• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کورونا کا انکار کرنے والے برازیلی صدر کا ٹیسٹ مثبت آگیا

شائع July 8, 2020
بولسونارو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مثبت ٹیسٹ کی تصدیق کردی—اے ایف پی
بولسونارو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مثبت ٹیسٹ کی تصدیق کردی—اے ایف پی

کورونا وائرس کی شدت سے مہینوں تک انکار کرنے والے برازیل کے صدر جیئر بولسونارو کا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کی انہوں نے خود تصدیق کی۔

خبر ایجنسی 'اے پی' کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت برازیلیا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بولسونارو نے کووڈ-19 ٹیسٹ مثبت آنےکی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ 'میں ٹھیک ہوں، میں واک کرنا چاہتا تھا لیکن طبی حوالے سے تجاویز کے باعث ایسا نہیں کرسکتا'۔

مزید پڑھیں:کورونا وائرس: برازیل اموات کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آگیا

خیال رہے کہ برازیلی صدر کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرتے ہوئے اکثر عوام میں گھل مل جاتے تھے اور ہاتھ ملاتے تھے اور بغیر ماسک کے چلتے تھے۔

بولسونارو نے کہا کہ ماضی میں ایتھلیٹ رہا ہوں جو مجھے وائرس سے تحفظ دے گا اور یہ معمولی نزلے کے سوا کچھ نہیں ہوگا جو مجھے دوسروں سے لگا ہے۔

اس سے قبل وہ مسلسل کہتے رہے ہیں کہ 70 فیصد آبادی کو کووڈ-19 کا شکار ہونے سے بچانے کے لیے کوئی راستہ نہیں ہے اور مقامی حکام کی جانب سے معاشی سرگرمیوں کو معطل کرنے سے مزید مشکلات ہوں گی۔

بولسونارو نے گزشتہ روز برازیلیا میں اپنے حامیوں سے کہا تھا کہ ان کے پھیپھڑوں کا ایکسرے کیا گیا تھا جو صاف نکلا لیکن کووڈ-19 کا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔

اس سے قبل انہوں نے برازیل میں امریکی سفیر کے ساتھ امریکا کا یوم آزادی منایا تھا اور سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں سفیر کے ساتھ ساتھ کئی وزرا اور اتحادی ان کے ساتھ کھڑے تھے۔

ان میں سے کسی نے بھی ماسک نہیں پہنا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس ویکسینز کی تیاری میں اب تک کتنی پیشرفت ہوچکی ہے؟

امریکی سفارت خانے کی جانب سے ٹوئٹر پر وضاحت کی گئی ہے کہ سفیر ٹوڑ چیپمین کو کووڈ-19 کی کوئی علامات نہیں ہیں لیکن ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

بولسونارو نے اس سے قبل مارچ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جو منفی آیا تھا، تاہم ان کے وفد کے کئی اراکین کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

برازیل کے کئی شہروں اور قصبوں میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں کمی کو دیکھتے ہوئے گزشتہ ماہ ہی لاک ڈاؤن اور دیگر بندشوں میں نرمی شروع کردی گئی تھی۔

خیال رہے کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک برازیل کورونا وائرس سے بدترین متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔

برازیل میں اب تک 66 ہزار 93 افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں اور کیسز کی تعداد 16 لاکھ 43 ہزار 539 ہوگئی ہے۔

دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکا ہے جس کے بعد برازیل کا نمبر ہے جہاں اموات اور کیسز دونوں امریکا کے بعد سب سے زیادہ ہیں جبکہ کم ٹیسٹنگ کے باعث اس تعداد کو بھی کم تصور کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں کورونا کیسز 2 لاکھ 35 ہزار سے زائد، تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار صحتیاب

امریکا میں اب تک 30 لاکھ 69 ہزار 179 کیسز جبکہ ایک لاکھ 33 ہزار 536 اموات ہوچکی ہیں۔

تیسرے نمبر پر بھارت ہے جہاں 7 لاکھ 43 ہزار 480 شہری کورونا وائرس سےمتاثر ہوئے ہیں اور 20 ہزار 653 ہلاک ہوئے ہیں۔

روس میں 6 لاکھ 94 ہزار 230 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اموات کی تعداد 10 ہزار 494 ہے۔

دنیا میں اس وقت کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 18 لاکھ 54 ہزار 885 ہے۔

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 5 لاکھ 43 ہزار 674 افراد ہلاک ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024