• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

کراچی: سی ٹی ڈی کا لشکر جھنگوی کے 5 مبینہ دہشت گرد گرفتار کرنے کا دعویٰ

شائع July 22, 2020
سی ٹی ڈی نے کہا کہ پانچوں ملزمان منصوبہ بندی کررہے تھے—فائل/فوٹو:اے پی پی
سی ٹی ڈی نے کہا کہ پانچوں ملزمان منصوبہ بندی کررہے تھے—فائل/فوٹو:اے پی پی

کراچی پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دعویٰ کیا ہے کہ لشکر جھنگوی کی ٹارگٹ کلنگ کی 4 ٹیمیں متحرک ہوئی ہے جبکہ 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ خفیہ معلومات پر پرانا گولیمار پر کارروائی کی گئی اور 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت کاظم علی شاہ عرف شاہ جی، محمد ثاقب، عبدالرحمٰن عرف زبیر، عمیر عرف خلیل اور شہاب عرف چھوٹا کے نام سے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: تخریب کاری کی منصوبہ بندی کرنے والے '4 دہشت گرد' گرفتار

سی ٹی ڈی کے ٹارگٹ کلنگ ورکنگ گروپ کے انچارج علی رضا کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان لشکر جھنگوی حافظ قاسم رشید گروپ سے منسلک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 6 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ قید میں موجود اپنے رہنماؤں حافظ قاسم رشید اور وسیم عرف بارودی سے ہدایات لیتے تھے۔

سی ٹی ڈی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ 'قید رہنماؤں کے زیر سایہ کراچی میں 4 ٹیمیں فعال ہوئی ہیں، جن کو قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور مذہبی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے'۔

سیکیورٹی ادارے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ممکنہ اہداف کی فہرست حاصل کرلی گئی ہے اور انہوں نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وسیم عرف بارودی نے لشکر جھنگوی کے دیگر ارکان سے رابطے کرکے مزید ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

مزید پڑھیں:کراچی: سی ٹی ڈی کا 5 دہشت گرد گرفتار کرنے کا دعویٰ

علاوہ ازیں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ گرفتار ملزمان مستقبل میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عہدیداروں اور مذہبی شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ لشکر جھنگوی کے ارکان فون کے ذریعے آپس میں رابطے میں نہیں ہیں۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور 4 پستول برآمد ہوئے ہیں۔

آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر جمیل احمد نے مذکورہ پولیس پارٹی کو تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ کراچی پولیس نے رواں برس اپریل میں دعویٰ کیا تھا کہ شہر میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کرنے والے القاعدہ برصغیر کے مبینہ 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: رینجرز اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، 8 ’دہشت گرد‘ ہلاک

پولیس کے اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے ایس ایس پی عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ 'ایس آئی یو اور فیڈرل انٹیلی جنس ایجنسی نے گلستان جوہر میں مشترکہ کارروائی کی اور القاعدہ برصغیر نیٹ ورک کے 4 اراکین کو گرفتار کرلیا'۔

پولیس کے مطابق گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا جو شہر میں دہشت گردی میں استعمال کرنے کے لیے جمع کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024