• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

بھارت: 8 اہلکاروں کے قتل میں ملوث گینگسٹر وکاس دوبے پولیس حراست میں ہلاک

شائع July 10, 2020
وکاس دوبے کو گزشتہ روز مدھیا پردیش سے گرفتار کیا گیا تھا —فوٹو: اے پی
وکاس دوبے کو گزشتہ روز مدھیا پردیش سے گرفتار کیا گیا تھا —فوٹو: اے پی

بھارت میں درجنوں جرائم اور گزشتہ ہفتے قتل ہونے والے 8 پولیس اہلکاروں کے واقعے میں ملوث گینگسٹر وکاس دوبے مبینہ طور پر فرار ہونے کی کوشش میں پولیس حراست میں ہلاک ہوگیا۔

امریکی خبر رساں ادارے 'اے پی' کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسر موہت اگر وال نے کہا کہ بھارت کے شمالی شہر کانپور کے قریب ہائی وے پر ان کی گاڑی الٹنے کے بعد وکاس دوبے نے پولیس افسران سے پستول چھینی تھی اور فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔

پولیس افسر موہت اگر وال نے کہا کہ وکاس دوبے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔

خیال رہے کہ ایک ہفتے تک 3 ریاستوں میں چھاپے مارے جانے کے بعد وکاس دوبے کو گزشتہ روز مدھیا پردیش میں گرفتار کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارت: 60 مقدمات میں نامزد گینگسٹر وکاس دوبے گرفتار

بعدازاں پولیس کی سخت سیکیورٹی میں وکاس دوبے کو کانپور لے جایا جارہا تھا جہاں ان کی گرفتاری کی کوشش کے دوران 8 پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔

علاوہ ازیں یہ مانا جاتا ہے کہ وکاس دوبے کے پولیس اور سیاستدانوں دونوں سے تعلقات تھے، گزشتہ ہفتے گینگسٹر وکاس دوبے کے گھر پر چھاپے کی مبینہ اطلاع دینے کے الزام می 2 پولیس اہلکاروں کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما امرناتھ اگروال نے پولیس پر وکاس دوبے کے قتل کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ قتل منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ہے، یہ اس مقصد کے تحت کیا گیا کہ وکاس دوبے ان لوگوں کے نام نہ بتادے جنہوں نے اس کی سرپرستی کی تھی اور اسے تحفظ فراہم کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی پولیس نے طویل تلاش کے بعد وکاس دوبے کو اتر پردیش کے شہر مدھیا پردیش میں قائم ایک مندر سے گرفتار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: مذہبی فسادات میں ہلاکتوں کی تعداد 42 ہوگئی

جب وکاس دوبے کو مدھیا پردیش کے علاقے اوجین سے گرفتار کیا گیا اسی وقت اتر پردیش میں ان کے دو ساتھی 2 علیحدہ انکاؤنٹرز میں مارے گئے تھے۔

علاوہ ازیں وکاس دوبے کی گرفتاری سے ایک روز قبل ان کا قریبی ساتھی امن دوبے بھی مارا گیا تھا۔

گرفتاری پر وکاس دو بے نے ڈرامائی انداز میں کہا تھا کہ 'میں وکاس دوبے ہوں، کانپور والا'، جبکہ اس دوران پولیس اہلکاروں کو گینگسٹر کا گھیراؤ کیے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 3 جولائی کو کانپور کے علاقے چوبے پور میں واقع گاؤں میں وکاس دوبے کو گرفتار کرنے کے لیے جانے والی پولیس ٹیم کے 8 اہلکار قتل ہوگئے تھے۔

گزشتہ ہفتے وکاس دوبے کو مقامی پولیس کے چھاپا مارنے سے متعلق مبینہ طور پر خبردار کیا گیا تھا اور جب پولیس انہیں گرفتار کرنے پہنچی تو وکاس دوبے اور ان کے ساتھیوں نے چھت سے اے کے-47 سے فائرنگ کی تھی۔

مزید پڑھیں: بھارت: ’ گائے ذبح کرنے پر قتل کے واقعات میں پولیس ملوث ہوتی ہے’

جس کے بعد وہ فرار ہوگئے تھے، بڑے پیمانے پر وکاس دوبے کی تلاش کا آغاز کیا گیا تھا اور اس حوالے سے انعام کو 5 لاکھ روپے تک بڑھادیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ وکاس دوبے قتل، اغوا، بھتہ غوری اور فساد پھیلانے کے 60 مقدمات میں نامزد تھے جن میں سال 2001 میں پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی رہنما سنتوش شکلا کا قتل شامل ہے، اس حملے میں 2 پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ بھارتی ریاست اتر پردیش کی آبادی 23 کروڑ ہے جو بھارت کی انتہائی غریب ریاستوں میں سے ایک ہے۔

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق مسلح ڈکیتیوں، اغوا برائے تاوان اور خواتین کے خلاف جرائم کی زیادہ شرح کے باعث اسے سب سے زیادہ لاقانون ریاست بھی سمجھا جاتا ہے۔

 

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024