامل ہوگا۔
ٹوئٹر نے بھی حال ہی میں بھی ایسے ہی ایک فیچر کا خیال پیش کیا گیا تھا اور اب فیس بک میں بھی یہ اپ ڈیٹ کی جارہی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے غلط اطلاعات کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مختلف فیچرز پر مسلسل کام ہورہا ہے خصوصاً امریکی صدارتی انتخابات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔