• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ہراساں کیے جانے پر بھارتی اداکارہ کی خودکشی کی کوشش

شائع July 27, 2020
اداکارہ کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اب ان کی حالت بہتر ہے—فوٹو: انڈیا ٹوڈے
اداکارہ کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اب ان کی حالت بہتر ہے—فوٹو: انڈیا ٹوڈے

گزشتہ ماہ ہی بولی وڈ کے نوجوان اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے ذہنی پریشانی اور اہم شوبز شخصیات کی جانب سے مبینہ طور پر نظر انداز کیے جانے پر خودکشی کرلی تھی۔

سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی نے بولی وڈ اور بھارت کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور پولیس تاحال ان کی خودکشی کے معاملے کی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اگرچہ پوسٹ مارٹم اور اب تک کی رپورٹس سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی ہی کی تھی، تاہم پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ ایسے کیا اسباب تھے جن کی وجہ سے اداکار سنگین قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے۔

جہاں اب تک سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کا معاملہ سلجھ نہیں پایا تھا، وہیں ایک اور خبر نے بھارتی شوبز انڈسٹری میں ایک نئی بحث کو چھیڑ دیا۔

بھارتی اداکارہ وجیا لکشمی کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی وجہ سے خودکشی کی کوشش کرنے کی خبر نے سب کو افسردہ کردیا۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق تامل شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ وجیا لکشمی کی جانب سے اپنی زندگی کے خاتمے کی کوشش کی خبر نے سب کو پریشان کردیا اور لوگ اداکارہ کو ہراساں کرنے والی بااثر شخصیات کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مقبول تامل نوجوان اداکارہ نے خودکشی کی کوشش سے قبل اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر چند ویڈیوز شیئر کرکے سنگین قدم اٹھانے کی وضاحت کی اور بتایا کہ کس طرح ان کی زندگی مصیبت میں ڈال دی گئی۔

اداکارہ نے خودکشی سے قبل فیس بک پر ویڈیوز شیئر کیں—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے خودکشی سے قبل فیس بک پر ویڈیوز شیئر کیں—اسکرین شاٹ

رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے اپنی ایک ویڈیو میں تامل ناڈو کی مقامی سیاسی جماعتوں کے دو اہم رہنماؤں سیمان اور ہری نادر پر ہراساں کیے جانے کے الزامات عائد کیے۔

وجیا لکشمی نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ دونوں سیاسی رہنماؤں نے نہ صرف میڈیا میں ان کی تضحیک کی بلکہ وہ انہیں آن لائن ہراساں بھی کرتے رہے ہیں۔

اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ دونوں بااثر رہنماؤں کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی وجہ سے وہ شدید ذہنی اضطراب میں مبتلا ہوگئیں، جس کی وجہ سے اب وہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی

انڈیا ٹوڈے کے مطابق وجیا لکشمی نے ایک اور ویڈیو میں بتایا کہ انہوں نے بلڈ پریشر کم کرنے والی گولیاں کھائی ہیں، جس کے بعد اب ان کا بلڈ پریشر انتہائی کم ہوجائے گا، جس کے بعد ان کی موت واقع ہوجائے گی۔

ساتھ ہی اداکارہ نے ویڈیو میں حکومت، انتظامیہ اور عوام سے اپیل کی کہ انہیں ہراساں کرنے والے سیاسی رہنماؤں کے خلاف ایسی کارروائی کی جائے کہ ان کی خودکشی مثال بن جائے۔

اخبار کے مطابق اداکارہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد فوری طور پر انہیں گھر سے ہسپتال منتقل کیا گیا اور اب چنئی کے ایک نجی ہسپتال میں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔

تازہ رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم اب بھی وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور مزید ایک یا دو دن تک انہیں ہسپتال میں رکھے جانے کا امکان ہے۔

اداکارہ کی جانب سے خودکشی کرنے کی کوشش کے بعد تامل ناڈو میں سوشل میڈیا پر لوگ حکومت سے دونوں سیاسی رہنماؤں کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاہم تاحال ان کے خلاف کسی کارروائی کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

اداکارہ متعدد تامل ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں—فوٹو: فیس بک
اداکارہ متعدد تامل ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کر چکی ہیں—فوٹو: فیس بک

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024