• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

کانیے ویسٹ کا امریکی صدارتی انتخاب لڑنے کا اعلان

شائع July 5, 2020
کچھ لوگوں نے کانیے ویسٹ کے اعلان کو ٹرمپ اور ان کا گٹھ جوڑ بھی قرار دیا—فائل فوٹو: ٹوئٹر
کچھ لوگوں نے کانیے ویسٹ کے اعلان کو ٹرمپ اور ان کا گٹھ جوڑ بھی قرار دیا—فائل فوٹو: ٹوئٹر

معروف امریکی ریپر، گلوکار، انٹرپرینیور، پروڈیوسر اور دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 شخصیات میں شامل 43 سالہ کانیے ویسٹ نے رواں سال ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کردیا۔

ماضی میں بھی امریکا کی معروف شوبز و فیشن کی شخصیات صدارتی انتخابات کے لیے میدان میں اترتی رہی ہیں۔

جب کہ کانیے ویسٹ خود بھی متعدد بار یہ عندیہ دے چکے تھے کہ وہ 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ممکنہ طور پر میدان میں اتریں گے۔

تاہم انہوں نے رواں سال نومبر میں ہونے والے انتخابات سے محض 4 ماہ قبل انتخابی دنگل میں اترنے کا اعلان کرکے کئی لوگوں کو حیران کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کانیے ویسٹ نے اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعے صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا اور گلوکار کے اعلان پر ایلون ماسک جیسی معروف شخصیات نے انہیں ساتھ دینے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

کانیے ویسٹ نے 5 جولائی کی صبح کو اپنی ٹوئٹ میں امریکا کے یوم آزادی کے موقع پر صدارتی انتخابات لڑنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمیں خدا پر یقین کرتے ہوئے، اپنے وژن پر فوکس کرتے ہوئے بہتر امریکا کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کئی ماہ تک جنسی استحصال کیا جاتا رہا، امریکی صدارتی امیدوار کی اہلیہ

ساتھ ہی انہوں نے امریکی صدارتی انتخابات 2020 لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی جھنڈے اور وژن 2020 کے ہیش ٹیگ کا استعمال بھی کیا۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ انہوں نے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی بات مزاح کے طور پر کہی یا وہ واقعی اس بار اپنے پسندیدہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور حریف جوبائیڈن کے خلاف میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

امریکی صدارتی انتخابات 3 نومبر کو ہونے ہیں اور انتخابات میں آزاد امیدواروں کی متعدد ریاستوں میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 4 جولائی 2020 تھی، تاہم اب بھی کئی ریاستوں میں بطور آزاد امیدوار کے رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔

ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ کانیے ویسٹ نے کہیں کسی ریاست میں بطور آزاد صدارتی امیدوار کے رجسٹریشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے یا نہیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند روز میں واضح ہوجائے گا کہ ریپر مذاق کر رہے ہیں یا وہ واقعی صدارتی انتخابات لڑیں گے۔

امریکا کے 46 ویں صدر کے لیے کانٹے کا مقابلہ ریپبلک پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کے جوبائیڈن کے درمیان ہوگا۔

صدارتی انتخابات کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے علاوہ متعدد آزاد اور چھوٹی پارٹیوں کے امیدوار بھی میدان میں اتریں گے۔

مزید پڑھیں: کم کارڈیشین مغرب سے نکل کر مشرق آنے کی خواہاں

کانیے ویسٹ کی جانب سے صدارتی انتخابات لڑنے کے اعلان کے بعد ٹوئٹر پر وہ ٹاپ ٹرینڈ بھی رہے اور ان کی ٹوئٹ کو لاکھوں افراد نے ری ٹوئٹ کیا جب کہ لاکھوں افراد نے لائیک بھی کیا۔

کئی افراد نے لکھا کہ یعنی کہ اب کانیے ویسٹ کی بیوی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشن خاتون اول بنیں گی، کسی نے لکھا کہ کانیے ویسٹ کی جیت کے بعد کم کارڈیشین وائٹ ہاؤس میں ہی اپنے ٹی وی شو کی ریکارڈنگ کریں گی۔

کم کارڈیشن اور ان کے شوہر کانیے ویسٹ نہ صرف امریکا بلکہ یورپ سمیت دنیا بھر میں مقبول ہیں اور وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایتی نظر آتے ہیں، کیوں کہ وہ ان سے گزشتہ 4 سال میں کم از کم 2 بار ملاقات کر چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024