• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

امریکا کا چینی قونصل خانہ بند کرنے کا حکم، دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھ گئی

شائع July 22, 2020
چین اور امریکا کے درمیان مختلف امور پر ایک عرصے سے کشیدگی جاری ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
چین اور امریکا کے درمیان مختلف امور پر ایک عرصے سے کشیدگی جاری ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے اور امریکا نے دانشورانہ املاک اور معلومات کے تحفظ کے لیے چین کو ہیوسٹن میں موجود قونصلیٹ تین دن میں بند کرنے کا حکم دے دیا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق چین نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے اور ذرائع کے مطابق چین نے جوابی کارروائی کے طور پر ووہان میں امریکی سفارتخانے کی بندش پر غور شروع کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا کی چین کو ہانگ کانگ پر قانون سازی کے معاملے پر دھمکی

چین اور امریکا کے درمیان پہلے سے خراب تعلقات رواں سال کے آغاز میں کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد مزید شدت اختیار کر گئے تھے۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ہیوسٹن میں چینی قونصلیٹ کی بندش کی تصدیق کی جہاں اس سے قبل چین کی وزارت خارجہ نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں قونصلیٹ کی بندش کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی مورگن اورٹاگس نے اپنے بیان میں کہا کہ بندش کے احکامات امریکی دانشورانہ املاک اور نجی معلومات کے تحفظ کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جس طرح سے ہم نے پی آر سی کی غیرشفاف تجارتی پالیسیز، امریکی نوکریوں کی چوری اور دیگر متفرق رویوں کو برداشت نہیں کیا تھا، بالکل اسی طرح ہم اپنی خودمختاری اور عوام کو دی جانے والی دھمکیوں کے تناظر میں پبلک ریسورڈ کوڈ (پی آر سی) کی خلاف ورزی بھی برداشت نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایغور مسلمانوں کا معاملہ، امریکا نے چینی عہدیداروں پر پابندیاں عائد کردیں

دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں تجارت، ٹیکنالوجی، ہانگ کانگ میں لاگو نیشنل سیکیورٹی قانون اور جنوبی چین کے سمندر پر چین کے دعوے کے معاملے پر تنازعات سامنے آئے تھے۔

چین نے امریکا کے اس اقدام کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وینگ وین بن نے کہا کہ ہیوسٹن میں چینی قونصل خانے کی مختصر وقت میں بندش کا یکطرفہ فیصلہ چین کے خلاف ایک ایسی اشتعال انگیزی ہے جس کی حالیہ عرصے میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

مزید پڑھیں: چین اور امریکا کے درمیان کورونا وائرس کے حوالے سے لفظی جنگ میں تیزی

انہوں نے کہا کہ ہم امریکا پر زور دیتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اس غلط فیصلے کو واپس لے، اگر انہوں نے اس غلط راہ پر چلنے کا سلسلہ جاری رکھا تو چین ٹھوس اقدامات کے ساتھ اپنا ردعمل دے گا۔

وینگ وین بن نے کہا کہ امریکی حکومت، چینی سفارتکاروں اور قونصل خانے کے عملے کو ایک عرصے سے ہراساں کر رہی ہے جبکہ وہ چینی طلبہ کو دھمکاتے ہوئے ان سے تفتیش کر رہی ہے اور انہیں حراست میں لیے جانے کے ساتھ ساتھ ان کی ڈیوائسز بھی ضبط کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قونصل خانے میں معمول کے مطابق کام کیا جا رہا تھا لیکن انہوں نے منگل کی رات ہیوسٹن میں قونصلیٹ کے احاطے میں دستاویزات جلائے جانے کے حوالے سے سوالات کا جواب نہیں دیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہیوسٹن کے فائر ڈپارٹمنٹ کے سربراہ سیمیول پینا نے بتایا کہ چینی قونصل خانے کے احاطے میں موجود کنٹینر میں آگ لگی ہوئی تھی، یہ آگ ایک جگہ تک محدود نہیں تھی لیکن ہمیں وہاں تک رسائی کی اجازت نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا چین اور روس پر وائرس کی سازشوں میں ’ہم آہنگی‘ کا الزام

ہیوسٹن پولیس کے مطابق ہم وہاں موجود تھے اور صورتحال کو دیکھ رہے تھے، عملہ دستاویزات جلا رہا تھا کیونکہ انہیں جمعے کی دوپہر اس عمارت کو خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

منگل کو ہی امریکی محکمہ انصاف نے ایک دہائی پرانے سائبر جاسوسی کے الزام میں دو چینی افراد پر فرد جرم عائد کردی ہے جہاں ان دونوں افراد پر اسلحے کے ڈیزائن، منشیات کی معلومات، سافٹ ویئر کی سورس کوڈ اور ذاتی ڈیٹا چوری کرنے کا الزام تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024